0
Saturday 31 Oct 2020 01:48

لاہور، مینار پاکستان پر منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس

لاہور، مینار پاکستان پر منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس
ترتیب و تنظیم: ٹی ایچ بلوچ

12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبیؑ کی مناسبت سے گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 37 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔ مینار پاکستان کے سبزہ زار کو ہزاروں کی تعداد میں کرسیوں، بینرز، برقی بتیوں اور پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کارکنوں، خواتین اور نوجوان شریک تھے۔ کانفرنس میں اہلسنت، اہل تشیع مسلمان رہنماوں کے علاوہ پاکستان میں موجود اقلیتی برادریوں کے رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ مہمانوں کے لیے اسٹیج کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ عالمی میلاد کانفرنس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ادارہ تعلیمات اسلامیہ کے سربراہ سید ریاض حسین شاہ، امت واحدہ کے چیئرمین علامہ محمد امین شہیدی، صاحبزادہ سید دیوان احمد مسعود، صدر متحدہ جمعیت اہل حدیث علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، منہاج القرآن انٹرنیشل امریکہ کے رہنماء علامہ رضی نیازی، ہندو رہنماء پنڈت مانگت رام شرما، سکھ رہنماء سردار بھوپال سنگھ چاولہ اور مسیحی رہنماء ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، علماء و مشائخ سمیت مختلف مذہبی، سماجی، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور معزز شخصیات مہمان خصوصی تھیں۔ اسی طرح افغانستان کے شہر بلخ اور بخارا سے حضرت درویش سرکار کیساتھ معزز مہمانوں کے وفد نے بھی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ عالمی میلاد کانفرنس میں صرف لاہور بھر سے ہزاروں شرکاء نے بھرپور شرکت کی، جن میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

1. کانفرنس کا آغاز اور مہمانوں مقررین کے خطاب:
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت قرآن مجید سے ہوا، اس موقع پر نعت خوانی بھی ہوئی، صاحبزادہ تسلیم صابری، مرغوب ہمدانی، اختر حسین قریشی، عبدالروف روفی، افضل نوشاہی، حمزہ نوشاہی، شہزاد برادران، علامہ نور احمد نور اور دیگر ثناء خوانوں نے اپنے مخصوص انداز میں ثناء خوانی کی۔ شاعر انوار المصطفیٰ ہمدمی نے شیخ الاسلام کے لیے لکھا گیا کلام پیش کیا۔ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سینیئر ریسرچ اسکالر عین الحق بغدادی نے شیخ الاسلام اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نئی شائع ہونے والی کتب کا تعارف پیش کیا۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ علامہ محمد امین شہیدی، پیر سید ریاض الحسن شاہ، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری سمیت دیگر مقررین جبکہ ناظمہ منہاج ویمن لیگ سدرہ کرامت، ایم ایس ایم کے صدر چوھدری عرفان یوسف اور منہاج یوتھ لیگ کے صدر مظہر محمود علوی نے بھی خطاب کیا۔

علامہ امین شہیدی نے خطاب میں کہا کہ ہم آنحضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے عہد کریں کہ ہم آپؑ کا راستہ نہیں چھوڑیں گے، آج عالم کفر آپؑ کیخلاف متحد ہے، اس موقع پر جب ہمیں یہ چیلنج درپیش ہے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے ہماری محبت اور عشق دوبالا ہوگیا ہے، جب لبیک لیبک کہتے ہیں تو، ہم مکمل طور اس کلمے یعنی یا محمدؑ یا رسول اللہ پر اکٹھے ہو جاتے ہیں تو کفار مایوس ہو جاتے ہیں،ہماری محبت اور مودت مزید بڑھتی ہے، اس وقت اسلامی اور مغربی تہذیب کے درمیان جنگ ہے، جس کی بنیادی وجہ مغرب کے لوگ سرمایہ دارانہ نعروں سے بیزار ہیں، وہ خدا کی تلاش میں ہیں، اسی لیے فرانس اور امریکہ میں کلیسائیں بند ہو کر مساجد میں اضافہ ہو رہا ہے، آئندہ چار دہائیوں میں سب سے بڑا دین یورپ میں اسلام ہوگا، جس سے مغرب اسلام کو خوفناک بنا کر پیش کر رہے ہیں۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ دمشق سے کابل تک اور لیبیا تک مسلمانوں کا قتل عام ہوا، داعش بنائی گئی، بوکو حرام بنائی گئی، تاکہ یہ باور کروایا جائے کہ اسلام ایک شدت پسندانہ دین ہے، اسی طرح اسلامی مقدسات کو پائمال کیا جا رہا ہے۔ جس کی مثال فرانسیسی صدر کی ہے، یہ ان کا منصوبہ ہے، یہ ہمارے لیے نئی بات نہیں، ہمیں اس ایجنڈے کو سمجھنے اور ہمیں ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے، اسی لیے مسلمان معاشروں میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر لروانا چاہتے ہیں، لیکن ہم اعلان کر رہے کہ ؎
کی محمدؑ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں کیا چیز ہے لوح و قلم تیرے ہیں

ہمارے نبیؑ ہماری جان اور زندگیوں سے برتر ہے، میں ان عزیزوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ اب بھی پاکستان میں تمام فرقے محبت نبیؑ اور آپؑ کی حرمت کے دفاع کیلئے ایک اسٹیج پر اکٹھے ہیں۔

2. علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب:
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات اور پوری انسانیت کے لیے رحمت اللعالمین اور نرم جو ہیں۔ آپ کی ذات کی شکل میں یہ اللہ کی رحمت کا عظیم عکس ہے کہ آپ سب انسانوں کے لیے سر تا پا نرمی اور شفقت ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کا یہ خاص پہلو ہے، جس پر قرآن مجید نے زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے زندگی بھر چھوٹے، بڑے، مرد و خواتین سمیت ہر کسی کے لیے نہایت نرمی کا رویہ اختیار کیا۔ آقا علیہ السلام نے نرمی سے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کیں۔ سیرت طیبہ کی روشنی میں آج ہمیں اپنے رویوں میں نرمی پیدا کرنی ہوگی، بدقسمتی سے دین کی دعوت و تبلیغ کرنے والا طبقہ عموماً سخت گیری کی وجہ سے مشہور ہے، اس وجہ سے لوگ دین کی دعوت کو موثر قبول نہیں کرتے۔ ایک طرف وہ خاکے ہیں، جو توہین آمیز ہیں لیکن ایک وہ خاکہ ہے، جو الوہی ہے اور اللہ تعالیٰ نے اپنے دست قدرت سے آقا علیہ السلام کی سیرت طیبہ کے لیے بنایا، آج اس الوہی خاکہ کو عام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

3. توہین آمیز خاکوں پر فرانس کیخلاف احتجاج
فرانس میں توہین آمیز خاکوں پر کانفرنس کے ہزاروں شرکاء نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے پرامن احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے عالمی میلاد کانفرنس میں اعلان کیا کہ فرانس میں توہین آمیر خاکوں کیخلاف پوری امت مسلمہ کی طرف سے دنیا کے 200 ممالک کے سربراہان اور اقوام متحدہ کو خط لکھا جائے گا۔

4. درود سلام سے اختتام اور فائر ورک
کانفرنس کے اختتام پر درود و سلام پڑھا گیا، اس موقع پر فضا میں غبارے چھوڑے گئے، کبوتر آزاد کیے گئے اور انتہائی خوبصورت انداز میں فائر ورک پیش کیا گیا۔ آخر میں افغانستان سے تشریف لانے والے معزز مہمان حضرت درویش سرکار نے اختتامی دعا کرائی۔ اس موقع پر ملک پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

5. سکیورٹی انتظامات، کرونا ایس او پیز اور احتیاطیں
کرونا وائرس کی وبا کے باوجود منعقد ہونیوالی کانفرنس تحریک منہاج القرآن اور کانفرنس کے منتظمین کی ہدایت کے مطابق تمام شرکاء کو ماسک پہن کر پنڈال میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ کانفرنس کی کوریج کیلئے نیشنل میڈیا اور سوشل میڈیا موجود تھا، کانفرنس کی لائیو کوریج بھی جاری رہی اور ڈرون کیمرے کے ذریعے ریکارڈنگ بھی کی گئی۔ ایم ایس ایم اور یوتھ لیگ کے 500 سے زائد نوجوانوں نے کانفرنس میں سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔
خبر کا کوڈ : 895031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش