QR CodeQR Code

انتظامی، سماجی اور اخلاقی نظام زمین بوس

10 May 2020 15:15

رہبر انقلاب اسلامی کے اس خطاب نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کے وہ تمام نظام جو اپنی ترقی و پیشرفت کے ‏غرور میں بلندیوں پر پرواز کر رہے تھے، آج زمین بوس ہوتے نظر آرہے ہیں۔


اداریہ
ایرانی ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس کی انتھک محنت اور قربانیوں نیز عوام کے بھرپور تعاون کے نتیجے میں، ایران نے دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں کورونا کے خلاف مہم کو کامیابی کے ساتھ سر کیا ہے۔ ایران نے امریکہ سمیت دنیا کے بہت سے دیگر ملکوں کے برخلاف کورونا کے خلاف مہم کے دوران لوگوں کی روزی روٹی اور زندگی کا سودا نہیں کیا بلکہ پورے حساب کتاب کے ساتھ عوام کی صحت و سلامتی پر توجہ دی اور ان کی معیشت و روزگار کا بھی خیال رکھا ہے۔ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے باوجود ایران نے عظیم کارنامہ انجام دیا ہے اور اس وقت ملک میں کورونا کے مریضوں، صحت پانے والے اور اموات کے اعداد و شمار اطمینان بخش ہیں۔ یہاں تک کہ آج ایران کورونا کے مقابلے کے بہت سے ضروری میڈیکل آلات اور اشیاء دنیا کے دیگر ملکوں کو برآمد کرنے کے قابل ہوگیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے آج ایک اجلاس سے خطاب میں زور دیکر کہا ہے کہ یورپ کورونا کے خلاف مہم میں انتظامی، سماجی اور اخلاقی تینوں میدانوں میں ناکام ہوگیا ہے۔

آپ نے فرمایا کہ مغرب اور مغرب زدہ افراد اس ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس ناکامی کا جائزہ لیا جانا اور اسے بیان کرنا ضروری ہے، کیونکہ قوموں کی سرنوشت اسی آگاہی سے وابستہ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کورونا کے مقابلے میں مغرب کی انتظامی شکست کے بارے میں فرمایا کہ دیگر ملکوں کے مقابلے میں امریکہ اور یورپ میں کورونا بہت دیر سے پہنچا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ ان ملکوں کے پاس اس وائرس کے مقابلے کی تیاری کے لیے کافی وقت موجود تھا، لیکن جیسی تیاری کرنا چاہیئے تھی، انہوں نے نہیں کی۔ آپ نے فرمایا کہ امریکہ اور بعض یورپی ملکوں میں کورونا کے مریضوں اور اموات کی تعداد، نیز بے روزگاری سمیت ان ملکوں کے عوام کو درپیش دیگر مشکلات انتظامی ناتوانی کو ثابت کرتی ہیں۔ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے مغرب کے سماجی فلسفے کو بھی کورونا کے مقابلے میں ناکام قرار دیتے دیتے ہوئے فرمایا کہ مغرب کے سماجی فلسفے کی روح اور اساس مادیت اور پیسے پر استوار ہے۔

انہوں نے فرمایا کہ اسی وجہ سے مغرب میں سن رسیدہ افراد، مریضوں، غریبوں اور پسماندہ افراد کو نظر انداز کیا گیا، کیونکہ یہ طبقات کچھ کمانے اور مادی پیداوار بڑھانے کی توانائی نہیں رکھتے، اسی لیے بہت سے افراد اولڈ ایج ہاوسز میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ آپ نے فرمایا کہ اس طرح کے واقعات مغرب کے سماجی فلسفے کی ناکامی کو واضح کر رہے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے عمومی اخلاقیات کے میدان میں بھی مغرب کی ناکامی کے حوالے سے سپر مارکیٹوں اور دکانوں پر ہجوم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مغرب والے اپنے تمام تر دعووں کے باوجود اس میدان میں ناکام ہوگئے۔ آپ نے فرمایا کہ ان حقائق کو رائے عامہ کے لیے بیان کرنے کی ضرورت ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے اس خطاب نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کے وہ تمام نظام جو اپنی ترقی و پیشرفت کے ‏غرور میں بلندیوں پر پرواز کر رہے تھے، آج زمین بوس ہوتے نظر آرہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 861852

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/861852/انتظامی-سماجی-اور-اخلاقی-نظام-زمین-بوس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org