0
Tuesday 28 Jan 2020 09:05

کرونا وائرس اور سنچری ڈیل

کرونا وائرس اور سنچری ڈیل
اداریہ
چین میں کرونا وائرس نے چین سمیت دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق میڈیکل کی دنیا میں سامنے آنے والے ہر وائرس کے پیچھے انسانوں کی بالواسطہ اور بلاواسطہ غلطیاں ہیں، جو نیچر اور خدا کے خلق کردہ فطری قوانین میں دست اندازی کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہیں۔ انسان کے انسان سے غیر فطری رابطوں سے لیکر ماحولیات میں انجام پانے والے متعدد اقدامات اس طرح کے سانحات کا باعث بن رہے ہیں۔ خداواند عالم خالق و رازق ہے، اس کے تکوینی امور میں بے جا مداخلت ماضی میں بھی مختلف سانحات کا باعث بنتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ اس وقت عالمی سطح پر کرونا وائرس کا شور شرابہ عروج پر ہے اور ابھی تک چین میں اسی سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں، لیکن انسان بعض اوقات صرف نمایاں نظر آنے والی اشیاء اور واقعات پر نگاہ رکھتا ہے اور اس سے بڑے بڑے سانحے اس کی آنکھوں سے پوشیدہ ہونے کی وجہ سے اس کی توجہ کا مرکز نہیں بن پاتے۔

آج کے دن امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ ایک ایسی ڈیل کی رونمائی کرنے والے ہیں، جس کے نتیجے میں فلسطین کے اندر موجودہ صدی کا سب سے بڑا ظلم متوقع ہے۔ کرونا وائرس بھی خطرناک ہے اور اس سے انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ، لیکن فلسطین اور اہل فلسطین کی تاریخ، جغرافیہ اور مستقبل کے بارے میں جو وائرس ڈونالڈ ٹرامپ کی طرف سے سنچری ڈیل کی صورت میں آج منگل کو سامنے لایا جا رہا ہے، وہ امت مسلمہ کے لیے بالعموم اور اہل فلسطین کے لئے بالخصوص ایسی جان لیوا بیماری کا باعث بن جائیگا، جس کی کوئی ویکسین بھی تیار نہیں ہوئی ہے۔ ڈونالڈ ٹرامپ بڑی ڈھٹائی سے نتن یاہو اور ان کے رقیب بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے سربراہ کی موجودگی میں ’’سنچری ڈیل‘‘ منصوبے کی رونمائی کریں گے۔ افسوس تو اس بات کا بھی ہے کہ اس تقریب میں عرب ممالک کے نمائندگان کو بھی ٹرامپ کی طرف سے خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

ٹرامپ یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ یہ منصوبہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے حیرت انگیز اور خوش آئند ہوگا۔ لیکن امریکہ کی تاریخ بتاتی ہے کہ 1948ء سے لیکر آج تک کسی عالمی ادارے اور امریکہ نے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا، جو فلسطینیوں کے حق یا مفاد میں ہو۔ اگر اقوام متحدہ میں کوئی لولی لنگڑی قرارداد فلسطینیوں کے حق میں منظور بھی ہوئی ہے تو اس پر عمل درآمد نہ ہوا۔ سنچری ڈیل کا وائرس اگر بروقت کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ پورے مشرق وسطیٰ میں پھیل جائیگا۔ لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ جس طرح کرونا وائرس کیخلاف حفاظتی اقدامات ہنگامی بنیادوں پر شروع ہیں، سنچری ڈیل کے خلاف بھی تیاریاں کرنی چاہیئں۔
خبر کا کوڈ : 841122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش