0
Monday 27 Apr 2020 21:35

ماہ رمضان قرآن کی بہار

ماہ رمضان قرآن کی بہار
تحریر: مظفر حسین کرمانی
 
ماہ رمضان جہاں اپنے ساتھ بہت سی خصوصیات و برکات رکھتا ہے، وہیں اس کی ایک خصوصیت اسکا قرآن فہمی کے لئے بہترین فرصت و وقت کا ہونا ہے، اگر کوئی انسان چاہتا ہے کہ وہ قرآن شناس بنے و ہدایت الٰہی کا درست ادراک کرے تو اس کے لئے یہ ماہ بہترین موقع ہے..اسی ماہ میں پروردگار عالم نے بشریت کے لئے آئین و دستور زندگی کی کتاب نازل فرمائی، اور انسان کو حکم ہے کہ اپنی زندگی اس کتاب الٰہی کے دستوارت کے مطابق بسر کرے تاکہ وہ کمال و سعادت حقیقی تک پہنچ سکے و اپنے مقصد زندگی کو پالے.."شَهْرُ‌ رَ‌مَضَانَ الَّذِي أُنزِلَ فِيهِ الْقُرْ‌آنُ هُدًى لِّلنَّاسِ وَ بَيِّنَاتٍ مِّنَ الْهُدَىٰ وَالْفُرْ‌قَانِ" (سورہ بقرہ آیہ 185) ماہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن کو نازل کیا گیا تاکہ انسان ہدایت پاسکے اور حق و باطل میں فرق و امتیاز کی راہنمائی و وضاحت ہو جائے۔

ویسے تو ہر دن و ماہ انسان اس کتاب نورانی کے نور و تعلیمات سے استفادہ کرے و اسکے فہم کے لئے جستجو و کوشش کرے، لیکن اس ماہ میں زیادہ تاکید کی گئی یے جیسا کہ خود امام باقر علیہ السلام کا فرمان ہے، "لکل شئی ربیع و ربیع القرآن شھر رمضان" (کافی ج 2 ص 630 ح 10) ہر شئی کیلئے ایک بہار ہے اور قرآن کی بہار ماہ رمضان ہے۔ موسم بہار میں ہوا تھوڑی تھوڑی گرم ہوتی ہے، درختوں میں پتے لگنا شروع ہو جاتے ہیں، غنچے کھلتے ہیں، بارشیں ہوتی ہیں، بہار ایک ایسا موسم ہے جو نباتات کو حیات بخشتا یے اور انہیں پروان چڑھاتا ہے، حتٰی بعض سنگلاخ زمینوں پر بھی سبزہ نکل آتا ہے، لیکن دلدل میں جہاں گند کا ڈھیر ہو وہاں ہر کچھ غرق ہو جاتا یے، اسی طرح قرآن کی بہار کا مہینہ ماہ رمضان ہے کیونکہ یہ ماہ اس بہار طبیعی کی مانند ہے وہ بہار زمین کو حیات بخشتی ہے و اسے زندہ کرتی ہے اور یہ مہینہ انسان کے دل و قلب کو آمادہ و زندہ کرتا ہے کہ انسان اپنی نجات و سعادت کے لئے جو آئین و دستور زندگی اللہ کی طرف سے بھیجا گیا ہے، اسکی طرف آئے، اسے سمجھے و اپنے وجود و جامعہ میں عملی جامہ پہنانے کیلئے تگ و دو کرے۔

قرآن کے نور و تعلیمات کے مؤثر ہونے کیلئے انسان کے دل کی آمادگی بہت ضروری ہے، وگرنہ جس کا دل دلدل کی مانند ہو یعنی جس نے اپنے قلب کو مکمل آلودگیوں سے بھر دیا ہو وہاں تو ہدایت،، وعظ و نصیحت بھی جا کر غرق ہو جاتی ہے، یہ ماہ بہترین موقع ہے جس میں انسان اپنے دل کو نرم کرسکتا یے و اس میں ہدایت کے دخول کی جایگاہ بنا سکتا ہے۔ دلوں کی بہار قرآن مجید ہے و دل انسان زندہ و حیات پاتا ہے اس کی نورانیت کے ذریعے سے جیسا کہ امام علی علیہ السلام کا فرمان ہے "تعلموا القرآن فانه ربیع القلوب"قرآن سیکھیں کیونکہ یہ دلوں کی بہار ہے۔ پس جس طرح قرآن دلوں کی بہار خود قرآن کی بہار ماہ رمضان ہے اور یہ بہترین موقع ہے کہ انسان قرآن سے انس پیدا کرے اور اسکی نوارنیت کو اپنے وجود میں پیدا کرے، اپنے دلوں کو بارگاہ الٰہی میں نرم کرے، تعلیمات و آئین زندگی کو سمجھ کر خود اپنے وجود پر اسکا اجراء کرے و معاشرے کو بھی آئین و دستور زندگی کے مطابق چلانے و نظام الٰہی کے لئے زمینہ سازی کرے۔ اللہ تعالی ہمیں اس ماہ قرآن فہمی و ہمارے دلوں میں نرمی عطا فرمائے تاکہ ہدایت ہمارے وجود میں داخل ہو سکے، (آمین)
خبر کا کوڈ : 859375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش