QR CodeQR Code

انتہائی اقدام

23 Nov 2020 20:06

اس بات کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے کہ اسرائیل اور سعودی عرب ٹرامپ سے ایران کیخلاف انتہائی قدم اٹھانے کی خواہش کر رہے ہیں۔ یہ خواہش ایران کے ایٹمی پروگرام کیخلاف بڑا قدم اٹھانا بھی ہوسکتا ہے۔ ٹرامپ نے اپنے دور صدارت میں اس طرح کا کوئی قدم نہیں اٹھایا، لیکن ٹرامپ وائٹ ہاوس سے جاتے جاتے جوبائیڈن کیلئے ایسے کانٹے بونے کی خواہش رکھتا ہے۔


اداریہ
توقع کے عین مطابق صیہونی وزیراعظم نتن یاہو نے سعودی عرب کا خفیہ دورہ کیا ہے۔ اس دورے کے بارے میں تجزیہ کاروں نے پہلے ہی خبر دے دی تھی، لیکن وقت کے انتخاب کے بارے میں کسی نے حتمی رائے نہ دی تھی۔ دوسری جانب صیہونی وزیراعظم کا اسرائیلی انٹیلی جنس کے سربراہ کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی موجودگی میں سعودی عرب کا دورہ غیر متوقع تھا۔ لیکن یہ واقعہ بہر صورت رونما ہوچکا ہے۔ جس پر پوری دنیا کی توجہات سعودی ولی عہد بن سلمان کی آئندہ حرکات و سکنات پر مرکوز ہوگئی ہیں۔ بن سلمان بظاہر عرب دنیا کو اسرائیل کی گود میں ڈالنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔

لیکن ایسے حالات میں جب ٹرامپ اور مائیک پومپیو کے امریکی اقتدار میں گنے چنے دن باقی ہیں، پومپیو نتن یاہو کا دورہ سعودی عرب کئی پیغامات لیے ہوئے ہے۔ جس کے استقامتی بلاک سمیت پورے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ ٹرامپ جاتے جاتے اسرائیل کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کرنا چاہتا ہے، کیونکہ صیہونیوں کی ہمدردیاں خریدنے کے لیے اس طرح کے اقدامات ضروری ہیں۔ ٹرامپ اس الیکشن میں شکست سے دوچار ہوچکا ہے۔ لیکن اگلے انتخابات میں وہ ضرور صدارتی امیدوار بنے گا۔ ٹرامپ ایک تاجر پیشہ فرد ہے۔ وہ 2024-2025ء کے انتخابات کے لیے سرمایہ گزاری کر رہا ہے۔

البتہ اس بات کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے کہ اسرائیل اور سعودی عرب ٹرامپ سے ایران کے خلاف انتہائی قدم اٹھانے کی خواہش کر رہے ہیں۔ یہ خواہش ایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف بڑا قدم اٹھانا بھی ہوسکتا ہے۔ ٹرامپ نے اپنے دور صدارت میں اس طرح کا کوئی قدم نہیں اٹھایا، لیکن ٹرامپ وائٹ ہاوس سے جاتے جاتے جوبائیڈن کے لیے ایسے کانٹے بونے کی خواہش رکھتا ہے، جنہیں آئندہ چار برسوں تک جوبائیڈن کے لیے چننا مشکل ہو۔ خطے کی بدلتی صورت حال نیز افغانستان اور عراق سے امریکی فوجی انخلا کے دوران نیز کمزور اقتصادی صورت حال میں امریکی اسٹیبلشمنٹ اپنے پاوں پر کلہاڑی مارنے کے لیے تیار ہوتی ہے یا نہیں، اس کے لیے انتظار کرنا پڑیگا، البتہ مزاحمتی بلاک اپنی جگہ تیار نظر آتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 899548

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/899548/انتہائی-اقدام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org