QR CodeQR Code

ظالم کی حمایت مظلوم سے دشمنی

5 Sep 2020 11:29

عالمی سیاست میں رائج اس انسان دشمنانہ رویئے کو دیکھ کر انسان کا عالمی طاقتوں کے خلاف دست دعا بلند کرنے کو دل کرتا ہے، کاش وہ دن بھی نصیب ہو کہ سامراجی طاقتوں کے خلاف صرف دعا کے ہاتھ اٹھانے کی بجائے عملی اقدام کا عزم بالجزم کرتے ہوئے میدان عمل میں کود پڑیں۔


اداریہ
بوڑھے سامراج برطانیہ کے وزیر دفاع نے یمن کے خلاف حملوں میں سعودی عرب کی حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن، انصاراللہ کے حملوں کے مقابلے میں ریاض کی حمایت کر رہا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع نے نہایت ڈھٹائی سے سعودی اتحاد کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب کو اسلحہ فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھے گا۔ اسی بیان میں انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ ایران سعودی مخالف دھڑے کی حمایت کر رہا ہے۔ برطانیہ کے وزیر دفاع بن ویلیس نے العربیہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد دعوؤں کو ایک بار پھر دہرایا۔

بقول برطانوی وزیر دفاع کے، ایران، یمن میں انصار اللہ اور لبنان میں حزب اللہ کے ذریعے دہشتگردی کی حمایت کرتا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے بارہا اعلان کیا ہے کہ یمن کے خلاف جارح سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت میں انسانی حقوق کی بدترین شکل میں پامالی کی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ اقوام متحدہ نے اپنی تازہ رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت میں کلسٹر بم سمیت ممنوعہ اسلحے استعمال کئے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یمن دنیا میں سب سے بڑے انسانی بحران کا میدان بنا ہوا ہے۔

برطانوی وزیر دفاع کے اس اعتراف کو کیا عنوان دیا جائے، اگر برطانیہ کسی خونخوار جارح کی مدد کرے تو وہ صحیح اقدام ہے اور اگر ایران کسی ایسے مظلوم کی حمایت کرے، جو انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے مطابق انسانی المیے کے دہانے پر ہے تو اسے دہشت گردی کی حمایت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ عالمی سیاست میں رائج اس انسان دشمنانہ رویئے کو دیکھ کر انسان کا عالمی طاقتوں کے خلاف دست دعا بلند کرنے کو دل کرتا ہے، کاش وہ دن بھی نصیب ہو کہ مظلومین و مستضعفین ان سامراجی طاقتوں کے خلاف صرف دعا کے ہاتھ اٹھانے کی بجائے عملی اقدام کا عزم بالجزم کرتے ہوئے میدان عمل میں کود پڑیں۔


خبر کا کوڈ: 884393

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/884393/ظالم-کی-حمایت-مظلوم-سے-دشمنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org