0
Sunday 8 Mar 2020 22:19

سعودی عرب میں محلاتی سازشیں

سعودی عرب میں محلاتی سازشیں
اداریہ
سعودی عرب میں چار اہم شہزادوں کی گرفتاری کو سب سے پہلے مغربی میڈیا نے کوریج دی ہے۔ یہ چاروں شہزادے موجودہ ولی عہد محمد بن سلمان کے سخت حریف و رقیب سمجھے جاتے ہیں۔ لہٰذا اُن کی گرفتاری کے فوراً بعد یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ اصل موضوع سلمان بن عبدالعزیز کی جانشینی کا ہے۔ کہیں کہیں سے یہ افواہیں بھی منظر عام پر آئی ہیں کہ شاہ سلمان بھی اس دنیا کو الوداع کہہ چکے ہیں۔ البتہ اس افواہ کی اہمیت اس لیے قابلِ توجہ نہیں کہ آلِ سعود کے محلات سے کسی بھی وقت شاہ سلمان کی ہلاکت کی خبر آ سکتی ہے۔ اصل مسئلہ شاہ سلمان کی ہلاکت کے اعلان سے پہلے کے بعض پیشگی امور کی انجام دہی کی ہے۔ شاہ سلمان نے اس وقت تقریباً تمام اختیارات اپنے فرزند بن سلمان کو دے رکھے ہیں۔

اُن کی اور بن سلمان کی یہی خواہش ہے کہ مستقبل قریب میں اقتدار کی منتقلی میں ہنگامہ نہ ہو۔ لہٰذا اس کی پیش بندی کے لیے بن سلمان اور شاہ سلمان نے کافی عرصے منصوبہ بندی شروع کر رکھی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت دو طرح کی جنگ جاری ہے۔ ایک جنگ شیخ اور شاہ کی جنگ ہے اور دوسری شاہی درباروں میں شہزادوں کی محلاتی جنگ ہے۔ ان دونوں جنگوں کے اصل ذمہ دار بن سلمان ہی ہیں۔ شاہ سلمان نے آل سعود کی ماضی کی روایات کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو اپنا ولی عہد بنایا ہے۔ دوسری طرف بن سلمان نے بھی ماضی کی روایات کو پامال کرتے ہوئے ریاست کے ایک ستون ’’آلِ شیخ‘‘ کو بعض سماجی و ثقافتی اصلاحات کے نام پر چیلنج سے دوچار کر دیا ہے۔

آلِ شیخ اور آلِ سعود کا دیرینہ معاہدہ تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو اعتماد میں لیتے ہوئے ایک دوسرے کے امور میں مداخلت نہیں کرینگے۔ لیکن بن سلمان نے جوئے اور شراب خوری کے اڈے اور فلم و سینما اور تھیٹر جیسے روشنفکرانہ اور روشن خیالانہ اقدامات انجام دیکر آلِ شیخ یعنی حجاز کے علماء کا منہ چڑھایا۔ جس سے سعودی عرب کے روایتی علماء کے سینے میں آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں۔ لیکن ریاستی جبر انکے مانع ہے۔ بن سلمان نے آلِ سعود کے شہزادوں اور آلِ شیخ کے ملاوں سے ٹکر لی ہے۔ اس کا ایک نتیجہ آلِ سعود بالخصوص شاہ سلمان اور بن سلمان کے خلاف محلاتی سازشوں کی کامیابی کی صورت میں بھی برآمد ہوسکتا ہے۔ سعودی عرب سے کسی بھی وقت دھماکہ خیز خبر آ سکتی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 849201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش