0
Wednesday 10 Mar 2021 21:43

انصار اللہ اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

انصار اللہ اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی
اداریہ

یمن کے مجاہدین کی پے در پے کامیابیوں اور سعودی عرب کے خلاف کامیاب حملوں نے سعودی عرب سمیت اسکے تمام اتحادیوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یمن کے مجاہدین جب بھی کوئی کامیاب حملہ کرتے ہیں تو اس کا الزام ایران پر عائد کر دیا جاتا ہے کہ یمنی مجاہدین کو تمام تر ہتھیار ایران فراہم کررہا ہے، حالانکہ سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں نے یمن کا جس طرح فضائی، زمینی اور سمندری محاصرہ کر رکھا ہے، اس میں غذائی اشیاء اور میڈیسن کا پہنچنا ناممکن ہے، وہاں ڈرونز، بھاری ہتھیار اور میزائیل کیسے پہنچ سکتے ہیں؟۔

یمن کی مجاہد تنظیم انصار اللہ نے ان بے بنیاد الزامات کا شفاف جواب دینے کیلیے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج آئندہ دو دن میں سید حسن بدرالدین کی شہادت کی برسی کے موقع پر دفاعی صلاحیتوں کی رونمائی اور دفاعی شعبے میں اپنے ملک کی قابل ذکر پیشرفت و ترقی کی نمائش کرے گی۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن علی القحوم نے بھی کہا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فوج کی حمایت سے جوابی حملے کیے جاتے رہیں گے۔ علی القحموم نے یمنی فوج کو شکست دینے کے سعودی عرب کے مذموم مقاصد کی ناکامی کیطرف واضح اشارہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یمنی قوم بہادر قوم ہے، جو ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بہرحال یمنی فوج نے اپنے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کی نمائش کرنے کا فیصلہ ایسے عالم میں کیا ہے کہ سعودی عرب کو امریکہ، برطانیہ، فرانس اور اسرائیل جیسے ممالک کی حمایت حاصل ہے اور یہ تمام ممالک سعودی عرب کو ہتھیار فراہم کر رہے ہیں، لیکن محاصرے میں گھرے مجاہدین مقامی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ہتھیار بھی بنا رہے ہیں اور دشمن کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ یمنی مجاہدین اسلحہ سے نہیں عزم و ارادے کی طاقت سے یہ جنگ لڑ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 920755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش