QR CodeQR Code

عالمی یوم صحافت

3 May 2020 10:29

پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا بہت سی خامیوں اور کوتاہیوں کے باوجود سوشل میڈیا سے زیادہ معتبر اور قابل اعتماد ہے، لیکن اس بات سے بھی انکار ممکن نہیں کہ حالیہ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر سامراجی طاقتوں بلکہ اگر کھل کر کہا جائے تو صیہونی میڈیا نے اپنا سازشی تسلط جما رکھا ہے۔


اداریہ
تین مئی کو دنیا بھر میں عالمی یوم صحافت منایا جاتا ہے، اس دن صحافت کی راہ میں ایثار و قربانی پیش کرنے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے، مختلف تقاریب منعقد ہوتی ہیں اور دانشور حضرات پرمغز تقاریر کرکے اس شعبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہیں۔ اس سال کرونا کیوجہ سے تقاریب تو منعقد نہ ہوئیں، لیکن اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت تمام ملکی و بین الاقوامی شخصیات نے اس دن کی مناسبت سے اپنے اپنے پیغامات اور بیانات ارسال کیے ہیں۔ عالمی سطح پر دن منانا ایک اچھی روایت ہے، لیکن اکثر اوقات یہ ایام ظاہری باتوں میں ہی گزر جاتے ہیں اور اس دن کا اصل ہدف و مقصد پس مںظر میں چلا جاتا ہے۔ صحافت کا عالمی دن بھی دیگر ایام کی طرح اپنے بنیادی اہداف کے تذکرے کے بغیر گزر جائیگا۔

اس طرح تین مئی 2021ء کا دن طلوع ہوجائیگا اور صحافت اور صحافی وہیں کے وہیں کھڑے رہیں گے۔ سوشل میڈیا کے نئے دور نے صحافت اور صحافی کے تصور کو نئے زاویوں سے روشناس کرایا ہے۔ آج جس کے پاس اینڈرائیڈ موبائل فون ہے اور وہ سوشل میڈیا کی دنیا سے منسلک ہے، وہ صحافی ہے، اس کی اہم ترین خبروں تک دسترس ہے اور وہ اس پر اپنے بے لاگ تبصرے بھی کر رہا ہے۔ پرنٹ کے بعد الیکٹرونک میڈیا نے کچھ عرصہ اپنا بھرپور رنگ جمایا لیکن پرنٹ میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا کی اہمیت کے باوجود سوشل میڈیا نے خبروں کی ترسیل، منابع تک رسائی اور اس پر فوری تجزیوں کی صورت میں تمام ذرائع ابلاغ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سوشل میڈیا ایک شتر بے مہار ہے، وہ کسی بھی طرف رخ کرسکتا ہے۔

اس کے باوجود پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا بہت سی خامیوں اور کوتاہیوں کے باوجود سوشل میڈیا سے زیادہ معتبر اور قابل اعتماد ہے۔ لیکن اس بات سے بھی انکار ممکن نہیں کہ حالیہ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر سامراجی طاقتوں بلکہ اگر کھل کر کہا جائے تو صیہونی میڈیا نے اپنا سازشی تسلط جما رکھا ہے۔ صیہونی لابی کے اس غلبے نے پرنٹ بالخصوص عالمی الیکٹرونک میڈیا کے کردار کو مشکوک بنا دیا ہے۔ صحافت کے عالمی دن پر اس بات کا عہد کرنا چاہیئے کہ صحافت، جرنلزم اور خبروں اور تجزیوں کے تبادلے کو حقیقت سے زیادہ سے زیادہ قریب کیا جائے، لیکن ایسا کون کرے، صیہونی لابی نے سب کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 860464

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/860464/عالمی-یوم-صحافت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org