QR CodeQR Code

عراق میں سیاسی استحکام

7 May 2020 11:50

ایران، عراق کی قربتیں نیز شام اور علاقے میں امریکہ اور اسکے عرب اتحادیوں کے مقابلے میں مزاحمتی بلاک کی کامیابیاں امریکہ کیلئے ہرگز قابل قبول نہیں۔ لہٰذا امریکہ اور اسکے حواری عراق میں کبھی سیاسی استحکام نہیں آنے دینگے۔


اداریہ
عراق میں اکتوبر 2019ء سے شروع ہونے والا سیاسی انتشار وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی اور ان کی کابینہ کی منظوری کے بعد کسی حد تک سلجھتا نظر آرہا ہے۔ البتہ عراقی پارلیمنٹ کا یہ اجلاس بھی کم ہنگامہ خیز نہ تھا۔ رات جاری رہنے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں مصطفیٰ الکاظمی کو متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پارلیمنٹ کے دھڑوں نے حکومت میں اپنا زیادہ حق وصول کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔ جس کی وجہ سے مصطفیٰ الکاظمی پوری کابینہ کی منظوری لینے میں ناکام رہے۔ وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے سات وزراء کو پارلیمنٹ نے منظوری نہیں دی ہے۔ عراقی پارلیمنٹ کے 329 نمائندگان میں سے 266 اجلاس میں موجود تھے جبکہ 63 اراکین نے عدم شرکت کرکے اعتماد کا ووٹ دینے میں شرکت نہیں کی۔

سابق وزیراعظم نوری المالکی کی سربراہی میں القانون نامی پارلیمانی دھڑے نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ جن پندرہ وزراء نے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا، ان میں 9 وزیر شیعہ، 5 اہلسنت اور ایک وزیر کرد ہے، جبکہ جن نامزد وزراء کی پارلیمنٹ نے منظوری نہیں دی، ان میں دو شیعہ وزیر، ایک اہلسنت اور ایک عیسائی وزیر ہے۔ پارلیمنٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس نے اس بات کو واضح کر دیا ہے کہ عراق میں سیاسی استحکام کے لیے نئے وزیراعظم کو ابھی مزید سخت چیلنجوں کا سامنا ہے۔ اسی طرح عراق کو اس وقت کئی عالمی، علاقائی اور ملکی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ امریکہ اپنے فوجی وجود کے جواز کے لیے مختلف منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، جبکہ علاقے کے بعض ممالک بالخصوص سعودی عرب، عراق میں مذہبی منافرت پھیلانے میں پیش پیش رہا ہے۔

داخلی طور پر بھی سیاسی انتشار اپنے عروج پر ہے، جس کی وجہ سے پہلے عادل عبدالمہدی کو وزارت عظمیٰ سے ہٹنا پڑا اور محمد توفیق علاوی اور عدنان الزرفی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ عراق اس وقت سخت ترین بحرانوں سے گزر رہا ہے اور عراق کو بحرانوں سے دوچار کرنا ایک عام بات نہیں، ایک گہری سازش ہے۔ ایران، عراق کی قربتیں نیز شام اور علاقے میں امریکہ اور اس کے عرب اتحادیوں کے مقابلے میں مزاحمتی بلاک کی کامیابیاں امریکہ کے لیے ہرگز قابل قبول نہیں۔ لہٰذا امریکہ اور اس کے حواری عراق میں کبھی سیاسی استحکام نہیں آنے دینگے۔


خبر کا کوڈ: 861331

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/861331/عراق-میں-سیاسی-استحکام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org