0
Saturday 2 Jan 2021 20:46

سال 2020ء، کورونا وائرس کی وجہ سے کراچی کیلئے بدترین سال

سال 2020ء، کورونا وائرس کی وجہ سے کراچی کیلئے بدترین سال
رپورٹ: ایم رضا

سال 2020ء کے دوران کوویڈ 19 کے مریضوں کا علاج کرنے والے 154 ڈاکٹرز اور 27 پیرا میڈیکل و نرسنگ کا عملہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ کوویڈ 19 کے علاج کے دوران اس وائرس کا پہلا شکار ڈاکٹر اسامہ ہوئے۔ کراچی میں رواں سال اکتوبر میں کوویڈ 19 وائرس نے دوبارہ شدت اختیار کی اور نومبر سے دسمبر تک اس وائرس کا پھیلاؤ اپنے عروج پر رہا، 2 ماہ میں بیماری کی شدت 10 فیصد تک دیکھنے میں آئی، اسی دوران شرح اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ عوام کی طرف سے حکومت کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنا تھا۔ کراچی کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں مریضوں کا شدید دباؤ رہا جبکہ لیبارٹریوں پر متاثرین اور مشتبہ مریضوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، صوبے میں کوویڈ 19 کے باعث انتقال کر جانے والوں کی مجموعی تعداد 3520 ہوچکی ہے۔

کراچی کے ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر ندیم شیخ کے مطابق کراچی کے مختلف اضلاع میں کورونا کے 143880 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں سے 126173 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ 2880 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کراچی میں ایک طرف کوویڈ 19 نے اپنی تباہ کاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں تو دوسری طرف بدقسمتی سے 29 دسمبر کو برطانیہ سے نئی شکل کا کورونا وائرس کراچی پہنچ گیا ہے، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔ کراچی کے ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نور محمد سومرو نے اعداد و شمار دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ 10 ماہ میں سول اسپتال میں کورونا کے 1736 مریض داخل ہوئے، ان میں سے 424 مریض جاں بحق ہوئے جبکہ 1486 مریض صحت یاب ہوئے کر گھر چلے گئے، نومبر اور دسمبر کے مہینے میں کورونا کے مریضوں کی تعدا د میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس دوران اسپتال کی او پی ڈی میں کوویڈ کے 55200 مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی، ان میں سے مارچ میں 581، اپریل میں 3616، مئی میں 4717 جون میں 6905، جولائی میں 4423، اگست میں 2976، ستمبر میں 5646، اکتوبر میں 7507، نومبر میں 14140 جبکہ دسمبر میں 4689 افراد متاثر ہوئے، سب سے زیادہ مریض نومبر اور دسمبر میں رپورٹ ہوئے۔ سول اسپتال کی جاری رپورٹ کے مطابق اسپتال میں لائے جانے والے کورونا کے 11535 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے بتایا کہ مارچ سے دسمبر کے دوران ملک بھر میں کوویڈ کے مریضوں کے علاج کے دوران 154 ڈاکٹرز اور 27 پیرا میڈیکل و نرسنگ عملہ کوویڈ کی وجہ سے جاں بحق ہوا، کوویڈ سے جاں بحق ہونے والا پہلا ڈاکٹر کا نام اسامہ تھا، جس کا تعلق گلگت سے تھا۔

این آئی سی ایچ میں کورونا سے متاثرہ 16 بچے انتقال کر گئے، پروفیسر جمال
قومی ادارہ برائے امراض اطفال (NICH) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا کے مطابق  بچوں کے اسپتال میں 10 ماہ میں 96 کوویڈ میں مبتلا بچے اسپتال لائے گئے، جن میں سے 77 بچوں میں کوویڈ وائرس کی تصدیق ہوئی، ان بچوں میں 45 بچے صحتیاب ہوئے جبکہ 16 انتقال کرگئے۔

ڈاؤ اسپتال اور انڈس اسپتال میں 1 لاکھ 68350 مریضوں کے ٹیسٹ
ڈاؤ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق 10 ماہ میں ڈاؤ اوجھا کیمپس اسپتال میں کوویڈ کے ایک لاکھ مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 19 فیصد کے نتائج مثبت آئے۔ انڈس اسپتال کراچی کے ترجمان کے مطابق 10 ماہ میں 68350 مریضوں کے کوویڈ ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 16900 ٹیسٹ مثبت آئے۔ علاوہ ازیں آغا خان اسپتال کے ترجمان نے کوویڈ کے مریضوں کے اعداد و شمار بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا یہ ہماری پالیسی میں شامل نہیں۔

جناح اسپتال میں کورونا کے 54 مریض جاں بحق، 37 زیر علاج ہیں، سیمی جمالی
جناح اسپتال کراچی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق جناح اسپتال میں 10 ماہ کے دوران 22871 مریضوں کے کوویڈ 19 کے ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 1405 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا، ان میں سے 54 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ اسپتال میں 37 مریض زیر علاج ہیں، یہ اعداد و شمار 29 دسمبر تک کے ہیں۔

برطانیہ سے نئی شکل والا وائرس کراچی پہنچ گیا
برطانیہ سے نئی شکل والا کورونا وائرس کراچی پہنچ گیا، متاثرہ مریض کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، برطانیہ سے کراچی پہنچنے والے 12 میں سے 6 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ان 6 مسافروں میں سے 3 مسافروں میں نئے وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ سے کراچی پہنچنے والے 12 مسافروں کے کوویڈ کے نمونے حاصل کئے گئے، ان میں سے 6 مسافروں کو کوویڈ (پازیٹیو) کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 6 مسافروں میں سے 3 مسافروں میں کوویڈ وائرس کی نئی شکل کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیر صحت کے مطابق جینوٹاپینگ Genotyping ٹیسٹ کے ذریعے یہ معلوم ہوا ہے کہ ان 3 مریضوں میں 95 فیصد اس نئے وائرس کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ نئے وائرس کی مزید تصدیق کیلئے نمونے مخلتف لیبارٹری بھیجے گئے ہیں۔

لیاری جنرل اسپتال میں کورونا کے 50 مریض مردہ حالت میں لائے گئے تھے، ڈاکٹر آغا زبیر
لیاری جنرل اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آغا زبیر کے مطابق 10 ماہ کے دوران کوویڈ میں مبتلا 709 مریض اسپتال لائے گئے، جن میں سے 389 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ 217 مریض انتقال کرگئے جبکہ اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ 50 مریض مردہ حالت میں لائے گئے تھے اور اب 60  مریض زیرعلاج ہیں۔
خبر کا کوڈ : 907619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش