0
Monday 18 Jan 2021 16:40

نیتن یاہو اور بن سلمان، ایک کشتی کے سوار

نیتن یاہو اور بن سلمان، ایک کشتی کے سوار
اداریہ
غاصب صیہونی حکومت کے وزیرا‏عظم نتن یاہو کے خلاف مقبوضہ فلسطین کے اکثر علاقوں خاص طور سے شہر تل ابیب میں مظاہروں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق مظاہرین نے پلوں، اسکوائروں اور چوراہوں پر اکٹھا ہو کر نعرہ بازی کی جبکہ تل ابیب میں دیزینگاف اسکوائر پر زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ شہر نس زیونا میں بھی سڑکوں پر مظاہرین کا ہجوم رہا۔ قابل ذکر ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں گذشتہ کئی مہینوں سے بنیامین نتن یاہو اور ان کی اہلیہ کی مالی بدعنوانی اور کورونا کی روک تھام میں ان کی ناقص و کمزور کارکردگی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ نتن یاہو پہلے صیہونی وزیراعظم ہیں، جنھیں عدالتی مقدمات کا سامنا ہے۔ اخلاقی بے راہ روی اور مالی بدعنوانی صیہونی حکام میں بھرپور طریقے سے رائج ہیں، لیکن اس وقت نیتن یاہو اپنی زندگی کی سخت اور مشکل ترین اننگز کھیل رہے ہیں۔

دوسری جانب سعودی ولی عھد بن سلمان کے خلاف اندرون خانہ سازشیں عروج پر ہیں اور بن نائیف کو نئی امریکی انتظامیہ کی طرف سے سبز جھنڈی دکھا دی گئی ہے۔ بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق بن سلمان اور نیتن یاہو کو ایک جیسی صورت حال کا سامنا ہے۔ ٹرامپ کے اقتدار سے جانے اور ٹرامپ کے داماد کوشنر کے مشرق وسطیٰ کے معاملات سے الگ ہونے کے نتیجے میں دونوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ جوبائیڈن کی ٹیم دونوں مہروں کا متبادل لانا چاہتی ہے، اسی خوف کے تحت بن سلمان فرانس کے صدر میکرون سے سفارشیں کرارہا ہے، جبکہ نیتن یاہو امریکہ میں موجود صیہونی لابی کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ نتیجہ کیا برآمد ہوگا، اس پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، لیکن بن سلمان اور نیتن یاہو دونوں جس بحران میں مبتلا ہیں، اس کے حل کی چابی نئے امریکی صدر جوبائیڈن کی جیب میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 910881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش