0
Sunday 5 Apr 2020 13:06

سماج سے نفرت کرنیوالا مسخرہ

سماج سے نفرت کرنیوالا مسخرہ
اداریہ
امریکہ کے موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرامپ امریکی صدور میں اس لئے بھی منفرد ہیں کہ اُن پر جتنا طنز کیا گیا ہے اور ان کو جتنے نام اور القاب دیئے گئے ہیں، ماضی کے تمام امریکی صدور اس سے محروم رہے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرامپ کو امریکی انتخابات سے پہلے ہی تاجر پیشہ، بغیر کسی نظریئے اور سیاسی پارٹی کا حامل موقع پرست، عارضی سیاستدان قرار دیا گیا تھا۔ جب انہوں نے انتخابی مہم کے دوران ہیلری اور ان کی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے باراک اوباما کے دور کے ایسے فیصلوں کو سرعام اچھالا، جس نے امریکی ساکھ کیساتھ ساتھ امریکہ کے باطنی بھیانک چہرے کو نمایاں کیا تو امریکہ کے بعض دیرینہ دشمن بھی یہ کہہ اٹھے کہ یہ احمق امریکہ کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کرکے رہے گا۔

ڈونالڈ ٹرامپ نے جب اپنی کابینہ کے افراد کو پے درپے بدلنا شروع کیا تو اُس کے حامی بھی یہ کہہ اٹھے کہ ایک صحت مند متوسط طبقے کا انسان اتنی جلدی جرابیں نہیں تبدیل کرتا، جتنی جلدی ڈونالڈ ٹرامپ اپنی کابینہ کے وزراء کو بدل دیتے ہیں۔ داعش کی تشکیل کے حوالے سے اوباما حکومت پر الزام لگا کر ڈونالڈ ٹرامپ نے نہ صرف امریکی پالیسیوں کے مخالف عالمی حلقوں میں امریکہ کو بدنام کیا بلکہ داعش کے کرتا دھرتا بھی منہ چھپانے پر مجبور ہوئے۔ تاہم امریکی اسٹیبلشمنٹ نے اسے بلنڈر قرار دیا۔ صدارت میں آنے کے لیے ڈونالڈ ٹرامپ پر روس سے سازباز کرنے کی خبریں بھی سامنے آئیں اور جب معاملہ عدالت تک پہنچا تو ڈونالڈ ٹرامپ کو ذاتی مفاد کے لیے امریکی مفاد کا سودا کرنے والے لالچی انسان کا لقب دیا گیا۔ نہار منہ کمبل کے نیچے سے ٹوئٹ کرنے کی پاداش میں ڈونالڈ ٹرامپ کو ٹوئٹر پریذیڈنٹ کے لقب سے نوازا گیا۔

ڈونالڈ ٹرامپ کے جب جھوٹ گنے گئے تو امریکہ کے سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والے صدر بھی یہی موصوف قرار پائے۔ ڈونالڈ ٹرامپ کی ہر ادا اتنی نرالی رہی ہے کہ اُن کو کئی القابات اور طنزیہ نام دیئے گئے ہیں، لیکن امریکہ کے معروف دانشور اور عالمی امور کے سایسی تجزیہ نگار نوام چومسکی نے حال ہی میں ڈونالڈ ٹرامپ کو جو عنوان دیا ہے، وہ ان کی قبر تک انکا پیچھا نہیں چھوڑے گا۔ نوام چومسکی نے کرونا وائرس کے حوالے سے ڈونالڈ ٹرامپ کے بروقت اور سنجیدہ اقدام نہ کرنے پر انہیں سماج سے نفرت کرنے والا مسخرہ قرار دیا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ نے ایک سپر طاقت کا صدر بننے کے بعد سماج دشمنی میں جو مسخرہ پن دکھایا ہے، امریکہ سمیت کئی ممالک کو اس سماج دشمنی کا کافی عرصہ تک خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔
خبر کا کوڈ : 854834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش