QR CodeQR Code

عبداللہ عبداللہ کی متوازی حکومت اور طالبان امریکہ معاہدہ

27 Feb 2020 11:41

عبداللہ عبداللہ کا مضبوط دھڑا بھی اشرف غنی کے مقابلے میں ہے۔ ایسے میں افغانستان امن و سلامتی، ترقی اور جمہوریت کا خواب دھندلا ہوگیا ہے۔ دوسری طرف افغانستان کے ہمسایہ ممالک یا بڑے بڑے اسٹیک ہولڈر بھی ایک صفحے پر نظر آرہے ہیں۔ خدا اس جنگ زدہ ملک پر رحم فرمائے۔


اداریہ
افغانستان کے چیف ایگزیکٹو اور موجودہ افغان صدارتی انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنے والے عبداللہ عبداللہ نے جب سے متوازی حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے افغانستان کے بعض صوبوں کے گورنر نامزد کیے ہیں۔ افغانستان میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے تو ابھی تک کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا ہے، لیکن کابل کے سکیورٹی ذرائع نے عبداللہ عبداللہ کا نام لیے بغیر خبردار کیا ہے کہ حکومتی اداروں کے امور میں رکاوٹ کھڑی کرنیوالی قوتوں کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کیا جائیگا۔ ادھر امریکی حکام نے عبداللہ عبداللہ سے کہا ہے کہ متوازی حکومت کے سلسلے کو آگے نہ بڑھائیں۔

عبداللہ عبداللہ نے کابل پولیس اور امریکی حکام کے جواب میں صرف اتنا بیان دیا ہے کہ ہمارا اتحاد عوام کی مقدس آراء اور ووٹوں کا دفاع کرے گا۔ عبداللہ عبداللہ کی طرف سے اپنائے گئے موقف سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے فیصلے میں اٹل ہیں۔ گذشتہ دفعہ بھی انتخابات متنازع تھے اور امریکی مداخلت کیوجہ سے افغان اقتدار کو صدر اور چیف ایگزیکٹو کے عہدوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ اس دفعہ امریکہ کے سامنے کیا پلان ہے، ابھی اس پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ لیکن اس وقت امریکہ کی سب سے بڑی ترجیح افغان طالبان سے مذاکرات کو نتیجہ بخش بنا کر اپنے فوجیوں کے انخلاء کو ممکن بنانا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ ہر صورت میں امریکی فوجیوں کی ایک مخصوص تعداد کو امریکہ واپس لے جانا چاہتے ہیں، کیونکہ وہ اس انخلاء کو اپنے آئندہ انتخابات میں ایک بڑی کامیابی کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

ڈونالڈ ٹرامپ نے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لا کر اپنی مرضی کے ایک معاہدہ پر متفق ہونے کی کامیاب کوشش کی ہے اور پاکستان اور قطر کی مدد سے اس معاہدے کی حتمی شکل بھی سامنے آنے والی ہے، لیکن بین الافغان مذاکرات نئے نئے چیلنجوں سے دوچار ہو رہے ہیں۔ طالبان تو شروع ہی سے اشرف غنی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے تھے۔ اب عبداللہ عبداللہ کا مضبوط دھڑا بھی اشرف غنی کے مقابلے میں ہے۔ ایسے میں افغانستان امن و سلامتی، ترقی اور جمہوریت کا خواب دھندلا ہوگیا ہے۔ دوسری طرف افغانستان کے ہمسایہ ممالک یا بڑے بڑے اسٹیک ہولڈر بھی ایک صفحے پر نظر آرہے ہیں۔ خدا اس جنگ زدہ ملک پر رحم فرمائے۔


خبر کا کوڈ: 847211

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/847211/عبداللہ-کی-متوازی-حکومت-اور-طالبان-امریکہ-معاہدہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org