0
Monday 11 May 2020 02:55

ذوالفقار مرزا کو گورنر سندھ بنائے جانے کی افواہیں ایک بار پھر زور پکڑ گئی

ذوالفقار مرزا کو گورنر سندھ بنائے جانے کی افواہیں ایک بار پھر زور پکڑ گئی
رپورٹ: ایس ایم عابدی

سابق وزیر داخلہ سندھ اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کو گورنر سندھ بنائے جانے کی افواہیں ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہیں اور سیاسی حلقوں کے علاوہ سوشل میڈیا پر ان کے گورنر بننے کے حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے۔ موجودہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے چند روز قبل دیئے جانے والے متنازعہ بیان کے بعد سندھ کی سیاسی، سماجی اور قوم پرست جماعتوں نے ان کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا، جس میں موجودہ وفاقی حکومت کی سندھ میں حلیف جماعتیں بھی شامل تھیں۔ گورنر سندھ کے بیان کے بعد ان کی تبدیلی کے مطالبات بھی سامنے آئے تھے، جبکہ ان کی اب تک کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بحث ہوئی تھی۔

اسی تناظر میں یہ افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ موجودہ گورنر سندھ کو ہٹایا جا رہا ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کو گورنر سندھ بنایا جا رہا ہے، جو کہ سندھ کے وزیر داخلہ رہ چکے ہیں، اس وقت سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کے خلاف انتہائی سخت موقف رکھتے ہیں اور صوبے میں پی پی پی مخالف جماعتوں میں بھی ان کا بڑا نام ہے۔ سیاسی حلقوں کے مطابق موجودہ گورنر سندھ عمران اسماعیل ایک طرف تو صوبے کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے میں ناکام رہے ہیں تو دوسری طرف ان کے صوبے کی لسانی اکائیوں اور شہری و دیہی تفریق کے حوالے سے وقتاً فوقتاً سامنے آنے والے بیانات پی ٹی آئی کی حلیف سیاسی جماعتوں کے لئے بھی پریشانی کا باعث بنتے رہتے ہیں۔

سیاسی حلقوں کے مطابق پی ٹی آئی کے کچھ صوبائی رہنماء بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لئے ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کو گورنر سندھ بنانے کے حق میں ہیں، مگر وہ آن دی ریکارڈ اس کا اظہار نہیں کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اندرون سندھ کے پی ٹی آئی ورکر اور مقامی عہدیدار بھی موجودہ گورنر سندھ کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں اور ان کی بھی خواہش ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا جیسے کسی سخت گیر پی پی مخالف رہنماء کو گورنر سندھ بنایا جائے، تاکہ صوبے میں پی پی پی کا سیاسی طور پر بہتر طریقے سے مقابلہ کیا جاسکے، گذشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر بعض باخبر شخصیات بڑے وثوق سے دعویٰ کر رہی ہیں کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کو بہت جلد گورنر سندھ بنا دیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت یا قیادت کی جانب سے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 861891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش