QR CodeQR Code

تکبر، نخوت اور طاقت کے نشے کے شکار جنون سے توقعات

28 Dec 2020 23:03

انتخابی شکست کے زخموں کو چاٹنے والا ڈونالڈ ٹرامپ اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں کوئی بھی حرکت کر سکتا ہے۔ ٹرامپ کی اس غلطی کا خمیازہ آج اور مستقبل کے امریکہ کو ہر صورت میں بھگتنا پڑیگا۔


اداریہ

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ کا خطاب کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود عالمی اور علاقائی میڈیا میں گونج رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جس سادگی اور صادقانہ انداز سے سید حسن نصراللہ نے موجودہ حالات کا تجزیہ کیا اور اپنے قتل کے بارے میں امریکہ، اسرائیل اور آل سعود پر مشتمل شیطانی مثلث کی سازشوں کیطرف اشارہ کیا ہے، اس پر بہت سے مسائل واضح اور نمایاں ہو گئے ہیں۔ سید حسن نصراللہ نے بعض عرب ممالک کیطرف سے اسرائیل سے تعلقات کی بحالی پر بھی بڑے منطقی انداز سے روشنی ڈالی ہے۔

استقامتی بلاک کے خلاف امریکہ و اسرائیل کی نفسیاتی جنگ کو جس واضح انداز سے بیان کیا ہے، اس نے مقاومت کے بلاک کے کئی الجھے مسائل کو سلجھایا ہے۔ سید حسن نصراللہ نے شہید حاج قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کے قتل کے محرکات اور امریکی اہداف کو جس زاویئے سے بیان کیا ہے، اسکو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی اور صیہونی میڈیا نیز امریکہ اور اسرائیل کے عالمی اور علاقائی حواری حقائق کو چھپانے میں ماہر ہیں اور اسکی ماضی میں بھی لاتعداد مثالیں موجود ہیں۔

حزب اللہ کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ کی شخصیت کا جو پوسٹمارٹم کیا ہے وہ عین حقیقت ہے۔ سید حسن نصراللہ نے بڑی وضاحت کے ساتھ کہا ہے کہ جنون کی حدت، بڑائی، تکبر، نخوت اور انتخابی شکست کے زخموں کو چاٹنے والا ڈونالڈ ٹرامپ اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں کوئی بھی حرکت کر سکتا ہے۔ ٹرامپ کی اس غلطی کا خمیازہ آج اور مستقبل کے امریکہ کو ہر صورت میں بھگتنا پڑیگا۔
 


خبر کا کوڈ: 906741

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/906741/تکبر-نخوت-اور-طاقت-کے-نشے-شکار-جنون-سے-توقعات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org