0
Friday 17 Jul 2020 13:11

انہیں کس جرم میں قتل کیا گیا؟

انہیں کس جرم میں قتل کیا گیا؟
اداریہ
سعودی عرب نے یمن کے مظلوم عوام پر اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ آئے دن سعودی اتحاد کے حملوں میں یمنی عوام مارے جا رہے ہیں۔ تازہ ترین کارروائی کی داستان بڑی المناک ہے۔ الحوف صوبے کے علاقے المسامعۃ المراریق میں ایک شادی کی تقریب جاری تھی۔ بچے اور خواتین سعودی بربریت سے بے نیاز اپنی خوشیوں میں مشغول تھے کہ سعودی عرب کے ایک جنگی طیارے نے ان بے گناہ عام شہریوں پر بمباری کرکے شادی کی تقریب کو سوگ اور ماتم میں تبدیل کر دیا۔ بظاہر 25 بچوں اور خواتین کے جاں بحق ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ لیکن جہاں 25 افراد جاں بحق ہوتے ہیں، وہاں کم از کم تین گنا شدید زخمی ہوتے ہیں۔ یمن میں ہسپتالوں اور طبی سہولیات کی جو صورت حال ہے، اس میں زخمیوں کے بچنے یا ہوائی حملے کے اثرات سے مکمل صحت یاب ہونے کے امکانات کم ہیں۔

امریکی طیارے جب افغانستان میں شادی کی تقریب یا جنازوں کے اجتماع پر ہوائی حملے کرتے تھے تو ہر مسلمان کے ذہن میں یہ سوال اٹھتا تھا کہ امریکی پائلٹ بے دین، ظالم و جابر، تشدد پسند اور انسانی اقدار سے بے پرواہ ہوتے ہیں اور ان میں سے کچھ نشے کی حالت میں شہریوں پر اس طرح کی ننگی جارحیت کا ارتکاب کرتے ہیں، لیکن آج جب یمن پر ہونے والے حملوں کی نوعیت اور اس میں مارے جانے والے بے گناہ شہریوں کو سعودی طیاروں کے ذریعے خاک و خون میں غلطاں دکھایا جاتا ہے تو احساس ہوتا ہے کہ ان حملوں کا حکم دینے والے اور بے گناہ شہریوں پر بم برسانے والے پائلٹ کون ہیں۔؟ کیا یہ سعودی شہری ہیں؟ عرب ہیں؟، کرائے کے پائلٹ ہیں؟، جو نشے کی حالت میں یا انسانی جانوں کو جانوروں سے بھی بدتر سمجھنے والے انسان ہیں۔؟

مغرب کے بے دین پائلٹوں میں ایسی کئی مثالیں ہیں، جو اس طرح کے حملوں کے بعد نفسیاتی مریض ہو جاتے ہیں۔ سعودی طیاروں پر سوار پائلٹ یقیناً اسرائیلی اور صیہونی ہیں، جو انتہائی بے دردی سے یمن کی شہری آبادیوں پر حملہ آور ہوتے ہیں اور جنازے اور شادی کی تقاریب پر بھی حملے کرنے میں ذرا برابر نہیں چوکتے۔ لیکن ’’ظلم پھر ظلم ہے، بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔‘‘ آل سعود کو بھی اس ظلم کی سزا ضرور ملے گی، کیونکہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب بن سلمان اور اس کے جنگ پسند وحشی مشیر الہٰی عدالت کے کٹہرے میں ہونگے اور یمنی بچوں اور خواتین کی آوازیں آرہی ہونگی، ’’بِأَيِّ ذَنبٍ قُتِلَتْ۔‘‘
خبر کا کوڈ : 875051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش