1
Wednesday 14 Apr 2021 00:38

لاڈلے محب وطن

لاڈلے محب وطن
تحریر: شاہد عباس ہادی

اسلام وطن سے محبت کا درس دیتا ہے۔ وطن کی محبت ایمان میں سے ہے۔ محب وطن آزادی پسند، انصاف پسند اور امن پسند ہوتا ہے، محب وطن نفرتوں کا کاروبار نہیں کرتا بلکہ محبتوں کو رواج دیتا ہے، محب وطن شہری ریاست کے ایک گملے کو بھی نقصان نہیں پہنچاتا اور نہ ہی وہ شہری یا ہم وطن کے ساتھ ظلم و زیادتی یا ناانصافی کا مرتکب ہوتا ہے۔ پاکستان کا ہر شہری اس امر سے واقف ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال کس قدر تشویشناک منظر پیش کر رہی ہے، پاک وطن کا جسم زخم زخم ہونے کے ساتھ زہر آلود بھی ہو رہا ہے، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ہر شاخ پر الو بیٹھا ہے، انجام گلستاں کیا ہوگا۔؟

سیاسی پارٹیاں اقتدار کی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں، پارٹی کے رہنماء اپنے کارکنوں کے جذبات کو خرید کر سیاسی دکان چمکاتے نظر آتے ہیں، تاکہ وطن کی جڑوں کو مزید کھوکھلا کیا جاسکے، مذہبی پارٹیاں مذہب کارڈ کھیلتی ہیں، اسلام اور الله اكبر کا نعرہ بلند کرنے والے نام نہاد مسلمان اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مارتے ہیں اور وطن کی عظمت کو داغدار کرتے ہیں۔ 

تحریک لبیک پاکستان ہو یا تحریک طالبان پاکستان، دونوں نے پاکستان کے سینے میں خنجر گھونپا ہے، دونوں میں قدر مشترک ان کا تشدد پسند رویہ، تعصب اور جاہلانہ تقلید ہے، کہیں نعرہ تکبیر سے گلے کاٹے جاتے ہیں تو کہیں لبیک کے نعروں سے بے گناہ اور معصوم افراد پر تشدد کرکے شہری املاک کو نذر آتش کیا جاتا ہے، گاڑیاں جلائی جاتی ہیں، ایمبولینس میں مریض تڑپ تڑپ کر مر جاتے ہیں مگر ان کا وحشیانہ رویہ تبدیل نہیں ہوتا، پولیس کے گبھرائے ہوئے اہلکار ان کو درندوں اور خونخوار جانوروں سے تشبیہ دیتے ہیں، ان کو پاکستان کا دشمن کہتے نظر آتے ہیں۔

یہ لاڈلے محب وطن عاشق رسول کہلاتے ہیں، جن کو ختمی مرتبت صلی الله عليہ وآله وسلم کے پیغام سے کوئی لگاؤ نہیں، انسانیت کے درد کا احساس نہیں مگر شاید حکومتی عہدہ داروں کے نزدیک یہی محب وطن ہونگے؟ جبکہ 12 دنوں سے شہری حقوق کی طلبگار شیعہ قوم غدار ہوگی؟ 12 دنوں سے اس قوم نے شہری املاک کو نقصان نہیں پہنچایا، کوئی گملہ نہیں توڑا، کوئی پتہ نہیں ٹوٹا، کوئی ٹریفک جام نہیں ہوئی، کوئی ایمبولینس نہیں رکی مگر پھر بھی یہ قوم محب وطن نہیں؟ 12 دنوں سے یہ قوم سڑکوں پر ریاستی اداروں سے حقوق طلب کر رہی ہے، انکے عزیز و اقارب لاپتہ ہوئے ہیں۔

جبراً انہیں اغوا کیا گیا ہے، یہ قوم کہتی ہے ہمارے پیاروں کو عدالتوں میں پیش کرو، اگر انہوں نے جرم کیا ہے تو قانونی طریقے سے سزا دو۔۔۔؟ ہاں! انہوں نے غیر قانونی اور غیر آئینی بات نہیں کی، انہوں نے تشدد نہیں پھیلایا، انہوں نے شہری املاک کو نقصان نہیں پہنچایا، انہوں نے کسی معصوم اور بے گناہ کی جان نہیں لی، مگر یہ محب وطن نہیں؟ کیونکہ یہ شیعہ ہیں، یہ حسینی ہیں، یہ ظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں، یہ مظلوم کا ساتھ دیتے ہیں، یہ حق کی بات کرتے ہیں، یہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، لہذا یہ محب وطن نہیں۔؟ 
خبر کا کوڈ : 927059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش