0
Wednesday 31 Mar 2021 17:55

مشرقی خطے میں اسٹریٹیجک تعاون کا فروغ

مشرقی خطے میں اسٹریٹیجک تعاون کا فروغ
اداریہ
امریکہ اور اس کے کئی حکام آج بھی اپنے آپ کو ایک اسے دور میں محسوس کر رہے ہیں، جیسے دنیا پر ان کا یک قطبی نظام قائم ہے اور وہ جو کچھ کرتے پھریں، انہیں کوئی روکنے اور ٹوکنے والا نہیں۔ چین اور ایران نے 25 سالہ اسٹریٹیجک معاہدے پر کیا دستخط کئے ہیں، وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن سے بھانت بھانت کی بولیاں بولی جا رہی ہیں۔ جو بائیڈن کی ایک سالہ تشویش کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین ان قوانین کو کمزور اور درہم برہم کرنا چاہتا ہے، جو دوسری عالمی جنگ کے بعد واشنگٹن اور اس کے اتحادیوں نے بنائے تھے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے چین پر امریکی سربراہی میں قائم عالمی نظام کو کمزور اور تباہ کرنے نیز دوسری عالمی جنگ کے بعد بنائے جانے والے قوانین کی خلاف ورزی کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔

انٹونی بلینکن نے اعلان کیا کہ دوسرے اتحادیوں کی مانند چین کے ساتھ بھی بعض امور میں ہمارے تعلقات حریفوں جیسے بعض مسائل میں دشمنوں جیسے ہیں، جبکہ بعض امور میں باہمی تعاون پر استوار ہیں۔ امریکہ کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ واشنگٹن اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ اقتصادی مفادات کو آگے بڑھانے اور چین کے بعض جارحانہ اور غلط اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے تعاون کا خواہاں ہے۔ امریکہ، روس اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کے مضبوط ہونے، ایران چین پچیس سالہ تعاون کے سمجھوتے پر دستخط اور یورپی یونین کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے جامع سمجھوتے کے انعقاد پر تشویش میں مبتلاء ہوگیا ہے۔

اسی تناظر میں ایران کے وزیر خارجہ نے چند روز قبل ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں بین الاقوامی نظام میں مغرب کے تسلط اور یک قطبی نظام کا دور ختم ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بین الاقومی روابط میں جاری توازن میں علاقائی ممالک اور ایشیاء کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ بہرحال دنیا صرف مغرب تک محدود نہیں جبکہ مغرب بھی صرف قانون شکن امریکہ اور اس کے عہد شکن تین اتحادی ممالک تک محدود نہیں ہے، مستقبل مشرق کا ہے۔ امریکی صدر اور اس کی ٹیم کی پریشانی بالکل ٹھیک ہے، کیونکہ دنیا کے مشرقی خطے میں اسٹریٹیجک تعاون کا فروغ امریکی بالادستی کے خاتمے کا عمل تیز کر دے گا اور یہ امریکہ کے لئے ہرگز قابل قبول نہیں۔
خبر کا کوڈ : 924514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش