1
Friday 24 Jul 2020 23:34

پنجاب اسمبلی کی قرارداد میں ترمیم کی جائے

پنجاب اسمبلی کی قرارداد میں ترمیم کی جائے
تحریر: نذر حافی

ہم بہت مقدس لوگ ہیں، لہذا ہماری غلطی کو بھی غلطی کہنا گناہ ہے، ہماری غلطی کا نام اجتہادی غلطی ہے۔ یعنی ہماری غلطی پر بھی ہمیں دو ثواب ملتے ہیں، ورنہ ایک ثواب تو پکا ہے۔ چونکہ ہم مقدس ہیں، اسلئے ہمارے بزرگان بھی مقدس ہیں، اُنہیں اکابرین ملت، بزرگانِ دین اور سلفِ صالحین کا درجہ حاصل ہے۔ اُن کی تاریخ بھی مقدس ہے، کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ اُن کی حیاتِ مقدسہ میں حق ڈھونڈنے کی کوشش کرے۔ جب ہمارے مقدس اسلاف کی بات ہو تو پھرحق و باطل کا کوئی مطلب نہیں، پھر ہمارے صالحین اگر آپس میں بھی ایک دوسرے سے لڑ کر قتل کر دیں یا قتل ہو جائیں تو دونوں صورتوں میں وہ بہشتی ہیں۔ حق کو ڈھونڈ کر ہم نے کیا کرنا ہے اور باطل کو پہچان کر ہمیں کیا ملے گا!؟ یہ حق اور باطل، صحیح اور غلط، سچ اور جھوٹ، مومن اور منافق۔۔۔۔ اس سب میں کیا رکھا ہے۔ بس آنکھیں بند کریں اور اپنے مقدس  اسلاف کی طرح ایک دوسرے سے  لڑتے، جھگڑتے اور مرتے مارتے اس جہان سے گزر جائیں۔ صرف اسی صورت میں ہمارا تقدس قائم رہ سکتا ہے۔

اگر ہم نے نئی نسل کو پوچھنے کا موقع دیا، سوال اٹھانے کی فرصت دی، جانچنے اور سمجھنے کا میدان فراہم کیا، کھرے کو کھوٹے سے الگ کرنے پر شاباش دی تو پھر یہ خود فریبی پر مبنی تقدس اور یہ خود ساختہ مقدس ماب بےنقاب ہو جائیں گے، پھر یہ ہمارے اپنے ہی ہاتھوں سے تراشے ہوئے مقدس شخصیات کے بُت منہ کے بل گر پڑیں گے۔ چنانچہ ہمارے صوبہ پنجاب کی مقدس اسمبلی میں آئے روز مقدس قراردادیں پیش ہو رہی ہیں۔ گذشتہ قراردادوں پر پہلے بات ہوچکی ہے۔ ابھی پاکستان مسلم لیگ نون کی ایم پی اے محترمہ رخسانہ کوثر نے فیشن ایبل یا ڈیزائن دار داڑھی بنوانے پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ قرارداد کے مطابق داڑھی پیغمبر اسلام کی سنت ہے اور اس کے مختلف ڈیزائن بنانا یا بنوانا "سخت گناہ" کے زمرے میں آتا ہے۔ چنانچہ جو لوگ اپنی داڑھی کی "ڈیزائننگ" کرواتے ہیں، وہ سنت کا مذاق اڑاتے ہیں۔ ''لہٰذا پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ داڑھی کی ڈیزائننگ کروانے والوں اور متعلقہ حجاموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔‘‘

راقم الحروف بھی چاہتا ہے کہ وہ اس قرارداد کی حمایت کرکے اس ثوابِ دارین میں شریک ہو جائے۔ البتہ ہمیں اس بات کا سخت دکھ ہے کہ اس مقدس قرارداد کو معقول طریقے سے پیش نہیں کیا گیا، بلکہ اس قرارداد کے ذریعے سُنتِ رسولﷺکا مذاق اڑایا گیا ہے۔ جیسا کہ اس قرارداد میں درج ہے کہ داڑھی پیغمبر اسلام کی سنت ہے۔۔۔ تو اگر یہ داڑھی سنت ہے اور سنت کے ڈیزائن بنوانا اور بنانا ممنوع ہے تو پھر اس سے بڑا جرم تو اس داڑھی پر بلیڈ چلانا اور شیو کرنا ہے۔ اس قرارداد میں جہاں یہ کہا گیا ہے کہ داڑھی پیغمبر اسلام کی سنت ہے، اس کے فوراً بعد  قرارداد میں یہ آنا چاہیئے کہ جو اس سنت پر بلیڈ چلائے اور شیو کرے، نیز اس کی ڈیزائننگ کرے اور کروائے اُسے سزا دی جائے۔ اگر داڑھی منڈوں کو سزا نہیں دی جاتی تو اس کا مطلب یہ ہے کہ جن کی داڑھیاں ہیں اور انہیں ڈیزائننگ نہیں کرانے دی جاتی تو وہ پھر سے شیو کروا لیں۔ اس طرح تو شیو کرانے والوں کی تعداد مزید بڑھ جائے گی اور یوں ملک میں سنتِ رسول کی خلاف ورزی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔

قارئین آپ کو یہ سوچنے کی اجازت نہیں ہے کہ پنجاب اسمبلی  میں آج کل ایسی مقدس قراردادیں کہاں سے نازل ہوتی ہیں!؟ اور نہ ہی آپ کسی کو طالبان خان یا طالبان مائنڈ سیٹ اپ کہنے کا حق رکھتے ہیں۔۔۔ البتہ ہم آپ کی معلومات کیلئے یہ عرض کر دیتے ہیں کہ داڑھی کے بارے میں قانون سازی کا اعزاز دنیا میں آج تک کسی ملک حتیٰ کہ کسی اسلامی ملک کو بھی حاصل نہیں ہوا۔ جہاں تک ہمارے حافظے کا تعلق ہے، اس کے مطابق افغانستان میں جب طالبان کا اقتدار قائم ہوا تھا تو اُنہوں نے اُس عرصے میں داڑھی رکھنے کو لازمی قرار دیا تھا، بعض مقامات پر جن کی داڑھی نہیں ہوتی تھی، وہ چادر یا کمبل وغیرہ سے منہ لپیٹ کر باہر نکلتے تھے۔ سبحان اللہ۔۔۔ کیا کہنے۔۔۔ صرف مقدس لوگوں کی مقدس حکومت میں ہی ایسا ہوسکتا ہے۔

اب وہی سوچ اور وہی فکر ہمارے ملک خصوصاً ہماری پنجاب اسمبلی میں نمایاں ہے۔ بس ضرورت اس امر کی ہے کہ کان کو اُلٹے ہاتھ سے نہ پکڑا جائے، بلکہ سیدھے طریقے سے اس قانون کو نافذ کیا جائے اور پہلے مرحلے میں جتنے بھی کلین شیو اور داڑھی منڈ ہیں، اُنہیں ایک ہفتے کی مہلت دی جائے، جس آدمی کی ایک ہفتے کے بعد داڑھی نظر نہ آئے، اُسے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، لوگوں کو داڑھیاں رکھوانے کے بعد پھر یہ اعلان کیا جائے کہ خبردار اب جو ڈیزائننگ بنوائے گا، اسے سزا دی جائے گی۔ اس طرح ملک میں چُپکے سے اسلام بھی نافذ ہو جائے گا اور کسی کو کانوں کان خبر بھی نہیں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 876341
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش