0
Wednesday 16 Dec 2020 22:08

انتقام ہر حال میں لیا جائیگا

انتقام ہر حال میں لیا جائیگا
اداریہ
آج رہبر انقلاب اسلامی نے ایسے عالم میں ایک اہم میٹنگ سے خطاب کیا ہے کہ دشمن آپکی بیماری کی خبروں سے ڈس انفارمیشن پھیلا رہا تھا۔ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ایک بار پھر شہید قاسم سلیمانی کے قاتلوں سے انتقام لینے اور انتقام سخت کے بارے اہم نکات کی طرف اشارہ کیا ہے۔ رہبر انقلاب کا انتقام سخت کے بیانئے کو ایک بار پھر شد و مد سے بیان کرنا، امریکی قیادت میں آنے والی تبدیلی کے تناظر میں ایران کی طرف سے ایک اہم پیغام ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے لیے قائم کمیٹی کے ارکان اور شہید قدس کے اہل خانہ سے ملاقات میں شہید قاسم سلیمان کو ایرانی عوام اور امت مسلمہ کا عظیم ہیرو قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ وہ عوامی شخصیت کے مالک تھے، لہذا ان کی یاد بھی عوامی سطح پر منائی جانا چاہیئے اور اس کے لئے پوری توانائیوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
 
آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کو ایک تاریخی سانحہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ وہ اپنی شہادت کے بعد ایرانی قوم اور امت مسلمہ کے ہیرو بن چکے ہیں۔ آپ نے شجاعت و استقامت، ذہانت و درایت اور ایثار و انسان دوستی کو شہید قاسم سلیمانی کی اہم خصوصیات قرار دیا اور فرمایا کہ وہ روحانیت، اخلاص اور آخرت پر یقین رکھنے والے انسان تھے اور انہوں نے کبھی بھی ریا کاری کا مظاہرہ نہیں کیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ شہید قاسم سلیمانی نے اپنی زندگی میں بھی عالمی سامراج کو شکست دی اور شہادت کے بعد بھی اسے شکست سے دوچار کیا۔ آپ نے فرمایا کہ عراق اور ایران میں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المنہدس کے بے مثال اور ناقابل فراموش جلوس جنازہ اور ان دنوں شہداء کی یاد میں ہونے والے اجتماعات نے سامراجی محاذ کے نرم جنگ کرنے والے جرنیلوں کو حیران کر دیا اور امریکیوں کے منہ پر پہلا زور دار طمانچہ رسید کیا۔
 
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا سخت انتقام سے مراد عالمی سامراج کی ظاہری طاقت پر غلبہ پانا ہے، جس کے لیے انقلابی جوانوں اور مومن دانشوروں کے عزم اور علاقے سے امریکیوں کو نکال باہر کرنے کے لیے قوموں کے عزم و ارادے اور استقامتی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایک بار پھر اغیار پر اعتماد نہ کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ میرا قطعی مشورہ ہے کہ دشمن پر ہرگز اعتماد نہ کیا جائے۔ آپ نے فرمایا کہ آپ دیکھ چکے ہیں کہ ٹرمپ کے امریکہ اور اوباما کے امریکہ میں کوئی فرق نہیں، امریکہ کی ایران دشمنی صرف ٹرمپ سے مخصوص نہیں، جو اس کے چلے جانے سے ختم ہو جائے گی۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قاتلوں اور قتل کا حکم دینے والوں سے ہر حال میں انتقام لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 904164
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش