QR CodeQR Code

میں ریحان ولایتی ہوں

7 Apr 2021 22:06

اسلام ٹائمز: کیا میرا جرم یہ ہے کہ میں مظلوم کا حامی اور ستم گر کا دشمن ہوں؟ کیا میرے گھر کی بوسیدہ دیواروں پہ چسپاں سبز ہلالی جھنڈیاں میری حب الوطنی کا ثبوت نہیں؟ آخر مجھے میرا جرم کیوں نہیں بتایا جاتا؟ میں وہ ستم رسیدہ ہوں، جو زنداں کی اس تاریکی میں اپنے ناکردہ جرائم کی وجہ تلاش کر رہا ہوں۔ ہاں میں ریحان ولایتی ہوں، اس ملک کا باسی جسکا اوڑھنا بچھونا پاکستان ہے۔
محض حادثات نہیں، منظم سازش ہے
کہ انصاف گمشدہ و انسان لا پتہ ہے


تحریر: سویرا بتول

میں ریحان ولایتی ہوں۔ ریحان میرا قلمی نام ہے اور حلقہ احباب میں مجھے اسی نام سے جانا جاتا ہے۔ میں ساہیوال ضلع سرگودھا کا رہائشی ہوں۔ اسلامی ثقافت کے موضوع پر آپ نے مجھے گفتگو کرتے دیکھا ہوگا۔ میں اپنے گھر کا واحد سہارا ہوں اور میرے گھر کی بوسیدہ دیواریں میری معاشی حالت کو بخوبی ظاہر کرتی ہیں۔ اِن ٹوٹی دیواروں پر چسپاں سبز ہلالی جھنڈیاں میری حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ میں درویش صفت بندہ ہوں، جسے آپ نے اکثر کسی کتاب کا مطالعہ کرتے یا کنونشن کے کسی پروگرام کے انتظامات کرتے ہوا دیکھا ہوگا۔ میں کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ حسینؑ ابنِ علی جب دشتِ کربلا میں یزید سے پنجہ آزما تھے، علیؑ کا شیر دل بیٹا، محبوبِ خدا کا نواسہ جب خلیفہ وقت کے سامنے چٹان بن کر ڈٹا ہوا تھا تو میں اُس وقت کہاں تھا۔؟

ایسے ان گنت سوال ہیں، جو میں خود سے پوچھتا ہوں۔ میری کتابیں میرا کل اثاثہ ہیں اور میرا قلم میری طاقت۔ میں اپنے قلم کے ذریعے یزیدِ وقت کے چہرے پر سے نقاب اتارتا ہوں اور کچھ مکروہ چہروں کی سفاکیت ظاہر کرتا ہوں۔ اب جبکہ میں اس کال کوٹھری میں پڑا ہوں، جہاں ہوا کا گزر ہے اور نہ روشنی کا۔ ٹارچر کی بناء پر جہاں شدید ہیجانی کیفیت کا شکار ہوں، گھٹن بڑھ رہی ہے اور ذہن مائوف ہو رہا ہے۔ اِس سے پہلے کہ کئی روز سے جاگی میری سُرخ آنکھیں بند ہوں، میں اپنی دھرتی سے پوچھتا ہوں کہ آخر میرا قصور کیا ہے۔؟ میں جو پہلے ہی اپنوں کا درد سینے میں لیے ہوئے ہوں۔

Mercenaries یعنی کرائے کے قاتلوں کی فوج جو آئے روز میرے عزیز احباب کو نشانہ بناتی ہے اور بیلنس پالیسی کے نام پہ میرے عزیز جو سالوں سے گمشدہ ہیں، اس ریاستِ مدینہ کے بنانے والوں سے سوال کر رہے ہیں کہ ہمارے پیارے کہاں ہیں؟ کیا میرا جرم یہ ہے کہ میں مظلوم کا حامی اور ستم گر کا دشمن ہوں؟ کیا میرے گھر کی بوسیدہ دیواروں پہ چسپاں سبز ہلالی جھنڈیاں میری حب الوطنی کا ثبوت نہیں؟ آخر مجھے میرا جرم کیوں نہیں بتایا جاتا؟ میں وہ ستم رسیدہ ہوں، جو زنداں کی اس تاریکی میں اپنے ناکردہ جرائم کی وجہ تلاش کر رہا ہوں۔ ہاں میں ریحان ولایتی ہوں، اس ملک کا باسی جس کا اوڑھنا بچھونا پاکستان ہے۔
محض حادثات نہیں، منظم سازش ہے
کہ انصاف گمشدہ و انسان لا پتہ ہے


خبر کا کوڈ: 925903

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/925903/میں-ریحان-ولایتی-ہوں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org