QR CodeQR Code

امریکہ کو جانا ہوگا

9 Jan 2020 10:12

عراقی پارلیمنٹ کا امریکی انخلا کے بارے فیصلہ، رہبر انقلاب اسلامی کی طرف سے امریکی افواج کے نکال باہر کیے جانے والے موقف اور سید حسن نصر اللہ اور عبدالمالک الحوثی کے حالیہ خطاب، اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ امریکہ کو خطے سے جانا ہوگا۔


اداریہ
شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد اسلامی مقاومت و اسقامت نے جو موقف اختیار کیا اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے گذشتہ روز کے خطاب میں جو اشارے دیئے ہیں، اُس سے واضح ہو رہا ہے کہ اسلامی استقامت اور مزاحمتی بلاک امریکہ کی فوجی موجودگی کو زیادہ دیر برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ خطے میں موجود امریکہ کے فوجی اڈے اور ان اڈوں پر موجود امریکی فوجیوں کی تعداد علاقائی ممالک اور عوام کے لیے ایک ایسے بوجھ اور کانٹے میں تبدیل ہوگئی ہے، جس کو زیادہ عرصے تک برداشت کرنا ناممکن نظر آرہا ہے۔ اسی طرح خطے کے بڑے ممالک چین و روس عرصے سے موقع کی تلاش میں ہیں کہ امریکہ کے اثر و رسوخ کو ختم کرنے کا انہیں کوئی موقع ملے۔

مزاحمتی بلاک کے ممالک بالخصوص ایران، عراق، شام اور یمن، امریکہ سے حالتِ جنگ میں ہیں۔ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات کے ڈکٹیٹر حکمران امریکہ کو اپنی بقا کا ضامن سمجھتے ہیں، لیکن عوام امریکی موجودگی پر سخت نالاں ہیں۔ فلسطین کے مجاہدین، امریکہ کو اسرائیل کا سب سے بڑا حامی تصور کرتے ہیں، لہٰذا وہ خطے میں امریکہ کو ایک لمحے کے لیے برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ اسلامی ممالک نے ملایشیاء کے وزیراعظم مہاتیر محمد، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ذریعے ایک نیا بلاک بنانے کی کوشش کی ہے اور اس بلاک کے امریکی مخالف ہونے میں کوئی دوسری رائے نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ نے سعودی عرب کے ذریعے پاکستان کو اس کا حصہ نہیں بننے دیا۔

تازہ ترین خبروں کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد سامنے آنے والے سنیاریو کے تناظر میں کہا ہے کہ علاقے میں طاقت کی نئی صف بندی ہو رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ طاقت کا توازن ایران اور عراق کے حق میں جا رہا ہے۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے اس حملے کی تشریح نہیں بیان کی، لیکن سفارتی زبان سمجھنے والے کہتے ہیں کہ عراقی پارلیمنٹ کا امریکی انخلا کے بارے فیصلہ، رہبر انقلاب اسلامی کی طرف سے امریکی افواج کے نکال باہر کیے جانے والے موقف اور سید حسن نصر اللہ اور عبدالمالک الحوثی کے حالیہ خطاب، اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ امریکہ کو خطے سے جانا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 837480

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/837480/امریکہ-کو-جانا-ہوگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org