QR CodeQR Code

صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کا کورونا سے انتقال، پیپلز پارٹی رہنماء خوف کا شکار

3 Jun 2020 04:29

اسلام ٹائمز: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صورتحال الارمنگ ہے اور کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، اسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، سب کچھ بند نہیں کیا جاسکتا، لیکن احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے، جب تک ویکسین نہیں آجاتی اس وائرس سے کے ساتھ ہی رہنا ہے۔


رپورٹ: ایس ایم عابدی

سندھ کے وزیر کچی آبادی اور پیپلز پارٹی ملیر کے صدر غلام مرتضیٰ بلوچ منگل کو انتقال کرگئے، وہ کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا تھے، وہ چار اگست 1964ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے گریجویشن کراچی سے کیا، وہ پارٹی کے دیرینہ کارکن اور رہنماء تھے، وہ دو مرتبہ ٹاؤن ناظم گڈاپ رہے، وہ 2013ء میں بھی ایم پی اے رہے۔ 2018ء کے عام انتخابات میں ملیر سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 سے ایم پی اے منتخب ہوئے، وہ وزیر محنت بھی رہے، وہ شادی شدہ تھے اور ان کے چھ بچے ہیں۔ پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے بتایا کہ مرتضیٰ بلوچ ملنسار اور رحم دل انسان تھے، وہ آخر وقت تک کورونا سے لڑتے رہے، ان کا خاندان کئی برسوں سے پی پی سے منسلک ہے۔ غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر پیپلز پارٹی رہنماء بھی پریشان ہیں اور اس بابت صوبائی وزراء بھی خوف کا شکار ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق غلام مرتضیٰ بلوچ کے کورونا سے انتقال کے بعد مولا بخش چانڈیو کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر کنفرم ہوچکی ہے۔

غلام مرتضیٰ بلوچ فرنٹ لائین سپاہی تھا
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کا سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ شہید غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس وباء کے خلاف فرنٹ لائین سپاہی تھا، لاک ڈاؤن کے دوران وہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملیر میں غریب شہریوں کے گھروں میں راشن پہنچانے میں مصروف رہا۔ شہید غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال سے پارٹی ایک نظریاتی و ثابت قدم رہنماء سے محروم ہوگئی۔ آصف زرداری نے کہا کہ پارٹی و ملک کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آصف علی زرداری نے مرحوم غلام مرتضیٰ بلوچ کے لئے جنت الفردوس اور سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ آصف علی زرداری نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

غلام مرتضیٰ بلوچ نے لاک ڈاؤن کے دنوں میں بھی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر شدید صدمہ ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم غلام مرتضیٰ بلوچ کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غلام مرتضیٰ بلوچ نے لاک ڈاؤن کے دنوں میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا، غلام مرتضیٰ بلوچ ہر دور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔

ناصر حسین شاہ کا غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر افسوس کا اظہار
سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات، ہاؤسنگ، ٹاؤن پلاننگ، مذہبی امور، جنگلات و جنگلی حیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے حاجی غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ غلام مرتضیٰ بلوچ کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مرحوم حاجی غلام مرتضیٰ بلوچ نہایت شفیق اور محترم انسان تھے، حاجی غلام مرتضیٰ بلوچ کی پارٹی کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ناصر حسین شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم حاجی غلام مرتضیٰ بلوچ کو اپنی جوار رحمت میں بلند درجات اور پسماندگان کو صبر جمیل و اجر عظیم عطا فرمائے۔

غلام مرتضیٰ بلوچ کا انتقال پارٹی کیلئے بہت بڑا نقصان ہے
پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور نے سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم غلام مرتضیٰ بلوچ کا انتقال پارٹی اور ملیر کی عوام کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، زندگی کی آخری گھڑی تک وہ پارٹی پروگرام کے فروغ اور ملیر کی عوام کی بہبود و ترقی کے لئے سرگرم رہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء پھوٹنے کے بعد بھی وہ دن رات عوام کے خدمت میں مصروف رہے۔ مرحوم غلام مرتضیٰ بلوچ پارٹی قیادت، کارکنان اور عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ فریال تالپور نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو یہ غم برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماء بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، جس میں راشد حسین ربانی اور صوبائی وزیر سعید غنی سرفہرست ہیں۔ اس بارے میں وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صورتحال الارمنگ ہے اور کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، اسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، سب کچھ بند نہیں کیا جاسکتا، لیکن احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے، جب تک ویکسین نہیں آجاتی، اس وائرس سے کے ساتھ ہی رہنا ہے۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ناخوش گوار واقعات پیش آرہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے سول اور جناح اسپتال کے واقعات کا نوٹس لیا ہے، کسی کو حق نہیں ہے کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ اس طرح کا رویہ رکھے۔ خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 86 ہوگئی ہے جبکہ اموات 526 تک جا پہنچی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 866281

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/866281/صوبائی-وزیر-غلام-مرتضی-بلوچ-کا-کورونا-سے-انتقال-پیپلز-پارٹی-رہنماء-خوف-شکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org