0
Saturday 13 Feb 2021 00:59

قرآنی معاشرے کی تشکیل میں معلماتِ قرآن کا کردار اور ذمہ داریاں

قرآنی معاشرے کی تشکیل میں معلماتِ قرآن کا کردار اور ذمہ داریاں
رپورٹ: سویرا بتول

حدیث میں آیا ہے کہ جب فتنے تمہارے اوپر شبِ تاریک کی طرح چھا جائیں تو قرآن سے متمسک ہو جاؤ۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ فتنے کس طرح شبِ تاریک کی مانند ہم پر، ہمارے گھروں پر اور ہمارے معاشرے پہ چھا چکے ہیں۔ ادارہ التنزیل کے قیام کا مقصد نئی نسل کو قرآن سے وابستہ کرنا ہے، تاکہ وہ زمانہ کی تاریکیوں، فتنہ پردازیوں اور چیرہ دستیوں سے محفوظ ہوکر نورِ ہدایت، فکر و آگہی اور علم و عمل سے آراستہ ہو کر دینِ مبین اسلام کی سربلندی کے لیے کوشاں ہوں اور اپنی اور اپنے معاشرے کی تاریکیوں کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اِس ضرورت کو سمجھتے ہوۓ ولادت باسعادت جنابِ فاطمہ زہراؑ کی مناسبت سے آن لائن ویبنار کا انعقاد کیا گیا۔ قرآنی معاشرے کی تشکیل میں معلماتِ قرآن کا کردار اور ذمہ داریوں کو زیرِ موضوع لایا گیا، جس میں شرکاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

آنلائن ویبنار کی میزبانی کے فرائض خواہر ہما اقبال نے بخوبی انجام دیئے۔ سینیئر خواہران میں خواہر معصومہ علی، خواہر سحر، خواہر آمنہ، خواہر شائستہ اور خواہر سلمیٰ نے شرکت کی۔ معلماتِ قرآنی میں سے خواہر فاطمہ، خواہر زوہا، خواہر کنزہ، خواہر ام رباب، خواہر رباب ذیشان، خواہر سبیلہ اور خواہر غلام سکینہ نے اپنی شرکت یقینی بنائی۔ ویبنار میں آنلائن کوئز منعقد کیا گیا، جس کے فرائض خواہر سلمیٰ نے احسن طریقے سے انجام دیئے۔ کوئز میں پانچ سوالات معلماتِ قرآن سے اور دس سوالات مفاہیم قرآن کی طالبات سے پوچھے گئے۔ ویبنار کے پانچ خوش نصیب شرکاء کا انتخاب کیا گیا، جنہیں آغا علی عباس کی جانب سے کتاب بطور تحفہ دیئے جانے کا اعلان کیا گیا۔

اِس موقع پہ مہمانِ خصوصی خانم سیدہ معصومہ نقوی (پرنسپل مدرسہ خواتین جامعہ بعثت رجوعہ سادات) کا کہنا تھا کہ ہمیں قرآن بہترین تجوید اور لحن میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ ترجمہ اور مفاہیم قرآن کی طرف بھی توجہ دینی چاہیئے۔ مہمانِ خصوصی سیدہ زہراء نقوی (ایم پی اے) دختر شہید محمد علی نقوی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کا طرز حکومت آج سے تیرہ سو سال قبل قرآن کریم نے وضاحت کے ساتھ بیان کر دیا ہے۔ الحمد للہ، قرآن مجید ہماری رہنمائی کے لیے موجود ہے اور قیامت تک موجود رہے گا۔ خانم زہراء نقوی نے قرآنی معاشرے کی تشکیل میں ادارہ التنزیل کی کاوشوں کو سراہا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ مفاہیم اور تدبر قرآن کے حوالے سے تیرہ سال سے جاری ادارہ التنزیل کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

خصوصی گفتگو ادارے کی جانب سے ڈاکٹر آغا علی عباس نقوی صاحب نے کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ تدبر قرآن وقت کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید واحد ایسی کتاب ہے جو پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کتاب ِہدایت میں انسان کو پیش آنے والے تمام مسائل کو تفصیل سے بیان کر دیا ہے۔ مسلمانوں کی دینی زندگی کا انحصار اس مقدس کتاب سے وابستگی پر ہے اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں، جب تک اسے پڑھا اور سمجھا نہ جائے اور اِس میں تدبر نہ کیا جائے۔ اختتام پر انہوں نے تدبر قرآن کے حوالے سے ادارہ التنزیل کے اگلے سال کے لائحہ عمل سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 915928
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش