QR CodeQR Code

آخر دشمنی کیوں؟

10 Feb 2021 21:20

انقلاب اسلامی سے دشمنی کی اگر کوئی وجہ سمجھ آتی ہے تو وہ اس میں پوشیدہ کوئی ایسا غیر معمولی پوٹینشل ہے، جس نے مشرق و مغرب کی عالمی طاقتوں اور انکے حواریوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے اور وہ اسے اپنے اقتدار کیلئے خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔


اداریہ
ایران کے اسلامی انقلاب کی 42ویں سالگرہ آج ایران کے مختلف شہروں میں منائی گئی۔ کرونا وائرس کی وجہ سے اگرچہ عوامی اجتماعات اور عوامی ریلیاں نہ ہوسکیں، لیکن ایرانی قوم بالخصوص نوجوان نسل نے موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر اہم شاہراہوں پر موٹر سائیکل اور کار ریلیاں نکالیں۔ بیالیس سال بعد عوام کی اپنے انقلاب سے شدید وابستگی یقیناً قابل صد تحسین ہے اور اس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ ایرانی عوام ابھی تک اپنے نظام، انقلاب اور قیادت سے جڑی ہوئی ہے۔ لیکن دوسری طرف یہ نکتہ بھی قابل غور ہے کہ ایران کے خلاف عالمی سازشیں کیوں ختم ہونے پر نہیں آرہی ہیں۔ کیا ایرانی انقلاب امریکہ کے لیے خطرہ ہے، برطانیہ اور دوسرے یورپی ممالک پر قبضہ کرے گا یا وہ تمام عربی، عجمی اور عبری طاقتیں آخر اس ملک کے خلاف دشمنی کو ختم کیوں نہیں کر دیتیں۔

کیا ایران اور ایرانی قیادت کے ایسے توسیع پسندانہ عزائم ہیں، جس کی بدولت وہ ایران دشمنی کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیئے چلے آرہے ہیں۔ اس دشمنی کی اگر کوئی وجہ سمجھ آتی ہے تو وہ صرف یہ ہے کہ اس نظام میں ایسی کوئی خصوصیات ہیں یا اس میں پوشیدہ کوئی ایسا غیر معمولی پوٹینشل ہے، جس نے مشرق و مغرب کی عالمی طاقتوں اور انکے حواریوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے اور وہ اسے اپنے اقتدار کے لیے خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔ کیا یہ ایران کے اسلامی انقلاب کا نظریہ ہے، جس نے عالمی سامراجی طاقتوں کو بے چین و پریشان کر رکھا ہے یا کوئی اور پوشیدہ نکتہ ہے، جس کو سامنے نہیں لایا جاتا۔؟


خبر کا کوڈ: 915499

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/915499/ا-خر-دشمنی-کیوں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org