0
Sunday 3 Jan 2021 20:28

ٹرامپ کے جرم کی معافی نہیں

ٹرامپ کے جرم کی معافی نہیں
اداریہ
3 جنوری 2020ء کو جو سانحہ ہوا، اسے ایک سال مکمل ہوچکا، لیکن اس سانحہ کی بازگشت شہید قاسم سلیمانی کے دوستوں اور دشمنوں دونوں کو عرصے تک سنائی دیتی رہے گی۔ تین جنوری 2020ء کے دہشت گردانہ اقدام پر عالمی اور علاقائی قوانین کی توہین اور سفارتی آداب و پروٹوکول کی روشنی میں بہت کچھ لکھا اور بولا گیا اور غیر جانبدار سیاسی و سفارتی اور تشہیراتی حلقے اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ڈونالڈ ٹرامپ کے براہ راست حکم پر انجام پانے والے اس ظالمانہ، خود سرانہ اور غیر ذمہ دارانہ اقدام کا کسی بھی طور پر دفاع نہیں ہوسکتا۔ تین جنوری 2021ء کے دن اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر اگنس کالا مارڈ نے اپنے ٹوئیٹ میں امریکی صدر کے اس اقدام پر سخت تنقید کی ہے۔

کالا مارڈ نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرامپ کا یہ فیصلہ ضرورت اور تناسب کے معیارات سے عاری تھا۔ اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر کا یہ اعتراف کہ صدر ٹرامپ نے شہید قاسم سلیمانی کو نشانہ بنانے کا جو بہانہ بنایا تھا، وہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اس کی کوئی توجیہہ نہیں کی جا سکتی۔ یوں تو امریکہ اور سامراجی مائنڈ سیٹ رکھنے والی طاقتیں عالمی قوانین دوسروں کے لیے بناتی ہیں، خود ان پر عمل نہیں کرتیں اور دوسری طرف یہ طاقتیں اپنے کسی بھی اقدام کا خود کو جواب دہ نہیں سمجھتیں، نہ ان کو کسی کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکتا ہے، نہ ان کا محاسبہ کیا جا سکتا ہے۔ یہ جنگل کا قانون آج سے نہیں عرصے سے جاری ہے اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا تصور جاہلانہ معاشرے میں عرصے سے جاری ہے۔

لیکن آج حالات بدل رہے ہیں۔ اقوام بیدار ہو رہی ہیں، وہ ظلم پر زیادہ تر خاموش نہیں بیٹھیں۔ امریکہ ہو یا کوئی بھی سامراجی طاقت ہو، اس کی سپرمیسی اور تسلط کا دورِ زوال شروع ہوچکا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرامپ ہو یا کسی اور سامراجی طاقت کا نمائندہ، اسے ان مظالم کا جواب دینا ہوگا۔ یہ خون صرف بہنے اور جمنے کے لیے نہیں ہے، اس خون سے اٹھنے والا طوفان ظالموں کو اپنی لپیٹ میں لینے والا ہے۔ خداوند عالم کی لاٹھی تو بے آواز ہے، لیکن خداوند عالم کے مجاہدین اس خون کا انتقام لیکر رہیں گے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے بھی اس کی تائید کر دی ہے کہ ٹرامپ کا یہ اقدام غیر قانونی تھا اور غیر قانونی اقدام کی سزا بھی ضرور ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 908062
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش