QR CodeQR Code

ریاض کی صنعا کو نئی تجویز

11 Apr 2021 00:35

سعودی عرب کو اب یہ اندازہ ہوگیا ہے کہ صوبہ مآرب اسکے ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے اور اسی بات کے پیش نظر ریاض نے اس صوبے کے مرکز کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کیلئے صنعا کو ایک نئی پیشکش کی ہے، جسکا بنیادی مقصد یمنی فورسز کے ہاتھوں اس صوبے کی مکمل آزادی کے آگے بند باندھنا ہے۔


اداریہ
یمن کے اسٹریٹیجک اور تیل سے مالا مال صوبے مآرب کو آزاد کرانے کی کارروائی دو ماہ قبل شروع ہوئی ہے، یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان اب مآرب شہر کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں۔ صوبے مآرب کے مختلف محاذوں پر طاقت کا عملی توازن یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حق میں بنا ہوا ہے، یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ہاتھوں یمن کے اسٹریٹیجک اور تیل سے مالا مال صوبے مآرب کی آزادی کا کسی بھی وقت اعلان ہوسکتا ہے۔ متوقع یقینی شکست کو دیکھ کر یمن کے امور میں امریکہ اور اقوام متحدہ کے نمائندے نے صوبہ مآرب میں جنگ بندی سے متعلق اسٹاک ہوم سمجھوتے کی مانند ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔ ریاض کا مجوزہ منصوبہ جسے سویڈن کے ایلچی یمن لے کر گئے ہیں، اسٹاک ہوم کے سمجھوتے پر مبنی ہے، جو اس سے قبل الحدیدہ کے لئے پیش کیا جاچکا ہے۔ اس منصوبے میں انسانی اور معاشی مسائل کے حوالے سے کچھ سہولیات دینے کی بات کی گئی ہے۔

الحدیدہ میں جنگ بندی سے متعلق سمجھوتہ اڑھائی برس قبل سویڈن کی میزبانی میں  ہوا تھا۔ اس معاہدے پر عمل درآمد کے اعلان کے باوجود سعودی اتحاد کی جانب سے اس معاہدے کی ایک دن بھی پاسداری نہیں کی گئی۔ سعودی عرب کو اب یہ اندازہ ہوگیا ہے کہ صوبہ مآرب اس کے ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے اور اسی بات کے پیش نظر ریاض نے اس صوبے کے مرکز کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کے لئے صنعا کو ایک نئی پیشکش کی ہے، جس کا بنیادی مقصد یمنی فورسز کے ہاتھوں اس صوبے کی مکمل آزادی کے آگے بند باندھنا ہے۔ جنگ بندی سے متعلق سویڈن طرز پر حالیہ منصوبہ یمنی مجاہدین کی کامیابی کے راستے کو روک کر ایک اور سازش کا جال بننا ہے، لیکن یمنی مجاہدین ان سازشوں کو یقیناً بھانپ چکے ہیں اور وہ سعودی جال اور چال کا شکار نہیں ہونگے۔


خبر کا کوڈ: 926495

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/926495/ریاض-کی-صنعا-کو-نئی-تجویز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org