QR CodeQR Code

سعودی عرب کے اعلیٰ فوجی کمانڈر کا دورہ عراق

4 Mar 2021 13:20

سعودی عرب نے پندرہ ہزار سے زائد تکفیری دہشتگردوں کو عراق میں ناامنی کے فروغ کیلئے بھیجا ہے اور وہ مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے، گذشتہ عشرے میں پانچ ہزار خودکش بمبار عراق بھیجے گئے، جنہوں نے خود کو بم دھماکوں میں اڑا کر عراق کی بدامنی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔


اداریہ
سعودی عرب کی سنٹرل فوجی کمانڈ کے سربراہ فیاض بن حامد الرویلی عراق کے دورے پر ہیں۔ سعودی عرب کے کسی اعلیٰ سطحی فوجی کمانڈر کا بڑے عرصے کے بعد عراق کا دورہ ہے۔ ان کے اس دورے پر مختلف تبصرے سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے ایک ایسوسی ایٹڈ پریس کی خبر کے تناظر میں ہے۔ اس امریکی نیوز ایجنسی نے خبر لگائی ہے کہ 23 جنوری کو بارودی مواد سے بھرے تین ڈرونز ایک سعودی محل سے ٹکرائے ہیں۔ امریکیوں کا دعویٰ ہے الیمامہ محل پر حملہ آور ڈرونز سعودی عرب کی عراق سرحد کے قریب سے اڑے ہیں اور انہوں نے الیمامہ محل کو نشانہ بنایا ہے۔ بعض امریکی ذرائع نے حکومت عراق کو بھی اس حملے میں ملوث کرنے کی کوشش کی۔

دونوں ممالک کے سرکاری ذرائع نے اس طرح کے حملے اور سعودی سنٹرل فوجی کمانڈر کے سربراہ کے دورہ عراق کے تعلق کا ذکر نہیں کیا، لیکن خطے کے بعض سکیورٹی ذرائع اس کو نمایاں کر رہے ہیں۔ عراق اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات گذشتہ چند سالوں سے بحال ہیں اور عراق کے وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا ہے، اس طرح سعودی عرب کے اعلیٰ حکام بھی عراق کا سرکاری دورہ کرچکے ہیں۔ عراق کے وزیراعظم الکاظمی بھی سعودی عرب سے اچھے تعلقات کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ لیکن اس میں بھی کوئی دوسری رائے نہیں کہ عراق کے اندر ایک وسیع حلقہ سعودی عرب سے خوش نہیں ہے۔

عراق سعودی عرب کو امریکہ کا اتحادی سمجھنے کے ساتھ ساتھ عراق میں ہونے والی مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں اور سیاسی عدم استحکام کا باعث قرار دیتا ہے۔ عراق میں یہ خبریں عام ہیں کہ سعودی عرب نے پندرہ ہزار سے زائد تکفیری دہشت گردوں کو عراق میں ناامنی کے فروغ کے لیے بھیجا ہے اور وہ مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے۔ ایک خبر تو یہ بھی ہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ عشرے میں پانچ ہزار خودکش بمبار عراق بھیجے تھے جنہوں نے خود کو بم دھماکوں میں اڑا کر عراق کی بدامنی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ سعودی عرب کے اعلیٰ فوجی کمانڈر اس دورے میں کیا پالیسی اپناتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 919696

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/919696/سعودی-عرب-کے-اعلی-فوجی-کمانڈر-کا-دورہ-عراق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org