QR CodeQR Code

یوم القدس اور امریکی دھمکیاں

17 May 2020 12:08

یورپ کے اندر بھی فلسطین اور فلسطینیوں کیلئے ہمدردی کا جذبہ پیدا ہو رہا ہے۔ ایسے میں یوم القدس کی کامیاب کمپین امریکہ اور اسرائیل کو مزید سیاسی تنہائی کا شکار کرنے میں موثر واقع ہوسکتی ہے۔


اداریہ
امام خمینیؒ نے یوم القدس کو یوم اسلام قرار دیا ہے اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای بھی یوم القدس کی اہمیت پر بہت زیادہ تاکید کرتے ہیں۔ اس سال کرونا کیوجہ سے ایران میں عوامی ریلیاں تو منعقد نہیں ہونگی، لیکن اس دن کی اہمیت کو زندہ رکھنے کے لیے گاڑیوں، کاروں اور ٹرکوں کے ذریعے جلوس نکالے جائیں گے اور ساونڈ سسٹم کے ذریعے قدس کی آزادی اور اسرائیل کی بربادی کے لیے نعرے لگائے جائیں گے۔ ایران کے علاوہ دوسرے ممالک میں بھی اس سے ملتی جلتی روش اپنائی جائے گی۔ لیکن یہ بات مسلمہ ہے کہ کرونا وائرس کے سخت ترین خطرات کے باوجود القدس ریلیوں کو کسی نہ کسی طریقے سے انجام دیا جائیگا۔ دنیا بھر میں ایک طرف قدس کی آزادی کیلئے مختلف اجتماعات اور کمپین کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں تو دوسری طرف امریکی حکام مظلوم فلسطینیوں کی آوازوں کو دبانے کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔

ہیگ کی عالمی عدالت اس وقت اسرائیل کے خلاف مقدمہ شروع کرنے کے اعلان کیوجہ سے امریکی اور صہیونی میڈیا میں سرفہرست ہے۔ انصاف کی عالمی عدالت میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے بارے میں سامنے آنے والے مقدمہ کے بعد امریکی وزارت خارجہ سرگرم ہوگئی ہے اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ نہ امریکہ نے اور نہ ہی اسرائیل نے کسی بھی پلیٹ فارم پر انصاف کی عالمی عدالت کو سرکاری طور پر تسلیم کیا ہے، لہذا اس کے فیصلے ہمارے لیے بے معنی ہیں اور انہیں فلسطین کے مسائل کو عدالت میں زیر سماعت نہیں لانا چاہیئے۔ فلسطینی تنظیمیں گذشتہ پانچ برسوں سے اس کوشش میں مصروف تھیں کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف انجام پانے والے جنگی جرائم کو انصاف کی عالمی عدالت میں چیلنج کریں۔

بالآخر یہ کوششیں رنگ لائیں اور 20 دسمبر 2019ء کے دن ہیگ کی عالمی عدالت نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ اس موضوع پر تحقیقات انجام دے گی۔ عالمی عدالت (آئی سی جے) نے امریکی و صیہونی مخالفت کے باوجود اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے جنگی جرائم کے بارے تحقیقات کے فیصلے پر قائم ہے اور ان تحقیقات کو آگے بڑھایا جائیگا۔ ایک ایسے عالم میں جب یوم القدس قریب ہے، فلسطین اور فلسطینیوں کی تحریک کو دنیا میں پیش کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، ایسے میں امریکہ اور اسرائیل کو عالمی سیاست میں تنہائی کا احساس ہو رہا ہے۔ انصاف کی عالمی عدالت امریکہ اور اسرائیل کا دباؤ قبول کرنے سے انکار کر رہی ہے۔ دوسری طرف یورپ کے اندر بھی فلسطین اور فلسطینیوں کے لیے ہمدردی کا جذبہ پیدا ہو رہا ہے۔ ایسے میں یوم القدس کی کامیاب کمپین امریکہ اور اسرائیل کو مزید سیاسی تنہائی کا شکار کرنے میں موثر واقع ہوسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 863227

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/863227/یوم-القدس-اور-امریکی-دھمکیاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org