QR CodeQR Code

​​​​​​​ٹرامپ کی بے باکیاں؟

24 Sep 2020 09:11

ٹرامپ نے جس انداز سے شہید قاسم سلیمانی کے قتل پر فخر و انبساط کا اظہار کیا اور شام کے صدر بشار الاسد کو قتل کرنے کے منصوبے کیطرف جس طرح اشارہ کیا ہے، اس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ امریکی صدر اخلاق، سیاسی اور سفارتی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکے ہیں۔


اداریہ
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آن لائن خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ نے ایک بار پھر امریکہ کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کیا ہے۔ امریکہ کے ماضی کے صدور حالات کے تقاضوں اور مصلحتوں کو مدنظر رکھ کر عالمی اداروں میں گفتگو کرتے تھے۔ حالانکہ امریکہ کی ماضی کی پالیسیاں بھی آج کی طرح انسانی حقوق کی پامالی اور امن و صلح کیخلاف ہوتی تھیں۔ اکثر اوقات وہ ریشمی اور نرم و گداز ہاتھوں سے دشمن کا گلہ کاٹتے تھے، لیکن ٹرامپ نے تمام کے راز آشکار کر دیئے۔

یو این او کے جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس میں وائٹ ہاوس کے مکین نے جس طرح کی تقریر کی ہے، اس سے ماضی کی پنجابی فلموں کے ہیرو اور ولن کے ڈائیلاگ یاد آگئے۔ ڈونالڈ ٹرامپ نے جس انداز سے شہید قاسم سلیمانی کے قتل پر فخر و انبساط کا اظہار کیا اور شام کے صدر بشار الاسد کو قتل کرنے کے منصوبے کی طرف جس طرح اشارہ کیا ہے، اس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ امریکی صدر اخلاق، سیاسی اور سفارتی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکے ہیں۔

جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس مختلف ممالک کے سربراہوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور سال بھر کی کشیدگیوں کو ختم کرنے کا ایک روایتی سلسلہ ہے۔ لیکن صدر ٹرامپ نے اس موقع پر چین اور ایران کے بارے میں جو غیر سفارتی زبان استعمال کی، اس سے ان اندیشوں کو مزید تقویت حاصل ہوئی کہ اگر ٹرامپ مزید چار سال کے لیے امریکی اقتدار پر قابض ہو جاتے ہیں تو دنیا کا مستقبل کس طرح کے خطرے سے دوچار رہے گا۔ امریکی صدر کے اس خطاب سے ان کے صدارتی انتخابات پر کیا اثرات مرتب ہونگے، اس کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، لیکن اس خطاب سے انہوں دنیا بھر کی نفرتیں اپنے دامن میں سمیٹ لی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 888009

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/888009/ٹرامپ-کی-بے-باکیاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org