QR CodeQR Code

ایران کا انتباہ

4 Oct 2020 11:37

حقیقت یہ ہے کہ اس جنگ سے اسرائیل فائدہ اٹھا سکتا ہے، وہ استقامی و مزاحمتی بلاک کی توجہ کو منحرف کرنے کا خواہاں ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے آذربائیجان، آرمینیا اور علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کی ہے۔


اداریہ
قرہ باغ کے علاقے میں آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان گذشتہ اتوار سے جو جنگ شروع ہوئی تھی، اس میں اب تک دونوں طرف سے سینکڑوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آذربائیجان کے ساتھ جنگ بندی کے لیے آرمینیا نے مشروط رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ دوسری طرف آرمینیا کی طرف سے مذاکرات کی میز پر آنے کے بعد آذربائیجان کے وزیر خارجہ حکمت حاجیو کا کہنا ہے کہ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، لیکن آرمینیا مقبوضہ علاقے قرہ باغ سے اپنی فوج کو واپس بلا لے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جنگ ختم کرنے کے لیے اب گیند آرمینیا کی کورٹ میں ہے۔

دراین اثناء اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے آذربائیجان، آرمینیا اور علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر آذربائيجان کی ارضی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے غیر فوجی افراد پر حملہ نہ کیے جانے کے بنیادی اصول کی پابندی، جھڑپیں روکے جانے اور سنجیدہ مذاکرات شروع کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان اہداف کے حصول میں مدد کے لیے ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہے۔

قابل ذکر ہے کہ قرہ باغ کے علاقے میں آرمینیا اور آذربائيجان کے درمیان جاری جھڑپ کے دوران کئي راکٹ ایران کے سرحدی علاقوں میں بھی آکر گرے ہیں، تاہم ان سے کسی قسم کا کوئي جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے آرمینیا اور آذربائيجان کی جانب سے ایران کی سرزمین پر کسی بھی قسم کی جارحیت کو ناقابل برداشت بتاتے ہوئے اس سلسلے میں تمام فریقوں کو سخت وارننگ دی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ضروری تدابیر اختیار کریں اور جنگ کی آگ کو پھیلنے سے روکیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس جنگ سے اسرائیل فائدہ اٹھا سکتا ہے، وہ استقامی و مزاحمتی بلاک کی توجہ کو منحرف کرنے کا خواہاں ہے۔


خبر کا کوڈ: 890039

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/890039/ایران-کا-انتباہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org