QR CodeQR Code

کاو بوائے کا جانا ٹھہر گیا ہے

19 Nov 2020 14:56

ٹرامپ کے دماغ میں موجود خناس نے انہیں بار بار اس وسوسہ میں مبتلا کر دیا ہے کہ وہ وائٹ ہاوس میں بیٹھ کر دوسرے ممالک بالخصوص ایران کو جتنا بڑا نقصان پہنچائیں گے، امریکی عوام اتنی ان کی تعریف کرینگے۔


اداریہ
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرامپ امریکی تاریخ کے یادگار صدر ہیں۔ کوئی انہیں امریکہ کا سب سے بڑا جھوٹ بولنے والا، کوئی بلف کرنیوالا اور کوئی امریکی تاریخ کا بدترین صدر کہہ رہا ہے۔ دنیا جو کچھ کہتی رہے لیکن وہ بڑی ڈھٹائی سے یہ تاثر دے رہے ہیں کہ وہ اقتدار منتقل کرنے پر راضی نہیں ہیں۔ وائٹ ہاوس انہیں اس قدر بھا گیا ہے کہ اس عمارت کے علاوہ ان کو کسی دوسری رہائشگاہ میں نیند بھی نہیں آئے گی۔ ٹرامپ کی زندگی نے ایک کاو بوائے کی یاد تازہ کر دی ہے۔ انہوں نے وائٹ ہاوس میں رہنے کے لیے ایک نئی سازش کا جال بننے کی کوشش کی ہے، لیکن ان کے مشیروں نے اس سازش میں ان کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ٹرامپ کے دماغ میں موجود خناس نے انہیں بار بار اس وسوسہ میں مبتلا کر دیا ہے کہ وہ وائٹ ہاوس میں بیٹھ کر دوسرے ممالک بالخصوص ایران کو جتنا بڑا نقصان پہنچائیں گے، امریکی عوام اتنی ان کی تعریف کریں گے اور جوبائیڈن بھی دباو میں آکر ان سے وائٹ ہاوس خالی کرانے میں ناکام ہوجائیگا۔ امریکی عوام نے انہیں وائٹ ہاوس سے باہر جانے کا راستہ دکھا دیا ہے، لیکن وہ بعض نئے اقدامات سے امریکی رائے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق ان اقدامات میں سے ایک ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کا منصوبہ تھا۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ٹرامپ نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کے امکان کا جائزہ لیا تھا، لیکن ان کے مشیروں نے اس اقدام سے روک دیا تھا۔

وائٹ ہاوس کے ایک اہلکار نے بھی نیویارک ٹائمز کے اس دعویٰ کی تصدیق کی ہے۔ ٹرامپ کے اس اقدام بلکہ اس خواب کے بارے میں خبر پڑھ کر ٹرامپ کی ذہنی کیفیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ شہید قاسم سلیمانی کا قاتل یہ شخص اپنے اقتدار اور اپنی تباہ شدہ ساکھ کو زندہ کرنے کے لیے دنیا کو ایک نئی جنگ میں جھونکنے کا خواہشمند ہے۔ ٹرامپ کے آخری دنوں میں سوچے گئے یہ تمام اقدامات اس بات کی دلیل ہیں کہ ٹرامپ کو اب محسوس ہو رہا ہے کہ وہ کاو بوائے بن کر ہی اپنا اقتدار بچا سکتا ہے، لیکن وائٹ ہاوس کے در و دیوار سے آواز سنائی دے رہی ہے کہ ٹرامپ تمہارا جانا ٹھہر گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 898796

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/898796/کاو-بوائے-کا-جانا-ٹھہر-گیا-ہے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org