0
Sunday 24 Jan 2021 21:54

مقبوضہ کشمیر، لاوے پورہ فرضی انکاؤنٹر کی روداد لواحقین کی زبانی

مقبوضہ کشمیر، لاوے پورہ فرضی انکاؤنٹر کی روداد لواحقین کی زبانی
رپورٹ: جاوید عباس رضوی

گذشتہ ایام مقبوضہ کشمیر کے ضلع سرینگر کے مضافاتی علاقے لاوے پورہ میں ایک فرضی انکاﺅنٹر میں تین بے گناہ نوجوان طلاب کو شہید کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ تینوں نوجوانوں کا تعلق عسکریت پسندوں سے تھا، اگرچہ شہیدوں کے لواحقین نے حکومتی دعوؤں کو مسترد کیا اور کہا کہ تینوں نوجوان بے گناہ تھے اور مختلف کالجوں میں زیر تعلیم تھے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں نوجوانوں کو زیر حراست قتل کیا گیا اور بعد میں انہیں ایک فرضی انکاؤنٹر میں عسکریت پسند بتایا گیا۔ لواحقین نے مطالبہ کیا کہ تینوں مہلوکین کی نعشوں کو اُن کے سپرد کیا جائے۔ لواحقین نے تینوں کو بے قصور قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ طالب علم تھے اور ان میں سے دو نے حال ہی میں گیارہویں جماعت کا امتحان دیا تھا اور اب وہ بارہویں جماعت کی کوچنگ کے لئے سرینگر گئے تھے، جہاں وہ مارے گئے۔

غور طلب ہے کہ ان تینوں نوجوانوں اعجاز احمد گنائی، اطہر مشتاق وانی اور زبیر احمد لون کی لاشوں کو پولیس نے ان کے رہائشی ضلع پلوامہ سے 125 کلومیٹر دور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سونہ مرگ میں دفن کیا ہے۔ ایک کالم نگار نعیمہ مہجور نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ یقین مانیے حالیہ تین ہلاکتوں نے وادی کی روح کو اتنا پامال کیا ہے کہ ہر آنکھ خون کے آنسو بہا رہی ہے۔ ایک ہی آواز ہر طرف سے سنائی دیتی ہے "کوتاہ ظلم، کاژہ بر بریت" یعنی ہم کتنا ظلم اور کتنی بربریت برداشت کریں گے۔ سرینگر کے مضافات لاوے پورہ میں 29 اور 30 دسمبر کی شب کو تین "دہشت گردوں" کو انکاونٹر میں ہلاک کیا گیا،جنہوں نے فوجیوں پر دستی بم پھینکا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔

ان تین نوجوانوں میں ایک اظہر مشتاق 16 برس کا طالب علم تھا۔ آپ خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کشمیر کو اب کس دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے کہ بچوں کو فرضی انکاؤنٹروں میں ہلاک کرکے ان کی لاشوں کی واپسی کے لئے بھیک مانگنی پڑتی ہے۔ اسلام ٹائمز کے نمائندے نے اس فرضی انکاؤنٹر کی مکمل روداد کو لواحقین کی زبانی اس خصوصی رپورٹ کے ذریعے جاننے کی کوشش کی، جو قارئین کرام کی خدمت میں پیش ہے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos
خبر کا کوڈ : 912125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش