0
Wednesday 6 May 2020 11:12

ایران بمقابلہ امریکہ

ایران بمقابلہ امریکہ
اداریہ
امریکہ اپنے آپ کو سپر پاور سمجھتا ہے اور اس کی آبادی ایران سے تین گنا زیادہ ہے، اسی طرح سائنس و ٹیکنالوجی میں ایران اور امریکہ کا کوئی موازنہ نہیں بنتا۔ عالمی سیاست میں بھی امریکہ دنیا کے ہر بڑے ادارے میں نہ صرف موجود ہے بلکہ کئی عالمی اور علاقائی ادارے امریکہ کے زیرِ اثر ہیں۔ سلامتی کونسل جیسے ادارے میں تو امریکہ نہ صرف مستقل ممبر ہے بلکہ برطانیہ اور فرانس کو اپنے ساتھ ملا کر پوری دنیا پر اپنی مرضی مسلط کرتا رہتا ہے۔ روزمرہ کی زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے، جس میں امریکہ کو ہر زاویئے سے بہتر اور اعلیٰ نہ سمجھا جاتا ہو، لیکن آج یہ ثابت ہو رہا ہے کہ انسانی اخلاقیات اور حقیقی انسانی حقوق کی پاسدای میں امریکہ سب سے پست اور انسانی اقدار کی پامالی میں سب سے آگے ہے۔

کرونا وائرس کے بحران نے امریکی چہرے کو مزید آشکار کر دیا ہے۔ امریکی حکومت نہ صرف اپنے ملک میں کرونا بحران کو قابو کرنے میں ناکام رہی ہے بلکہ صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کی غیر اخلاقی سرگرمیوں نے کرونا وائرس کے کنٹرول میں کئی رکاوٹیں بھی پیدا کر دی ہیں۔ امریکی صدر نے ایک طرف صحت کے عالمی اداروں سے اپنے تعاون کو ختم کر دیا تو دوسری طرف مختلف ممالک کے ماسک اور طبی امداد پر ڈاکہ ڈالنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ دوسری طرف اسلامی جمہوریہ ایران گذشتہ اکتالیس سال سے پابندیوں کے محاصرے میں ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی نیز صحت کے شعبے میں ایران کے خلاف جتنی پابندیاں ہیں، کوئی اس کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

لیکن آج ایران نے ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف کرونا جیسے وائرس کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہا ہے، بلکہ ایران نے صحت کے عالمی ادارے کو بھی اپنی کارکردگی سے مطمئن کر دیا ہے۔ صورت حال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ ڈبلیو ایچ او کا نمائندہ میڈیا کے سامنے ایران کے محکمہ صحت کی تعریفیں کرتا نظر آ رہا ہے، دوسری طرف ایران نے نہ صرف امریکہ کی طرح دوسرے ممالک کے ماسک اور طبی اوزار پر ڈاکہ نہیں ڈالا بلکہ لبنان، افغانستان اور جرمنی جیسے ممالک کو کرونا ٹیسٹ کٹس اور وینٹی لیٹر دیکر ان ممالک کی کرونا سے مقابلے کے لیے عملی مدد کی ہے۔ امریکہ اپنی ترقی و پیش رفت کے تمام تر دعووں کے باوجود کرونا سے لڑنے کے لیے دوسروں سے تعاون کی بھیک مانگ رہا ہے، جبکہ ایران دوسروں کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 861089
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش