QR CodeQR Code

آذربائیجان کے بارے میں ایران کا موقف

5 Nov 2020 11:21

آذربائیجان نے جنگ کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے موقف کی قدردانی کی ہے لیکن اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ جب تک اس مسئلے میں امریکہ سمیت دیگر مغربی طاقتیں شریک رہیں گی، مسئلہ خطے کے مفاد میں حل نہیں ہوگا۔


اداریہ
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے سترہ ربیع الاول کے خطاب میں جہاں اسلامی وحدت، امریکی زوال، فرانس کے صدر کے متعصبانہ بیان اور فلسطین کے حوالے سے حکیمانہ خطاب فرمایا ہے، وہاں انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا جنگ کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کو کھل کر بیان فرمایا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے پہلے ایران پر مختلف طرح کے الزامات عائد کیے جا رہے تھے اور یہاں تک پراپیگنڈہ کیا جاتا تھا کہ ایران ایک مسلمان ملک آذربائیجان کے خلاف ایک غیر مسلم ملک آرمینیا کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس جنگ کے حوالے سے ایران کا موقف بیان کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ جتنی جلدی ممکن ہو ختم ہو جانی چاہیئے، لیکن آذربائیجان کے تمام مقبوضہ علاقے آذربائیجان کو واپس ملنے چاہیئں اور آرمینیا کو ان علاقوں کو ترک کر دینا چاہیئے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کی سرحدوں پر جاری جنگ اور اس کے اثرات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد اس علاقے میں داخل ہوچکے ہیں، وہ ایرانی سرحدوں کے قریب نہ آئیں اور اگر وہ ایرانی سرحدوں کے قریب آئے تو ان سے قاطعانہ سلوک کیا جائیگا۔ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ اور اختلاف ایک پرانا زخم ہے اور اس زخم کا علاج ہونا چاہیئے۔

رہبر انقلاب اسلامی کے حالیہ بیان اور اس سے پہلے ایران کی وزارت خارجہ نے اس مسئلے کے حل کے لیے متعدد اقدامات انجام دیئے ہیں۔ وزیر خارجہ جواد ظریف اور نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے متعدد دورے اسی کام کی انجام دہی کیلئے انجام دیئے گئے ہیں۔ آذربائیجان کے اعلیٰ سفارتی حلقوں نے اس جنگ کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے موقف کی قدردانی کی ہے، لیکن اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ جب تک اس مسئلے میں امریکہ سمیت دیگر مغربی طاقتیں شریک رہیں گی، مسئلہ خطے کے مفاد میں حل نہیں ہوگا۔ آذربائیجان اور آرمینیا کو علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر اس مسئلے کے پائیدار حل کے لیے کوششیں کرنا ہونگی۔


خبر کا کوڈ: 896001

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/896001/ا-ذربائیجان-کے-بارے-میں-ایران-کا-موقف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org