QR CodeQR Code

اے نازک لڑکی

17 Jan 2020 16:55

اسلام ٹائمز: تم جیسی بھی ہو خدا کا ایک کرشمہ ہو۔ لوگ جو بھی کہیں تمہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ تم کیا ہو اور تمہیں لوگوں کی خاطر خود پر ظلم کرنے کی ضرورت نہیں۔ تمہیں ضرورت نہیں کہ تم خود کو گورا چٹھا لمبا پتلا کرو، جو کہ تم نہیں۔ تم کسی انسان کیلئے اپنی صورت کیسے بدل سکتی ہو، جسے رب نے بنانا۔ جو شخص تم سے ایک انسان ہونے کے ناتے محبت نہیں کرسکتا، اس کیلئے تم حور پری بھی بن جاو تو وہ ایسا ہی رہیگا۔ تمہیں چاہیئے کہ تم خود بھی دوسروں کیلئے ایسی باتیں نہ کہو، جو نامناسب ہیں اور تم پسند نہیں کرتی کہ کوئی تم سے ایسے کہے اور جو تمہارے گرد ایسا کرے، تم اسے ٹوک دو۔


تحریر: اسماء طارق، گجرات

ہاں وہ ایک عام سی لڑکی ہے، چھوٹی چھوٹی عام خواہشیں رکھنے والی، عام سے خواب بننے والی اور ان کے نہ پورا ہونے پر سرہانے میں منہ دے کر رونے والی۔ چھوٹی سی تکلیف پر آسمان سر پر اٹھانے والی عام سی لڑکی اور بڑی سے بڑی بات بھی ہنس کر ٹالنے والی عام سی لڑکی۔ ایک عام سی لڑکی جو خواب دیکھتی ہے مگر ڈرتی ہے ان کے ٹوٹنے سے۔ ایک عام سی لڑکی جو سہم جاتی ہے، اونچی آوازوں سے، بڑے چہروں سے۔ ہاں ایک عام سی لڑکی، مگر یہی عام سی لڑکی جب ہمت باندھ لے تو یزید کو بھی ہرا دے۔ گر کردار کی پیکر بنے تو بادشاہ کو بھی مرید بنا لے۔ گر محبت کی دیوی بنے تو صحرا میں بھی گلستان بنا لے اور گر یہی عام سی لڑکی انتقام پر آئے تو شہر کے شہر تباہ کر دے۔۔۔

اس وقت پاکستان کے بھی بڑے بڑے ناموں کو ایک عام سی لڑکی نے نکیل ڈالی ہوئی ہے۔ حریم شاہ سے کون واقف نہیں، اتنے مشہور تو سپر اسٹار نہیں رہے، جنہوں نے سالوں تپسیا کی ہے، مگر کہیں یہ سب مشہوری کے لیے ہی تو نہیں ہے، ایک ڈرامہ۔ مگر افسوس اس بات کا ہے کہ ہم کن لوگوں کو اپنا نگہبان بنا بیٹھے ہیں، جنہیں خود اپنا پتہ نہیں، جو اپنی حفاظت سے عاجز ہیں۔ سیاست اب ایک مذاق بن چکی ہے، جس سے محظوظ ہونے کے لیے شام سات بجے سے ٹی وی چینل کھول کر بیٹھ جائیں اور مذاق سے بھرپور چٹکلے انجوائے کیجئے، جو سیاسی جماعتوں کے نمائندے وہاں آکر سناتے ہیں۔ جن لوگوں نے آپ کی نمائندگی کرنی ہے، جب آپ کو انہیں دیکھ کر ہی شرم آتی ہو تو وہاں افسوس کا مقام اور کیا رہ جاتا ہے۔

خیر کہاں سے کہاں ہم نکل آئے، مدعا تو یہ تھا کہ آج کچھ پیغام تھا نازک لڑکیوں کے لیے۔ ویسے تو میرا ماننا یہ ہے کہ لڑکیوں کو اتنا نازک نہیں ہونا چاہیئے کہ ذرا ذرا سی بات پر رو پڑیں اور اسے دل سے ہی لگا لیں۔ یہ دنیا اتنی اچھی نہیں جتنی اچھی ہمارے ماں باپ نے ہمیں دکھائی ہوتی ہے۔ یہاں باہر نکلو تو تمہیں ہر طرح کے لوگ ملیں گے، اچھے برے، مگر یاد رکھنا تمہیں پتہ ہونا چاہیئے کہ تم کون ہو اور تمہاری روایات کیا ہیں۔ لوگوں کے جھنڈ میں خود کو بھولنے مت دینا کہ تمہاری حقیقت کیا ہے اور اگر کبھی بھولنے لگو جیسا کہ انسان اکثر بھول جاتا ہے، وہ بھلکڑ جو ہوا مگر تمہیں چاہیئے کہ تم وقت بوقت خود کو یاد دلاتی رہو۔ یہ دنیا بڑے رنگین منظر دکھاتی ہے، مگر جو پیر بڑھا کر دیکھنے بڑھو تو معلوم پڑتا ہے کہ وہ ایک خوبصورت دھوکے کے سوا کچھ نہیں۔

اے نازک لڑکی! تمہیں اس کی بالکل ضرورت نہیں کہ تم دنیا کو یہ دکھاتی پھرو کہ تم کتنی ذہین ہو، اپنی صلاحیتیں اپنے لیے استعمال کرو اور وہاں کرو جہاں تمہیں اس سے کچھ حاصل بھی ہو۔۔۔ ہر ایک کے سامنے خود کو یہ منوانا بالکل ضروری نہیں کہ تم کتنی قابل ہو۔ تم لڑکی ہو اور تمہیں اپنا وقار برقرار رکھنا آنا چاہیئے، جہاں تمہیں یہ  سیکھنا ضروری ہے کہ کیسے کسی کی بات سننی ہے، وہیں تمہیں یہ بھی پتہ ہونا چاہیئے کہ غیر مناسب بات کو کیسے نہیں سننا اور اسے روکنا کیسے ہے۔ جہاں تمہیں لوگوں سے بات کرنا آنا ضروری ہے، وہیں نامناسب منہ بند بھی کرنا ضروری ہیں۔ لڑکیوں کو اتنا سیدھا بھی نہیں ہونا چاہیئے کہ اپنی رائے ہی نہ رکھیں اور اس کا اظہار نہ کر پائیں۔ جو بات تم سے جڑی ہے، تمہیں حق ہے کہ تم اس پر بات کرو اور اسے ڈسکس کرو۔

لڑکیوں کو کسی پر بھی آنکھ بند کرکے بھروسہ نہیں کرنا چاہیئے، چاہے کوئی کتنا ہی سچا بن جائے، اپنی تیسری آنکھ اسے ہر وقت کھلی رکھنی چاہیئے اور اسے اس کے متعلق کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں، بس ضرورت پڑنے پر چپ چاپ اسے استعمال کر لو۔ لڑکیوں کو اتنا نازک نہیں ہونا چاہیئے کہ ہر کسی کی بات دل پر ہی لے لیں۔ اپنے دماغ کو یہ سمجھاو کہ فلاں بات صرف سننی ہے اور اس پر غور کرنے کی ضرورت نہیں۔۔ اسے صرف نظر انداز کرنا ہے، فلاں بات کا جواب دینا ہے اور اس پر توجہ دینی ہے. تم جیسی بھی ہو، لمبی، پتلی، موٹی، چھوٹی۔۔۔ تم خوبصورت ہو اور تمہارے جیسا کوئی نہیں، مگر یہ بھی یاد رکھو کہ دوسری لڑکیاں بھی اتنی ہی خوبصورت ہیں اور تمہارا اور ان کا کوئی مقابلہ نہیں۔

تم جیسی بھی ہو خدا کا ایک کرشمہ ہو۔ لوگ جو بھی کہیں تمہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ تم کیا ہو اور تمہیں لوگوں کی خاطر خود پر ظلم کرنے کی ضرورت نہیں۔ تمہیں ضرورت نہیں کہ تم خود کو گورا چٹھا لمبا پتلا کرو، جو تم نہیں۔ تم کسی انسان کے لیے اپنی صورت کیسے بدل سکتی ہو، جسے رب نے بنانا۔ جو شخص تم سے ایک انسان ہونے کے ناتے محبت نہیں کرسکتا، اس کے لیے تم حور پری بھی بن جاو تو وہ ایسا ہی رہے گا۔ تمہیں چاہیئے کہ تم خود بھی دوسروں کے لیے ایسی باتیں نہ کہو، جو نامناسب ہیں اور پسند نہیں کرتی کہ کوئی تم سے ایسے کہے اور جو تمہارے گرد ایسا کرے، تم اسے ٹوک دو۔ تمہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ یہ مناسب نہیں کہ ہم لوگوں کے نام بگاڑیں یا انہیں ایسے الفاظ سے پکاریں، جو فقط مذاق ہیں اور ان کا دل دکھائیں۔ لوگ آپ کو دکھائیں یا نہ مگر انہیں برا لگتا ہے، جب ہم کسی کو کوجی موجی، سوجی وغیرہ کہہ کر بلاتے ہیں۔

تمہیں چاہیئے کہ تم دوسری لڑکیوں کو اگر وہ حق پر ہیں تو سپورٹ کرو اور ان کی کردار کشی کرنے سے دور رہو اور نہ ہی کسی کو کرنے دو۔ تمہیں یہ جان کر شاید دکھ ہو کہ لڑکیاں ہی لڑکیوں کی زیادہ برائیاں کرتی ہیں اور انہیں ناپسند کرتی ہیں، مگر اسے اب ختم ہونا چاہیئے، یہ کوئی اچھی بات نہیں اور ویسے بھی کردار جانچنے کا آلہ ہمیں نہیں دیا گیا، یہ ہمارے اختیار میں نہیں، یہ خدا کا کام ہے اور اسی کے لیے چھوڑ دیں۔ اے نازک لڑکی تمہیں خود پر بھروسہ رکھنا چاہیئے، تمہیں خدا نے عقل و دانش سے بھرپور بنایا ہے اور تمہیں اپنی اس عقل پر بھروسہ رکھنا اور اسے استعمال کرنا چاہیئے۔ لوگ جو مرضی کہیں کہ تمہیں عقل نہیں، فلاں فلاں۔۔۔ تمہیں بس معلوم ہونا چاہیئے کہ تم عقل مند ہو، اپنی ذہانت سے بہت کچھ کرسکتی ہو اور دوسروں کو بھروسہ دو۔ کسی کا بھروسہ زندگی میں بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ زندگی میں ایسے لوگ ہونے چاہئیں جو آپ پر بھروسہ کرتے ہو اور آپ کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہوں۔ ایسے لوگوں کی قدر کریں اور انہیں کھونے نہ دیں. خوش رہو اور خوش رکھو۔


خبر کا کوڈ: 839045

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/839045/اے-نازک-لڑکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org