0
Tuesday 31 Mar 2020 12:05

کرونا وائرس کے بعد کی دنیا غاصبوں کی نابودی کی دنیا؟

کرونا وائرس کے بعد کی دنیا غاصبوں کی نابودی کی دنیا؟
اداریہ
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اور فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہنیه نے یوم الارض کی 44 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ یوم الارض اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ سینچری ڈیل اور اسی طرح قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کو سرکاری طور پر تسلیم کرانے کی امریکی کوششیں ناکام ہوئیں اور پورے فلسطین میں اسلامی مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے۔ اسماعیل ہنیه نے کہا کہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں، قدس اور غرب اردن کے فلسطینیوں میں کوئی فرق نہیں ہے اور فلسطین ایک ملک ہے۔ یوم الارض جیسا کہ اس کے نام سے ہی ظاہر ہے، اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی سرزمین پر غاصبانہ قبضے کے خلاف استقامت کا اعلان اور فلسطین کی ارضی سالمیت کے دفاع کا دن ہے۔ اسرائیلی حکام نے تیس مارچ انیس سو چھہتر کو فلسطین کے شمالی علاقے میں فلسطینیوں کی ہزاروں ہیکٹر اراضی پر جبری طور پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا، اسی مناسبت سے فلسطینی عوام خواہ وہ غزہ میں ہوں یا غرب اردن میں ہوں، حتیٰ پناہ گزین کیمپوں کے فلسطینی شہری ہوں، ہر سال تیس مارچ کو انیس سو چھہتر کے شہداء کی یاد منانے کے لئے یوم الارض مناتے ہیں اور اپنے مطالبے کے حق میں پرامن مظاہرے کرتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے فلسطین کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ یوم الارض فلسطین، فلسطینی عوام کی جدوجہد کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ علاقے میں پائیدار امن سرزمین فلسطین سے ناجائزہ قبضہ ختم ہوئے بغیر قائم نہیں ہوسکتا. ایرانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس خطے میں امن و آشتی اسی وقت قائم ہوسکتی ہے، جب سرزمین فلسطین سے غاصب صیہونیوں کا قبضہ ختم ہو، سبھی فلسطینی مہاجر اپنے وطن یعنی سرزمین فلسطین میں واپس آئیں اور ایک ایسے ریفرنڈم کے ذریغے جس میں سبھی فلسطینی حصہ لیں، فلسطین کی متحدہ حکومت قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’یوم الارضِ فلسطین‘‘ مظلوم فلسطینی عوام کی سیاسی اور مجاہدتی زندگی کا جزو لا ینفک ہے، جو سرزمین فلسطین پر ناجائز قبضے، نسلی امتیاز، وحشیانہ تشدد، فلسطینی بستیوں کی تباہی اور فلسطینیوں کو ان کے وطن سے محروم اور بے گھر کئے جانے کے خلاف منایا جاتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر عالمی برادری سبھی فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے آزاد اور غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کرائے اور مظلوم فلسطینی عوام تک انسانی امداد اور حفظان صحت سے متعلق ضروری اشیاء پہنچائے جانے کو یقینی بنائے۔ حزب اللہ لبنان نے بھی پیر کی رات ایک بیان جاری کرکے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ سبھی مقبوضہ فلسطینی علاقے آزاد ہونے تک غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ آج غزہ سمیت فلسطین کے کئی ایسے علاقے ہیں, جہاں لاک ڈاؤن جیسی صورت حال ہے، کرونا کا شکار دنیا کو فلسطین کے مجبور اور محصور عوام کے لئے آواز اٹھانا ہوگی، بعید نہیں کرونا وائرس کے بعد کی دنیا عالمی غاصبوں کے خاتمے پر منتج ہو۔
خبر کا کوڈ : 853831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش