QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر و فلسطین, تصادم کے محرکات

11 Feb 2020 11:54

اسلام ٹائمز: آنیوالے دنوں میں یہ منظر دیکھنے والا ہوگا، اسرائیل کو ایک نئی قسم کی گوریلا جنگ کا سامنا ہوگا، جسکے خلاف اسکے پاس کوئی دفاعی صلاحیت نہیں ہے۔ یہ خطرہ 2006ء کی حزب اللہ اسرائیل جنگ جیسا ہوگا، جس میں اسرائیل کو شکست اٹھانا پڑی تھی۔ 2015ء کے دوران افغانستان میں لڑی جانیوالی قندوز کی جنگ بھی اسکی ایک مثال ہے۔ آسان الفاظ میں: ’’اسرائیل کیخلاف یہ گوریا جنگ پہلے مرحلے میں متعدد اطراف سے فری فلائٹ راکٹوں، میزائلوں اور ڈرونز سے شروع ہوگی، جو اسکے آئرن ڈوم دفاعی نظام اور عوامی حوصلے کو تباہ کر دیگی۔ اسکے بعد دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑیاں مختلف مقامات پر حفاظتی حصاروں کو توڑتے ہوئی ہزاروں کی تعداد میں خودکش بمباروں کو اسرائیل کے اندر گھسنے کی راہ ہموار کرینگی، جس سے دشمن کے دل و دماغ دہلا دینگے۔‘‘


تحریر: جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ

امریکہ کے تذویراتی دفاعی شراکت داروں نے اقوام متحدہ کی سات دہائیاں قبل پاس کردہ قراردادوں کو روندتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر یک طرفہ حل مسلط کر دیا ہے، جس کے دنیا پر مہلک اثرات مرتب ہوں گے۔ درحقیقت دو مختلف علاقوں میں تصادم کی مختلف نوعیت کی وجہ سے مستقبل میں پورے خطے خطرات سے دوچار ہوچکے ہیں کشمیر کی تحریک آزادی کے اندرونی محرکات خاصے مضبوط ہیں، جن کی وجہ سے آج یہ مسئلہ ابلتے ہوئے لاوے کی شکل اختیار کر چکا ہے اور اسے طاقت کے ذریعے دبانا ناممکن ہے۔ اب تک تو یہ تحریک پرامن ہے، لیکن اگر کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو جلد ہی پرتشدد راہ اختیار کر لے گی۔ کشمیریوں کے اندر سے جہادی گروپ ابھریں گے، جو دنیا بھر سے آنے والے جہادیوں کے ساتھ مل کر ایسی ہی صورت حال پیدا کر دیں گے، جیسی کہ افغانستان پر روس اور امریکہ کے قبضے کے دوران پیدا ہوئی تھی۔ مودی کی جانب سے کشمیر کو ضم کرنے کے اقدامات کسی صورت واپس نہیں لیے جائیں گے، جس سے تصادم مزید خون خرابے کا سبب بنے گا۔ خالصتان کی تحریک سے مقبوضہ کشمیر میں متعین آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کے لئے مزید دکھ اور مسائل پیدا ہوں گے۔ البتہ پاکستان کی ’’دوسروں کی جنگ میں شامل نہ ہونے‘‘ کی پالیسی کا بھی امتحان ہوگا۔

فلسطین کی تحریک کے اندرونی محرکات کمزور ہیں، کیونکہ ان کی قیادت منقسم ہے، لہذا فلسطینیوں کو یہی سوچ کر اپنی قسمت پر سمجھوتہ کرنا ہوگا کہ’’ثابت قدم رہتے ہوئے مزاحمت جاری رکھنے سے ہی اسرائیل کے لئے چیلنجز پیدا کئے جاسکتے ہیں۔‘‘ کیونکہ ’’اگر انہیں مزید کچھ ملنے کی امید نہیں تو اسی پر اکتفا کرنا ہوگا، جو ان کے پاس پہلے سے موجود ہے۔‘‘ اس طرح منقسم قیادت اور پھر آدھی عرب دنیا امن منصوبے کو قبول کرچکی ہے، جس سے ٹرمپ کو اپنی مرضی کا حل مسلط کرنے کی جرات ہوئی ہے، جیسا کہ فلسطینیوں کی نہ کوئی آواز ہے اور نہ کوئی حق، بس انہیں قیدیوں کے کیمپ میں ڈال دیا گیا ہے۔ دنیا نہ تو ان کے بیانیے کو سن رہی ہے اور نہ ہی حقائق کو دیکھتی ہے۔ ٹرمپ کے ’’نظریہ امن نے فلسطینیوں کو نہ صرف مذاکراتی عمل میں شمولیت کے حق سے محروم کیا ہے بلکہ انہیں اپنی سرزمین، آزادی اور قومی وقار سے بھی محروم کر دیا ہے۔‘‘ اس منصوبے نے مشرقی یروشلم پر اسرائیلی قبضے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کی تمام شرائط کو چار سال کے عرصے کے اندر اندر قبول کیا جانا لازم ہے، ورنہ اسرائیل مزید علاقوں پر قبضہ کر لے گا۔

یہ امن منصوبہ اسرائیل میں بیٹھ کر ٹرمپ کے داماد اور امریکی سفیر ڈیوڈ فرائڈمین نے تیار کیا ہے۔ منصوبے کا ہر پہلو مزاحیہ انداز کا حامل ہے، جسے امریکی صدر نے انتہائی عجلت میں جوں کا توں قبول کیا ہے۔ فلسطینی کس کے خلاف احتجاج کریں، وہ تو اسی کشمکش میں ہیں کہ ’’ان کے اندرونی مسائل کا حل عباس کے پاس ہے یا اسرائیل کے پاس۔ امن منصوبے کا حساس ترین حصہ ایران سے متعلق ہے، جہاں القدس کے کمانڈر کے قتل کے بعد فلسطین کے تصادم کی کیفیت کو نئی جہت ملی ہے۔ امریکیوں کو ہرگز یہ گمان نہیں تھا کہ ایران اس قدر جلد بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا اور افغانستان میں کارروائی کرتے ہوئے امریکہ فضائیہ کے اعلیٰ تکنیکی فضائی جہاز کو مار گرائے گا۔ گھبراہٹ کے عالم میں اسرائیل نے امریکہ پر زور دیا کہ اس صورت حال کو مزید نہ پھیلایا جائے، کیونکہ اس طرح جنگ سے اسرائیل کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔

عالم اسلام منقسم ہے، حتی کہ او آئی سی نے بھی ایران کو کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔ عمران خان کو کوالا لمپور کانفرنس میں شرکت سے روک دیا تھا، جبکہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے یہ کانفرنس ایک متحرک اور موثر کردار کی حامل ہوسکتی تھی۔ اس کے باوجود یہ امر باعث فخر ہے کہ ایران گذشتہ چار دہائیوں سے جابرانہ پابندیوں کے باوجود نہ صرف اپنے ملی وقار اور غیرت کو قائم رکھنے میں کامیاب رہا ہے، بلکہ دنیا کی سپر پاور کی جانب سے پیش کردہ چیلنجز کے خلاف طاقتور جذبہ حریت کی مثال قائم کی ہے۔ صرف بائیس میزائلوں کے پہلے حملے میں ایران نے مضبوط بینکروں میں دبکے امریکی فوجیوں کو دماغی امراض میں مبتلا کر دیا ہے اور ابھی تک امریکی اس صدمے سے باہر نہیں نکل سکے۔ اس تناظر میں اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جب اسرائیل پر متعدد اطراف سے ہزاروں کی تعداد میں میزائلوں اور راکٹوں کی بارش ہوگی تو اس پر کیا گزرے گی۔

آنے والے دنوں میں یہ منظر دیکھنے والا ہوگا۔ اسرائیل کو ایک نئی قسم کی گوریلا جنگ کا سامنا ہوگا، جس کے خلاف اس کے پاس کوئی دفاعی صلاحیت نہیں ہے۔ یہ خطرہ 2006ء کی حزب اللہ اسرائیل جیسا ہوگا، جس میں اسرائیل کو شکست اٹھانا پڑی تھی۔ 2015ء کے دوران افغانستان میں لڑی جانیوالی قندوز کی جنگ بھی اس کی ایک مثال ہے۔ آسان الفاظ میں: ’’اسرائیل کے خلاف یہ گوریا جنگ پہلے مرحلے میں متعدد اطراف سے فری فلائٹ راکٹوں، میزائلوں اور ڈرونز سے شروع ہوگی، جو اس کے آئرن ڈوم دفاعی نظام اور عوامی حوصلے کو تباہ کر دے گی۔ اس کے بعد دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑیاں مختلف مقامات پر حفاظتی حصاروں کو توڑتے ہوئی ہزاروں کی تعداد میں خودکش بمباروں کو اسرائیل کے اندر گھسنے کی راہ ہموار کریں گی، جس سے دشمن کے دل و دماغ دہلا دیں گے۔‘‘ امریکہ اور اس کے پٹھو اسرائیل اور بھارت کے سامنے یہی راستہ ہے کہ وہ یا تو مودی اور ٹرمپ کے امن منصوبوں پر عمل کریں یا پھر کشمیریوں اور فلسطینیوں سے گفت و شنید کی راہ اختیار کریں، تاکہ مسائل کا ایسا باوقار حل تلاش کیا جا سکے، جو تمام فریقین کے لئے قابل قبول ہو۔
"بشکریہ روزنامہ نوائے وقت"


خبر کا کوڈ: 843756

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/843756/مسئلہ-کشمیر-فلسطین-تصادم-کے-محرکات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org