0
Saturday 9 May 2020 11:29

امریکہ اور شعب ابی طالبؑ

امریکہ اور شعب ابی طالبؑ
اداریہ
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ اپنے خطابات میں اسلامی تاریخ کی بعض اصطلاحات کو بڑی خوبصورتی سے استعمال کرتے ہیں۔ ایک حقیقی اسلامی رہنماء کی خصوصیات یہ ہوتی ہیں کہ وہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اپنے لیے اسوہ کامل قرار دیتا ہے اور آپؐ کی اطاعت میں اپنی زندگی کے اقدامات کو منظم کرتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ تاریخ سبق سکھلاتی ہے۔ کامیاب قومیں اور قیادتیں وہ ہوتی ہیں, جو ماضی سے سبق حاصل کرتی ہیں۔ حال پر گرفت رکھتی ہیں اور مستقبل پر عقابی نظر رکھتی ہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے اپنے حالیہ خطاب میں اسلامی مقاومت و مزاحمت کے بلاک کو صدر اسلام کے حالات و واقعات سے تشبیہہ دی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جس طرح قریش مکہ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو توحید کے پیغام سے روکنے کے لیے پہلے لالچ دی اور جب کامیابی نہ ملی تو ان کی اقتصادی ناکہ بندی کرکے انہیں سعب ابی طالب میں محصور کر دیا تھا، آج امریکہ وہی انداز اپنا رہا ہے, وہ ایران اور مزاحمتی بلاک کی اقتصادی، سیاسی، سماجی اور سفارتی ناکہ بندی کرکے شعب ابی طالب جیسی صورت حال پیدا کرنا چاہتا ہے۔ شعب ابی طالب میں بھی تازہ اسلام لانے والے مسلمانوں سے کہا گیا تھا کہ اگر وہ محمدؐ کو کفار مکہ کے حوالے کر دیں تو ان کا محاصرہ ختم کیا جا سکتا ہے۔ آج حزب اللہ، الحشد الشعبی، انصار اللہ اور دیگر تنظیموں کے بارے میں امریکہ کا بھی یہی موقف ہے اور ان تنظیموں کو غیر مسلح کرنے کا کہا جا رہا ہے۔

امریکہ ایران سے مختلف حیلے بہانوں سے یہی کہتا ہے کہ اگر ایران علاقے کی ان تنظیموں کا ساتھ چھوڑ دے تو تمام تر پابندیاں ختم کی جا سکتی ہیں۔ سید حسن نصراللہ نے اپنے خطاب میں شعب ابی طالب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کرونا وائرس وہی کام کر رہا ہے, جو صدر اسلام میں دیمک نے کیا تھا۔ صدر اسلام میں دیمک نے اس قدیمی تاریخی معاہدے کو مٹی میں تبدیل کر دیا تھا۔ امریکہ اور اس کے حواری دور حاضر کے کفار مکہ ہیں اور وہ ابوجہل، ابوسفیان و ابی لہب کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، جبکہ اسلامی مقاومت کا بلاک ختمی المرتبت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نقش مبارک پر گامزن ہے اور وہ وقت ان شاu اللہ دور نہیں جب "وَ رَاَیْتَ النَّاسَ یَدْخُلُوْنَ فِیْ دِیْنِ اللّٰهِ اَفْوَاجًاۙ" کی کیفیت پیدا ہو جائیگی۔
خبر کا کوڈ : 861662
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش