0
Monday 1 Feb 2021 16:55

براہ راست مذاکرات نہیں ہونگے

براہ راست مذاکرات نہیں ہونگے
اداریہ
آج ایک بار پھر عالمی نوسر باز اور ان کے علاقائی اور عالمی حواری ایران کو ایک نئے انداز سے گھیرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایران اور پانچ جمع ایک ممالک کے درمیان عالمی ایٹمی معاہدہ ٹرمپ کی بدمعاشیوں اور یورپی ٹرائیکا کی چالاکیوں کی وجہ سے  مسلسل التوا کا شکار ہے، نئے امریکی صدر کے آنے سے ایک بار پھر اس کو موضوع بحث بنا دیا گیا ہے۔ امریکہ اور اس کے پیچھے چھپی صیہونی لابی اس معاہدہ کی ایک ایک شق کو صرف اور صرف ایران کے خلاف استعمال کرنے کے لئے ہاتھ پیر مار رہی ہے۔ نئی امریکی انتظامیہ کسی چور دروازے کی تلاش میں ہے کہ ایران کو ایک نئے موضوع پر مذاکرات کی میز پر لے آئے، اسی تناظر میں اسلامی جمہوریہ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ کسی قسم کے براہ راست مذاکرات نہیں کرے گا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان خطیب زادہ نے پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران تمام پابندیاں منسوخ کرنے کے سلسلے میں امریکی اقدام کا منتظر ہے، کہا کہ امریکہ پر لازم ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور اگر وہ ایسا کرتا ہے تو پھر ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کے دائرے میں گفتگو کا امکان پایا جاتا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایٹمی سمجھوتے کی چھبیسویں اور چھتیسویں شقوں کے مطابق ایران کی جانب سے معاہدے پر عمل درآمد میں کمی لانے کا اقدام اس بین الاقوامی سمجھوتے کے زندہ رہنے کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو پہلے موثر طریقے سے پابندیوں کو ختم اور قرارداد بائیس اکتیس پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا اور اس مرحلے کے بعد مذاکرات کی میز پر واپسی کے بھی اپنے مراحل اور شرائط ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی دھمکیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران دھمکیاں نہیں دیتا، تاہم اگر ضروری ہوا تو بروقت اور مناسب جواب دے گا۔ اسرائیل کی دھمکیاں ہوں یا فرانس اور امریکہ کے دیگر حواریوں کی حالیہ سرگرمیاں ہوں، سب کا مرکز و محور ایران کا پرامن ایٹمی پروگرام ہے۔ سامراجی طاقتیں اس بات کی تاک میں ہیں کہ ایران کو دوبارہ میز پر لاکر اس پر اپنی مرضی کا نیا یا ترمیم شدہ ایٹمی معاہدہ تھوپا جائے۔ اسی لئے تو اسلامی جمہوریہ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ  کسی قسم کے براہ راست مذاکرات نہیں کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 913708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش