0
Tuesday 20 Oct 2020 12:09

افغانستان میں بحران در بحران

افغانستان میں بحران در بحران
اداریہ
افغانستان کی اعلیٰ مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے پاکستان اور ہندوستان کے بعد ایران کا دورہ کیا ہے۔ اس دورہ میں انہوں نے صدر ایران، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے روز تہران میں افغانستان کی اعلیٰ مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں امید ظاہر کی کہ افغانستان میں قیام امن کی کوششیں کامیاب ہوں گی اور افغانستان کے عوام جنھوں نے برسوں تک جنگ و خونریزی کا مشاہدہ کیا ہے، اپنی کامیابیوں کی حفاظت کے لئے ایک حقیقی امن تک پہنچ جائیں گے اور اس کا حل بھی افغان گروہوں کے سیاسی مذاکرات میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ ایک جارح ملک کی حیثیت سے افغانستان میں کبھی اس ملک کے عوام کے ساتھ نہیں رہا ہے۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ علاقے اور پوری دنیا میں امریکی پالیسیاں شکست سے دوچار ہوچکی ہیں اور اب واشنگٹن افغانستان میں امن مذاکرات سے اپنے صدارتی انتخابات میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے ایران کے دورے پر آئے ہوئے افغانستان کی اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ امریکی پالیسی کی بنیاد انتشار اور عدم تحفظ پیدا کرنے پر استوار ہے۔

عبداللہ عبداللہ، صدارت سے محروم رہے ہیں، لیکن اس وقت بیرونی دنیا میں اپنے آپ کو ایک اعتدال پسند افغان لیڈر کے طور پر منوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عبد اللہ عبداللہ کو اس بات کا عندیہ ملا ہے کہ افغان حکومت کے موجودہ سیٹ اپ میں تبدیلی ناگزیر ہوگئی ہے اور آئندہ حکومت اسی وقت مستحکم بن سکتی ہے، جب اس میں طالبان گروہ کو موثر نمائندگی مل جائے۔ طالبان کے ہاں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ دونوں منفور ہیں، عبداللہ عبداللہ طالبان کے قریبی دھڑوں میں اپنے آپ کو ایک معتدل رہنماء کے طور پر متعارف کروا رہے ہیں، البتہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ عبداللہ عبداللہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان حالیہ مذاکرات کی کوششوں سے زیادہ پرامید نہیں اور دل سے نہیں چاہتے کہ طالبان گروہ اس سے زیادہ مفادات حاصل کرے۔
خبر کا کوڈ : 893131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش