0
Friday 17 Jan 2020 04:58

ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے اجلاس کا احوال

ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے اجلاس کا احوال
رپورٹ: ایم ایس نقوی

ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کا اجلاس صوبائی صدر میاں آصف محمود اخوانی کی زیرصدارت ''دارالسلام'' دفتر جماعت اسلامی میں منعقد ہوا، اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے جنرل سیکرٹری اور جمعیت علمائے پاکستان(نورانی) کے مرکزی رہنما محمد ایوب مغل، خطبات کمیشن کے سربراہ اور جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر ہاشمی، مرکزی نائب صدر اور ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، تحریک جوانان پاکستان کے رہنما بلال قریشی، اسلامی تحریک کے ترجمان بشارت عباس قریشی، پاکستان عزاداری کونسل کے سربراہ علامہ سید مجاہد عباس گردیزی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما قاری محمد انس، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا ابوبکر عثمان اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہدائے بغداد جنرل قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس، اُن کے رفقاء اور کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹاون مسجد بم دھاکے میں ہونے والے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نوجوانان پاکستان کے رہنما بلال قریشی کا کہنا تھا کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی ایک شہید ہے، میں ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور پوری ایرانی قوم کو ان کی شہادت پر تعزیت پیش کرتا ہوں، جس طرح ایرانی فوج نے اپنے جنرل کا بدلہ لیا ہے، یہ تاریخ کا حصہ بن گیا ہے، آج تک کوئی سپر پاور کے سامنے سر اُٹھا کر بات نہیں کرسکتا تھا، لیکن ایرانی قوم نے اپنے جنرل کی تدفین سے پہلے بدلہ لے لیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عزاداری کونسل کے چیئرمین اور ادارہ البصیرہ کے نمائندے علامہ سید مجاہد عباس گردیزی نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دہشتگردوں کی جانب سے مسجد کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، چار امریکی صدور نے دنیا بھر میں لاکھوں مسلمانوں کو شہید اور بے گھر کیا، لیکن دہشت گردی کا سہرا بھی مسلمانوں کے سر سجایا گیا، حالانکہ امریکہ خود دہشت گرد ہے۔

امام خمینی رضوان اللہ علیہ نے فرمایا تھا کہ امریکہ شیطان بزرگ ہے، اسی طرح امام موسیٰ صدر نے بھی فرمایا تھا کہ امریکہ شرمطلق ہے اور ایک مقام پر کہا گیا کہ امریکہ ایک ایسے کتے کی مانند ہے، جس سے ڈریں گے تو وہ کاٹے گا اور اگر اُس کا مقابلہ کریں گے تو وہ بھاگ کھڑا ہوگا، ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر ہونے والے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہیں، اس وقت اُمت مسلمہ متحد ہے، دوسری جانب عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے بیان نے تمام سازشوں اور پروپیگنڈے کا دم توڑ دیا ہے، عراقی وزیراعظم نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی میری دعوت پر عراق آرہے تھے، جنوبی پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں تنظیم سازی کے مرحلے کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہم کوئٹہ کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایک مرتبہ پھر ملک میں دہشتگردی سر اُٹھا رہی ہے، پوری توجہ کے ساتھ سوچنے کی ضرورت ہے، امریکہ ایک مرتبہ پھر خطے میں دہشتگردی کر رہا ہے، قرآن کا فیصلہ ہے کہ یہود و نصاریٰ کبھی بھی تمہارے دوست نہیں ہوسکتے، میں سمجھتا ہوں کہ ایران پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے، ایک اسلامی ملک کے جنرل کو شہید کرنا عالم اسلام پر حملے کے مترادف ہے، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا تھا کہ شیعہ اور سنی کو ہاتھ کھولنے اور باندھنے پر لڑایا جا رہا ہے اور دوسری جانب امریکہ ان دونوں کے ہاتھ کاٹنے پر تلا ہوا ہے، پاکستان سمیت تمام عالم اسلام اور اُمت مسلمہ کو امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف متحد ہو جانا چاہیئے، اسی میں پاکستان، عالم اسلام اور اُمت مسلمہ کی بھلائی اور بقاء ہے۔

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما قاری محمد انس کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان میں ایک بار پھر فرقہ واریت پھیلائی جا رہی ہے، اس کا ذمہ دار امریکہ ہے، جو مختلف حیلوں اور بہانوں کے ساتھ اسلام اور مسلمانوں کو کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے، ایک طرف تو وہ تیل پر قبضہ کر رہا ہے اور دوسرا وہ مسلمانوں کو اسلحہ بیچ رہا ہے۔ جماعت اہلحدیث کے رہنما محمد سلمان انصاری کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بیرونی طاقتیں ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، پاکستان اس وقت امن کا گہوارہ بن سکتا ہے، جب یہاں سے امریکی مفادات اور مداخلت ختم ہو جائے گی۔ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ دونوں سانحات تکلیف دہ ہیں، بلوچستان کے حالات ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خراب کیے جا رہے ہیں، ہم پاکستانی ہیں اور ہمیں اس وطن عزیز کی سالمیت عزیز ہے، شہید قاسم سلیمانی شہادت کے بعد زیادہ خطرناک ہوگئے ہیں، تمام مسلمانوں اور درد دل رکھنے والے ممالک نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے، ہمیں پاکستان اور اسلام کے لیے اپنی کوشش جاری رکھنی چاہیئے اور ملی یکجہتی کونسل جیسے ادارے کو مضبوط کرنا چاہیئے، تاکہ مزید اس سے اچھا کام لیا جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے جنرل سیکرٹری اور جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما ایوب مغل کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں بزدلانہ کارروائی کی گئی، جو حکومت اور سکیورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، امریکی دہشتگردی مسلمان حکمرانوں کی بے حسی کا نتیجہ ہے، اکثر مسلمان حکمران امریکہ کی غلامی کر رہے ہیں، یہ حکمرانوں کی بے حسی ہے، جو کہ قابل مذمت ہے۔ امریکی حملے کے بعد امت مسلمہ کا ردعمل ہے، ہم اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمران بے حسی کو چھوڑیں اور مشترکہ مفادات کو سامنے رکھیں اور آواز حق بلند کریں۔ بار بار مصالحتی کردار کی پیشکش کی بجائے پاکستانی حکومت کو امریکہ کی دہشت گردی کی مذمت کرنی چاہیئے۔ دیگر صوبوں کی طرح ملی یکجہتی کونسل کو جنوبی پنجاب میں بھی فعال کیا جائے۔

ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے سربراہ میاں آصف محمود اخوانی کا کہنا تھا کہ ملی یکجہتی کونسل کا مقصد تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی قائم رکھنا ہے، دشمن کی سازش ہے کہ خطے میں شیعہ سنی کی لڑائی ہو، عربی عجمی کی لڑائی ہو، دنیا کے تمام ممالک نے قاسم سلیمانی کو شہید کہا ہے اور امریکہ کی مذمت کی ہے، ہم بھی شہید قاسم سلیمانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنرل سلیمانی بغداد میں سعودی عرب کے لیے پیغام لائے تھے، اس لیے امریکہ نے نشانہ بنا دیا، مسلمانوں کو شہید کرنا عالمی سازش ہے، جو کہ یہود و نصاریٰ کی کوشش ہے۔ عالمی میڈیا اور عراق کے وزیراعظم کا موقف بھی یہی ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی حکومتی مہمان تھے، جسے امریکہ نے شہید کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جو اسی سازش کی ایک کڑی ہے، ملک میں تاثر دیا جا رہا ہے، یہ کسی شیعہ نے کیا ہے، لیکن الحمداللہ ایسا نہیں ہوا۔ عالم اسلام کو دشمن نے میدان جنگ بنا رکھا ہے، سارا اسلحہ بیچا جا رہا ہے، ایران، افغانستان، عراق، شام اور یمن میں لڑائی کی جا رہی ہے۔ دشمن ہم سب کا ایک ہے، جو ہمیں متحد نہیں ہونے دیتا، کیونکہ اگر ہم متحد ہوگئے تو دشمن کی موت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 838949
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش