QR CodeQR Code

ایرانی پارلیمنٹ کا بل اور پومپیو کا دورہ فلسطین

13 May 2020 13:22

ایرانی پارلیمنٹ کے اس بل کے مطابق ایران کی عدلیہ اس بات کی پابند ہوگی کہ وہ فلسطین کیخلاف صہیونی اقدامات کے نسل پرستانہ اقدامات کیخلاف مختلف علاقائی اور عالمی اداروں بالخصوص ہیگ کی عالمی عدالت یعنی انصاف کی عالمی عدالت میں مقدمات درج کرائے۔


اداریہ
ایران کی مجلس شوریٰ یعنی قومی اسمبلی نے جن دو موضوعات پر بل منظور کیے ہیں، ان میں فلسطین میں ریفرنڈم کرانے اور صہیونی حکومت کی طرف سے فلسطین کے خلاف نسل پرستی کے خلاف عالمی مہم تیز کرنے پر تاکید کی گئی ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اس بل کے مطابق ایران کی عدلیہ اس بات کی پابند ہوگی کہ وہ فلسطین کے خلاف صہیونی اقدامات کے نسل پرستانہ اقدامات کے خلاف مختلف علاقائی اور عالمی اداروں بالخصوص ہیگ کی عالمی عدالت یعنی انصاف کی عالمی عدالت میں مقدمات درج کرائے۔ فلسطینیوں کے خلاف صہیونی حکومت کے غیر انسانی رویوں کو معروف امریکی دانشور نام چومسکی نے بڑے بڑے واضح الفاظ میں بیان کیا ہے۔

نام چومسکی کے بقول فلسطین میں اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستی جیسے اقدامات سے کہیں بڑھ کر ظلم ہو رہا ہے۔ صہیونی حکومت فلسطینیوں کی نسل کشی اور مکمل بربادی پر تلی ہوئی ہے۔ ایران میں جہاں فلسطینیوں کی حمایت کے لیے پارلیمنٹ میں بل پاس کیے جا رہے ہیں تو دوسری طرح امریکی حکومت صہیونی حکومت کو مضبوط و مستحکم کرنے اور اسرائیلی موقف کو دنیا سے منوانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کر رہی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج بدھ کے دن اسرائیل کے ایک روزہ دورے پر ہیں۔ اس دورے کے بارے میں امریکی وزارت خارجہ نے بظاہر جو مقاصد بتائے ہیں، ان میں مفتوحہ علاقوں میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ، خطے میں ایران کی سرگرمیاں اور غرب اردن کو صہیونی ریاست میں شامل کرنے کے اسرائیلی اقدامات کا جائزہ ہے۔

لیکن آگاہ ذرائع یہ کہہ رہے ہیں کہ امریکی وزیر خارجہ کے حالیہ دورے کے مقاصد و اہداف امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات ہیں۔ ڈونالڈ ٹرامپ کو اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے امریکی عوام کی تنقید کا سامنا ہے۔ ٹرامپ کو آئندہ صدارتی انتخابات میں کامیابی کے لیے صہیونی لابی کی سخت ضرورت ہے۔ صیہونی لابی کو ساتھ ملانے کے لیے صیہونی تنظیم آئی پیک کی رضامندی ضروری ہے اور آئپیک کو راضی کرنے کے لیے صیہونی ریاست کے ناز نخرے برداشت کرنا ضروری ہے۔ امریکی وزیر خارجہ غاصب صیہونی ریاست کے ناز نخرے خریدنے کے لیے مقبوضہ فلسطین کے دورے پر ہے۔ آج دنیا کے سامنے تمام منظرنامہ واضح ہے کہ ایران صیہونی ریاست کے مقابلے کے لیے ہر عالمی ادارے میں جانے کے لیے تیار ہے۔ امریکہ اسرائیل کیساتھ شانہ بشانہ فلسطینیوں کو نابود کرنے کے درپے ہے۔


خبر کا کوڈ: 862485

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/862485/ایرانی-پارلیمنٹ-کا-بل-اور-پومپیو-دورہ-فلسطین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org