QR CodeQR Code

بڑے بے آبرو ہو کر تیرے کوچے سے ہم نکلے

16 Dec 2019 09:46

افغانستان میں امن و امان کی بحالی و برقراری، جمہوریت کے نفاذ کے لیے آنے والا امریکہ طالبان سے اپنے فوجیوں کی سکیورٹی کی بھیک مانگ رہا ہے۔


اداریہ
افغانستان میں تقریباً دو عشروں کی غیر قانونی موجودگی کے بعد امریکہ سے یہ خبریں آ رہی ہیں کہ وہ افغانستان سے اپنے چار ہزار فوجی واپس بلا رہا ہے۔ بارہ سے تیرہ ہزار فوجیوں میں چار ہزار فوجیوں کی واپسی چاہے جن شرائط پر ہو، اسے امریکہ کی شکست ہی تسلیم کیا جائیگا۔ اٹھارہ انیس سال تک امریکہ نے افغانستان میں کیا کھویا اور کیا پایا، اس کا مفصل جواب تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہے۔ لیکن اہل فکر و نظر کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ نے اپنے حالیہ خفیہ اور ہنگامی دورہ افغانستان میں اپنے دھیمے لہجے میں صرف اتنا کہا کہ امریکہ نے افغانستان میں ایک کھرب ڈالر کے قریب سرمایہ خرچ کیا ہے اور اس کے باوجود امریکی صدر اعلانیہ اور سب کو بتا کر اس ملک کا دورہ نہیں کرسکتا۔

دو عشروں کی اس موجودگی کا اس سے برا نتیجہ اور کیا ہوگا کہ امریکہ اور نیٹو کی فوجی موجودگی کے باوجود امریکی صدر افغانستان کے ایوان صدر تک نہیں جا سکتے اور حملے نیز مخالفین کے ردعمل کے خوف سے بگرام کے امریکی فوجی اڈے سے ایک قدم باہر نہیں نکال سکتے۔ امریکہ کے لیے افغانستان ویت نام سے بھی بدتر ثابت ہوا۔ چند دن پہلے امریکی اخبارات نے افغانستان کے حوالے سے امریکہ کی سابق اور موجودہ حکومت کے حوالے سے جو دستاویزات شائع کیے ہیں، اُس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ امریکی عوام اور عالمی برادری کو دھوکہ دینے کے لیے امریکی حکام نے کس قدر غلط بیانیاں کیں اور اپنی جھوٹی کامیابیوں کا پروپیگنڈہ کیا، حالانکہ گذشتہ اٹھارہ برسوں میں ناکامیاں امریکہ کا مقدر رہیں۔

افغانستان میں امریکہ کی ناکامیوں کی ایک طویل فہرست ہے، لیکن امریکہ کے لیے اس سے بڑی ناکامی اور کیا ہوگی کہ طالبان اور اس جیسے دیگر جنگجوؤں کے خاتمے کے لیے آنے والی امریکی فوج اور امریکی انتظامیہ زلمے خلیل زاد کے ذریعے انجام پانے والے معاہدے میں طالبان سے یہ شق منظور کرانے کے لیے اُن سے ہاتھ جوڑ کر یہ کہہ رہی ہے کہ اس معاہدہ پر دستخط اور امریکی افواج میں کمی کے بعد وہ ہمارے فوجیوں پر حملے نہیں کرینگے۔ افغانستان میں امن و امان کی بحالی و برقراری، جمہوریت کے نفاذ کے لیے آنے والا امریکہ طالبان سے اپنے فوجیوں کی سکیورٹی کی بھیک مانگ رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 832978

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/832978/بڑے-بے-آبرو-ہو-کر-تیرے-کوچے-سے-ہم-نکلے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org