QR CodeQR Code

گلگت بلتستان انتخابات میں جیتنے والوں کی ذمہ داری

16 Nov 2020 13:40

خطے کے عوام گذشتہ سات عشروں سے اپنے جائز آئینی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن انہیں باتوں اور نعروں پر ٹرخایا گیا ہے۔ عوام نے اس بار اس امید پر ووٹ دیئے ہیں کہ تبدیلی کے نام پر سامنے آنیوالی جماعت انکے آئینی حقوق کیلئے بنیادی کردار ادا کریگی۔


اداریہ
پاکستان کے شمالی علاقہ جات جی بی میں انتخابات کے غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔ توقع کے عین مطابق وفاق کی حکمران جماعت عددی لحاظ سے کامیاب رہی۔ اپوزیشن جماعتیں حسب معمول دھاندلی کا الزام لگا رہی ہیں۔ امریکی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد تو ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ دنیا میں ہر ہارنے والا ٹرامپ کی سنت پر عمل کرکے دھاندلی کا الزام عائد کرے گا۔ گلگت بلتستان انتخابات کی حالیہ الیکشن مہم کا تجزیہ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے علاقے کے مسائل کی بجائے حکمران جماعت کو اپنے تیروں کا نشانہ بنایا، جبکہ عوام اپنے علاقے کے مسائل کے حل اور اپنی مشکلات کو ختم کرنے جیسے منصوبوں اور موضوعات کے منتظر تھے۔ گذشتہ الیکشن میں واضح اکثریت سے جیتنے والی جماعت کو ہر طرف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور شاید اس کی بنیادی وجہ خطے کی آئینی حیثیت کے حوالے سے ان کا کمزور بیانیہ تھا۔

خطے کے عوام گذشتہ سات عشروں سے اپنے جائز آئینی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن انہیں باتوں اور نعروں پر ٹرخایا گیا ہے۔ گلگت اور بلتستان کے عوام نے اس بار اس امید پر ووٹ دیئے ہیں کہ تبدیلی کے نام پر سامنے آنے والی جماعت ان کے آئینی حقوق کے لیے بنیادی کردار ادا کرے گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ امید پوری ہوتی ہے یا نہیں۔ بلا شک و شبہ جی بی کی عوام تیسری جماعت کو آزما رہے ہیں۔ اگر یہ جماعت بھی ان کی توقعات پر پوری نہ اتری تو عوام کی امیدیں کس طرف ہوسکتی ہیں، یہ ایک خطرناک سوال ہے۔ گلگت کے عوام کو مایوسی سے بچانے اور انہیں نئی امید دلانے میں جیتنے والے امیدواروں کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس وقت کامیابی کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ آنے والی ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دی جائے، ورنہ اگلا انتخاب جیتنے والوں کیلئے سوگ اور ماتم کا پیش خیمہ بھی بن سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 898194

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/898194/گلگت-بلتستان-انتخابات-میں-جیتنے-والوں-کی-ذمہ-داری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org