QR CodeQR Code

بحرینی وفد کا دورہ اسرائیل

21 Nov 2020 10:12

اسرائیل عرصے سے اس کوشش میں تھا کہ خطے میں ایران کے مخالف عربوں کا ایک مضبوط اتحاد قائم کرے، اس سے پہلے یہ کام آل سعود کے ذمے تھا لیکن آل سعود اس میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔ اسرائیل نے امریکہ کے تعاون سے براہ راست یہ ذمہ داری انجام دینے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔


اداریہ
بحرین نے جب سے اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، دونوں ممالک کے سفارتی وفود کا تبادلہ شروع ہوگیا ہے۔ اسرائیل نے اس حوالے پہل کی اور امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچین اور اسرائیلی سکیورٹی کے ایڈوائزر نے 18 اکتوبر کو بحرین کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورہ کے جواب میں بحرین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا۔ بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف زمانی کی سربراہی میں جانے والے اس وفد کے بارے میں سیاسی حلقوں میں جو تجزیئے کیے جا رہے ہیں، اس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ بحرین میں بھی متحدہ عرب امارات کی طرح بعض بنیادی تبدیلیاں آئیں گی۔

متحدہ عرب امارات نے جب سے اسرائیل سے اپنے تعلقات استوار کیے ہیں۔ یو اے ای میں کئی بنیادی اسلامی احکامات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ جن میں شراب فروشی پر پابندی کا خاتمہ اور بغیر نکاح کے مرد و عورت کی مشترکہ زندگی کی اجازت وغیرہ ہے۔ بحرینی وفد کے دورہ اسرائیل کے بھی اس سے ملتے جلتے اثرات مرتب ہونگے اور بحرین میں بھی بنیادی اسلامی تعلیمات پر پابندی عائد ہونے کے احکامات بڑھ گئے ہیں۔ اسرائیل عرصے سے اس کوشش میں تھا کہ خطے میں ایران کے مخالف عربوں کا ایک مضبوط اتحاد قائم کرے، اس سے پہلے یہ کام آل سعود کے ذمے تھا، لیکن آل سعود اس میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔

اب اسرائیل نے امریکہ کے تعاون سے براہ راست یہ ذمہ داری انجام دینے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ بحرین میں شاہی حکومت کے خلاف جاری عوامی تحریک بھی آل خلیفہ کے لیے کئی برسوں سے درد سر بنی ہوئی ہے۔ آل خلیفہ کی استبدادی حکومت اسرائیل کے ذریعے اس تحریک کو کچلنے کے جواب میں اسرائیل آل خلیفہ سے جو تعاون چاہے گا، وہ خطے میں فلسطین اور عالم اسلام کے لیے انتہائی خطرے کا باعث بنے گا۔ بحرین کے وفد کا دورہ اسرائیل فلسطین سمیت مزاحمتی بلاک کے لیے ایک خطرے کی گھنٹی ضرور ہے، لیکن امریکہ جو کام سعودی عرب سے نہیں لے سکا، اسرائیل وہ کام بحرین سے لینے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتا۔


خبر کا کوڈ: 899041

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/899041/بحرینی-وفد-کا-دورہ-اسرائیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org