0
Sunday 19 Apr 2020 10:34

یمن میں چومکھی لڑائی

یمن میں چومکھی لڑائی
اداریہ
خطے میں ماضی میں بھی اور اس وقت بھی مختلف جنگیں ہوئیں اور ہو رہی ہیں، لیکن ان تمام جنگوں میں یمن کی جنگ کو انفرادیت حاصل ہے، اسے جنگ قرار دینا بھی شاید درست نہ ہو۔ یہ تو سعودی عرب کی ننگی جارحیت کے مقابلے میں جوانمردانہ دفاع ہے۔ یمن کی جنگ کو کئی زاویوں سے دیکھنے اور پرکھنے کی ضرورت ہے۔ اس جنگ کے اس وقت تین بنیادی پہلو سامنے آرہے ہیں۔ یمن مخالف اور ان کے اتحادی، یمن کے حامی اور اتحادی اور عالمی برادری۔ عالمی برادری کے حوالے اس اگر جائزہ لیا جائے تو عالمی برادری نے بڑی طاقتوں کے اثر و رسوخ سے آزاد ہو کر کبھی کوئی آزادانہ فیصلہ نہیں کیا۔ یمن کے حوالے سے بھی اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کا یہی انداز ہے۔ تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی اپیلیں خوش آئند ہیں۔

اسی طرح حال ہی میں سکیورٹی کونسل کی طرف سے کرونا وائرس کے پھیلاو کے پیش نظر جنگ بندی کرنے کے بارے میں قرارداد ایک اچھی پیشرفت ہے۔ آلِ سعود اور اس کے علاقائی اور عالمی اتحادی بھی اب یمن جنگ کے حوالے سے تھکے تھکے نظر آرہے ہیں۔ کرونا وائرس کے معروضی حالات نے اس تھکاوٹ یا عدم دلچسپی کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ امریکہ، اسرائیل اہنے اپنے مسائل میں الجھے نظر آتے ہیں۔ اسلامی ممالک کا نام نہاد اتحاد اور اس کے سربراہ راحیل شریف بھی ستو پی کر کسی گوشے میں آرام فرما رہے ہیں۔ کرائے کے فوجی بالخصوص سوڈان اور متحدہ عرب امارات سے آنیوالے کچھ نکل گئے ہیں اور کچھ پرواز کیلئے بے تاب ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان یمن کے بعض علاقوں میں داخلی جنگ کی خبریں بھی نئی نہیں رہی ہیں۔

دوسری طرف یمن اور ان کے اتحادیوں کا مورال انتہائی بلند سطح پر ہے۔ یمن نے نہ صرف دفاعی نظام کافی مستحکم کر لیا ہے، بلکہ نہیم کے علاقوں پر قبضہ کرکے اپنی جارحانہ قوت کا بھی اظہار کر دیا ہے۔ اسی طرح جیزان اور نجران تک انصار اللہ کی رسائی بہت بڑی کامیابی ہے۔ در ایں اثناء مغربی میڈیا سے یہ خبریں بھی آرہی ہیں کہ بن سلمان یمن جنگ کے دلدل سے نکلنے کے لیے بے چین ہے۔ بہرحال زمینی حقائق اس بات کے شاہد ہیں کہ آلِ سعود اور اس کے حواریوں کو جنگ یمن میں کوئی کامیابی نصیب نہیں ہوئی۔ لہٰذا اب بہترین موقع ہے کہ بن سلمان کرونا وائرس کی آڑ میں اس جنگ سے جان چھڑا لے۔
خبر کا کوڈ : 857678
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش