0
Saturday 16 May 2020 11:17

یوم القدس اور عالمی منظرنامہ

یوم القدس اور عالمی منظرنامہ
اداریہ
یوم القدس کا عالمی دن جوں جوں قریب آرہا ہے، فلسطین اور فلسطینیوں کے بارے عالمی توجہ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا میں اس بار جس انداز سے کمپین چل رہی ہے، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس بار فلسطین کے بارے میں آگاہی مہم پہلے سے بھی زیادہ موثر ہوگی۔ اس وقت دنیا کی ایک بڑی آبادی لاک ڈاون کیوجہ سے الکٹرانک اور سوشل میڈیا سے جڑی ہوئی ہے اور ہر عمر کے افراد آج کل چاہے نہ چاہے سوشل میڈیا کے حصار میں ہیں۔ اس صورت حال نے فلسطین کاز کے لیے سرگرم عمل سوشل میڈیا ایکٹیوسٹوں کو یہ موقع فراہم کر دیا ہے کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرکے مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو ہر نسل، ہر رنگ اور ہر ملک کے باشعور شہریوں تک پہنچا سکیں۔

فن و ہنر اور آرٹ کے ماہرین اپنے اپنے انداز میں فلسطین کاز کو اجاگر کرکے صیہونیوں کے مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔ البتہ اس بات سے بھی انکار نہیں اور نہ ہی اسے نظرانداز کیا جا سکتا ہے کہ یوم القدس کے ردعمل میں فلسطین، قدس اور اسلامی استقامت و مقاومت کے خلاف علاقائی اور عالمی ظاقتیں بھی میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں فعال و سرگرم ہو رہی ہیں۔ حال ہی میں سعودی حکومت کے حمایت یافتہ ایم بی سی ٹی وی نے فلسطین کے موضوع پر دو ڈرامہ سیریل ام ہارون اور مخرج سات شروع کی ہیں۔ ان ڈراموں کو شروع کرنے کا بنیادی ہدف یہ ہے کہ اسرائیل کا عالم عرب کے لیے ایک سوفٹ اور نرم چہرہ پیش کیا جائے۔ ان ڈراموں کے خلاف عرب دنیا میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے اور مخرج سات کو تو اعتراضات کی وجہ سے بند کرنا پڑ گیا ہے۔

ایم بی سی آل سعود کا ترجمان سمجھا جاتا ہے اور اس چینل سے اسرائیل کی حمایت اور مزاحمتی بلاک کی مخالفت ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ اسرائیل جو کام ہارڈ وار سے نہیں کرسکا، وہ آل سعود کے ذریعے نرم جنگ کے ذریعے انجام دے رہا ہے۔ ایم بی سی ٹی وی چینل نے ابو مہدی مہندس شہید اور جنرل قاسم سلیمانی شہید جیسے عالم اسلام کے شہداء کے بارے میں بھی نازیبا کلمات کہے ہیں، جنہیں عالم اسلام ہرگز نظرانداز نہیں کرسکے گا۔ یوم القدس کے موقع پر غاصب، ظالم، جابر اور قابض اسرائیل کے لیے ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا قبلہ اول کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے ساتھ کھلی خیانت ہے۔
خبر کا کوڈ : 863066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش