0
Saturday 6 Jun 2020 10:42

امام خمینیؒ کی شخصیت ایک زاویہ نگاہ

امام خمینیؒ کی شخصیت ایک زاویہ نگاہ
رپورٹ: جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ، اسلام آباد

(مفتی محمد فاروق علوی اسلامک سنٹر برمنگھم کے سربراہ ہیں۔ جامعۃ المصطفیٰ اسلام آباد کے زیراہتمام امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی سیمینار امام خمینی ؒپیکر عزم و استقلال سے عظیم الشان خطاب کیا) الحمدُ للہ رب العالمین، والصلاة والسلام علی سیدالاولین والآخرین سیدنا و مولانا محمد وآلہ الطّیّبین الطاھرین المطھَّرین، و علی اصحابہِ المنتجبین،امابعد: السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ، محترم حاضرین، سامعین، ناظرین میں شکر گزار ہوں قبلہ مولانا انیس صاحب اور ان کی ٹیم کا کہ انہوں نے عالمِ اسلام کی عظیم شخصیت امام خمینیؒ ؒکی برسی کے موقع پر مجھے کچھ کہنے کا موقع عنایت فرمایا۔ امام خمینی ؒکی شخصیت اعلم فقیہ، واصل عارف اور بابصیرت راہبر جیسی صفات کی حامل ہے، ایران کی سرزمین پر دو ہزار پانچ سو سالہ پرانی شہنشاہیت کو شکست دینے کے بعد شرق و غرب کی سپر پاورز کا سامنا کرنے والی شخصیت ہیں۔ امام خمینی فولادی ارادے کے مالک تھے اور بقول آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے اگر دنیا میں کہیں بھی انقلاب اسلامی کا نام لیا جائے تو وہ امام خمینی کے نام کے بغیر شناختہ شدہ نہیں ہے۔ امام خمینی نے انقلاب کی کامیابی کے بعد آٹھ سال تک پوری دنیا کی مسلح افوج کے سامنے اپنے نہتے جانثاروں کے ساتھ ایمان کی طاقت پر ایسی مزاحمت دکھائی کہ آج تک پھر دشمن اس انقلاب کے خلاف کسی کھلی جنگ کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

آیت اللہ سید روح اللہ خمینی الموسوی کی عظیم شخصیت نے جہاں ایران کی عوام کو قدیم زمانے سے چلے آنے والے فاسد بادشاہی سلسلے سے نجات بخشی، وہیں پوری دنیا کیلئے ایسی روشن دیوار ہدایت ثابت ہوئے کہ جس نے گھٹاٹوپ اندھیروں میں روشنی کی شمع روشن کر دی۔ جس دور میں ایران کی سرزمین پر اسلامی انقلاب اپنی کامیابی کو پہنچا، اس دور میں پوری دنیا دو بلاکس میں منقسم تھی، سوشلسٹ رشین بلاک اور کیپٹلسٹ امریکن بلاک۔ دنیا میں کوئی یہ تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ کوئی ایسی تحریک بھی ہوسکتی ہے کہ جو نہ سوشلسٹ بلاک سے وابستہ ہو اور نہ امریکن بلاک سے۔ اس فضا میں انقلاب اسلامی "لاشرقیہ و لا غربیہ" کے شعار کے ساتھ اپنی کامیابی کو پہنچ رہا تھا۔ جس سے ان دونوں بلاکس نے خطرے کا احساس کیا اور اس ننھی سی شمع کو خاموش کرنے کیلئے پوری دنیا کی طاقتیں عراق کے مغرور ڈکٹیٹر صدام حسین کی پشت پر کھڑی ہوگئیں، لیکن ان کو کیا علم تھا کہ"وہ شمع کیا بجھے جسے روشن خدا کرے۔"

انقلاب کی کامیابی کے فوراً بعد ایران پر مسلط کردہ جنگ کے مقابلے کیلئے مختلف نظریات موجود تھے، ایران کے اندر سب سے زیادہ ووٹ لے کر پریزیڈنٹ بننے والے بنی صدر کا خیال تھا کہ زمین کے بدلے وقت لینا چاہیئے اور اسی پالیسی کے تحت ایران کی فوج جو ابھی تک انقلاب کے بعد تبدیل ہونے والی شرائط کے ساتھ اپنے آپ کو ایڈجیسٹ کرنے کا سوچ رہی تھی، وہ صدام کے مقابلے میں کوئی خاطر خواہ جواب نہ دے سکی اور صدامی فوجیں ایران کے سرحدی علاقوں میں داخل ہوگئیں۔ اس موقع پر امام خمینیؒ نے عظیم فتویٰ صادر کیا کہ جو کوئی بھی دفاع کی طاقت رکھتا ہے، وہ محاذ پر جائے اور یوں پوری دنیا کی طاقتوں کے مقابلے میں اب انقلابی فکر سے سرشار عظیم جذبے کے تحت پوری دنیا سے الہیٰ نوجوانوں نے قیام شروع کر دیا۔ امام خمینی ؒکی اس انقلابی فکر نے جہاں ایران کو نجات بخشی، وہیں پوری دنیا میں اسلامی تحریکوں کے لئے نسیم بہار ثابت ہوئی۔ انقلاب اسلامی سے پہلے ایران خطے میں اسرائیل کا رفیق کار تھا اور اب امام خمینی کی قیادت میں انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران نے اعلان کر دیا کہ ہم اسرائیل کو قبول نہیں کرتے۔

امام خمینیؒ نے جہاں دوسرے مقامات پر اپنے آپ کو رائج  ڈپلومیٹک رسوم و رواج سے بالاتر قرار دیتے ہوئے حقیقی انقلابی راہبر کا کردار پیش کیا کہ جس کی مثال سلمان رشدی جیسے ملعون کے قتل کے فتویٰ کی صورت میں دی جا سکتی ہے، وہیں امام خمینی کے انقلابی افکار کا فیض فلسطین کے مظلوم مسلمانوں تک بھی پہنچا اور امام خمینی نے وہ عظیم جملہ بیان فرمایا کہ "اسرائیل باید از صفحہ روزگار محو شود" یعنی اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹ جانا چاہیئے۔ ایران کے اندر موجود سفارتی آداب و تعلقات اور بین الاقوامی روابط کی فکر کے حامل متفکر مزاج راہنماوں کیلئے بھی اگرچہ یہ بات سخت گزری اور ان کی متعدد کوششوں کے باوجود امام خمینی اپنے اس انقلابی موقف سے کبھی پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہ ہوئے اور اس فکر کا پہلا نتیجہ یہ نکلا کہ تہران میں واقع عظیم اسرائیلی سفارت خانہ کو ختم کرکے اس بلڈنگ کو فلسطینی سفارت خانہ میں تبدیل کر دیا گیا۔ پی ایل او کے راہنماء یاسر عرفات امام خمینی کی زیارت کے لئے تہران آئے اور یوں پوری دنیا میں موجود اسلامی تحریکوں کو ایک نیا افق نظر آنا شروع ہوا اور اس نسیم سحر گاہی کے ساتھ پوری دنیا کی اسلامی تحریکوں میں زندگی کی نئی لہر دوڑ گئی۔

افکار امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی بنیاد اس بات پر استوار تھی کہ دین اور سیاست ایک دوسرے سے جدا نہیں ہیں، یہی بات اس سے قبل مفکر پاکستان علامہ اقبال ؒکہہ چکے تھے کہ "جُدا ہو دیں سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی" کئی ہزار سالہ سامراجی اور صیہونی محنت کے نتیجہ میں یہ نظریہ قائم کیا گیا تھا کہ دین کو سیاست سے کوئی واسطہ نہیں ہے، اگر دین سیاست کے کاموں میں مداخلت کرے  گا تو دین نجس ہو جائے گا اور سیاست جیسے گناہ سے آلودہ ہو جائے گا۔ لہذا دینی علما کو اپنی مساجد اور مدارس میں اللہ اللہ کرنا چاہیئے اور سیاسی مسائل میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے۔ اگر دنیا کی ایک جانب سے کارل مارکس دین کو معاشرے کیلئے افیون قرار دے رہا تھا تو دوسرے جانب لین دین کو معاشرے سے ختم کرنے کے نت نئے طریقوں پر غور کر رہا تھا، لیکن عین اسی زمانے میں خمینی کے افکار کا سورج طلوع ہوا اور امام نے ان تمام باطل نظریوں کے مقابلے میں "دین عین سیاست و سیاست عین دیانت" کا نظریہ پیش کر دیا۔

اگرچہ امام کے دین و سیاست کے اتحاد کے نظریہ کو بہت شہرت ملی، لیکن درحقیقت اس کے پیچھے ایک اور نظریہ کار فرما تھا اور وہ یہ تھا کہ گذشتہ ادوار میں علماء اس بات کے قائل تھے کہ سیاسی مسائل میں مداخلت چونکہ امربالمعروف و نہی عن المنکر کے باب سے ہے اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کیلئے بنیادی شرط قدرت یعنی طاقت کا ہونا ہے۔ لہذا جب تک طاقت بمعنای استطاعت موجود نہ ہو، اس وقت تک امر بالمعروف و نہی عن المنکر ساقط ہے۔ لہذا سیاست میں دخل دین اور علمائے دین کی ذمہ داری نہیں ہے، لیکن اس کے مقابلے میں امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کا نظریہ اس سے مختلف تھا، ان کے مطابق اگرچہ طاقت امر بالمعروف کیلئے بنیادی شرط ہے، لیکن اس طاقت و قوت کا حصول بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ علمی زبان میں یعنی طاقت کا حصول مقدمہ وجوب نہیں بلکہ مقدمہ واجب ہے۔ جس طرح وضو نماز کے لیے مقدمہ ہے اور اگر پانی میسر نہ ہو تو اس پانی کی تلاش ضروری ہے، اسی طرح اگر امر بالمعروف کے لیے قوت موجود نہ ہو تو اس قوت کا حصول بھی ضروری ہے، پس قوت کو حاصل کرنے کے لیے دین سیاست سے جدا نہیں رہ سکتا بلکہ اس سے بڑھ کر امام خمینی ؒکی نگاہ میں دین و سیاست دو الگ الگ چیزیں نہیں ہیں بلکہ دین ہی سیاست ہے۔

اس سے مراد یہ ہے کہ دین کو خدا نے دنیا میں اس لئے نہیں بھیجا کہ وہ کتابوں کی صورت میں طاقچوں اور الماریوں کی زینت رہے یا علم کی صورت میں علماء کے سینوں میں محبوس رہے، بلکہ خدا نے دین کو دنیا میں رائج اور نافذ ہونے کیلئے بھیجا ہے، بلکہ قرآن نے واضح طور پر یہ کہا ہے کہ ھوالّذی ارسل رسولہ بالھدی و دین الحق لیظھرہ علی الدین کُلّہ؛ کہ ہم نے اپنے رسول اکرم کو ہدایت اور دین حق دیکر بھیجا ہی اسی لیے ہے کہ وہ دنیا کے ہر دین اور طریقِ زندگی پر دینِ اسلام کو غالب کر دیں، اس غلبہ دین میں دلیل کا غلبہ بھی شامل ہے اور قوت و طاقت کا غلبہ بھی شامل ہے۔ وَ یُریدُ اللہُ اَن یُّحِقَّ الْحَقَّ بِکَلِمَاتِہٖ وَ یَقْطَعَ دَابِرَ الکَافِرِیْنَ۔ اللہ چاہتا ہے کہ حق کا احقاق دلیل (کلمات) کے ذریعہ کر دیا جائے اور منکرین کی جڑ بھی کاٹ دی جائے، تاکہ مکمل طور پر احقاقِ حق (غلبہ حق) اور ابطالِ باطل( مغلوبیتِ باطل)  ہو جائے۔ اگرچہ مجرموں کو یہ بات بُری ہی کیوں نہ لگے؛ لِیُحِقَّ الْحَقَّ وَ یُبْطِلَ الْبَاطِلَ وَلَوْ کَرِہَ الْمُجْرِمُوْن۔ دوسری جگہ قرآن کہتا ہے:یَضْرِبُوْنَ وُجُوْھَھُم وَ اَدْبَارَھُمْ؛ ان کو آگے اور پیچھے سے گھیر کر ضرب لگاؤ اور ان کی قوت توڑ دو۔ وَاَعِدُّوْا لَھُمْ مَااسْتَطَعْتُمْ مِنْ قُوَّة؛ جہاں تک ممکن ہوسکے طاقت و قوت حاصل کرو اور اس حصولِ قوت کا مقصد یہ ہے کہ تُرْھِبُوْنَ بِہٖ عَدُوَّ اللّٰہِ وَ عَدُوَّکُم؛ تاکہ اللہ کے اور تمہارے دشمن خوف زدہ ہو جائیں۔ وَآخَرِیْنَ مِنْ دُوْنِھِمْ لَاتَعْلَمُوْنَھُمْ اَللّٰہُ یَعْلَمُھُمْ۔ کچھ دوسرے دشمن بھی ہیں، جنہیں تم نہیں جانتے، انہیں اللہ جانتا ہے۔ ہمارے نزدیک اس سے مُراد اندر کے دشمن ہیں، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ اس وقت تک دنیا سے تشریف نہیں لے گئے، جب تک آپ نے دینِ حق کو دلیل اور طاقت، دونوں اعتبار سے دنیا میں غالب نہیں کر دیا۔

 امام خمینی کے یہی انقلابی افکار تھے، جنہوں نے پوری دنیا میں ہدایت کے نئے چراغ جلا دیئے، اگرچہ علامہ محمد اقبال ؒجیسے راہروان ہدایت نے "جدا ہو دین سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی" کے شعار کے ساتھ قوم کو جگانے کیلئے مسلسل کوشش کی، لیکن ان کو بھی قوم کی بیداری کیلئے شاید بیدار کرنے والے  کا انتظار تھا، اسی لیے وہ کہتے ہیں"تہران ہو گر عالم مشرق کا جنیوا شاید کرہ ارض کی تقدیر بدل جائے۔" اسی وجہ سے تو وہ "چون چراغ لالہ سوزم در خیابان شما" میں کہتے ہیں کہ "می رسد مردی کہ زنجیر غلامان بشکند دیدہ ام از روزن دیوان زندان شما۔" اور بالاخر یہ مرد (روح اللہ الموسوی امام خمینیؒ کی شکل میں) تہران کے مشرق سے طلوع ہوا اور اس نے اپنے افکار کے ساتھ ایک ہزار چار سو سالوں تک استکبار و استعمار کے بنے ہوئے مکڑی کے جالوں کو توڑ ڈالا اور پوری دنیا کی اقوام کو درس بیداری دے گیا۔ خدا ان کی لحد پہ شبنم افشانی کرے۔ اللہ تعالیٰ ان کی قبر پر اَن گنت رحمتیں نازل فرمائے۔ والسلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
خبر کا کوڈ : 866925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش